1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کن فلمی میلہ: گولڈن پام اعزاز جرمن آسٹرئین فلم کے لئے

رپورٹ: احمد ولی اچکزئی، ادارت: مقبول ملک25 مئی 2009

جنوبی فرانس میں Cannes کے سالانہ فلمی ميلے کا شمار دنیا کے اہم ترین فلمی میلوں میں ہوتا ہے۔ امسالہ کن فلمی میلہ اس مہینے کی 13 تاريخ کو شروع ہوا تھا جو بارہ روزتک جاری رہنے کے بعد اتوار کی شام اپنے اختتام کو پہنچا۔

https://p.dw.com/p/HwVX
بہترین اداکار قرار پانے والےکرسٹوف والٹستصویر: AP

اس میلے کے آخری روز جيوری کی طرف سے انعامات کا اعلان کیا گیا اور گولڈن پام کہلانے والا اعلیٰ ترين اعزاز میشاعیل ہانیکے کی فلم Das weiße Band کے حصے میں آیا۔

یہ بليک اينڈ وائٹ فلم ايک ايسے جرمن گاؤں کے بارے میں ہے جہاں جرائم کا ايک سلسہ شروع ہوجا تا اور شک یہ کیا جاتا ہے کہ اس گاؤں کےچند بچے ان جرائم ميں ملوث ہیں۔ يہ پہلا موقع ہے کہ میشاعیل ہانیکے کی کسی فلم کو گولڈن پام کا انعام ملا ہے۔

اسی میلے میں گراں پری انعام Jacques Audiard کی فلم Un Prophète کو دیا گیا جو عرب نسل کے ايک ایسے نوجوان قيدی کی کہانی ہے جو قيد کے دوران مافيا کی مدد سے ايک بڑا مجرم بن جاتاہے۔

Filmszene des Films Das weiße Band The white ribbon von Michael Haneke
میشاعیل ہانیکے کی گولڈن پام ایوارڈ حاصل کرنے والی فلم کا ایک منظرتصویر: picture-alliance/ dpa

فرانسيسی ڈائريکٹر Alain Resnais کی فلم Wild Grass کو سپيشل کيرئير اعزاز ديا گيا۔ اس فلم ميں ايک شخص Georges کو اپنی کار ميں ايک پرس ملتاہے جس کے بعد وہ اس کی مالکہ کی تلاش شروع کرديتاہے۔

آسٹريا سے تعلق رکھنے والے مشہور اداکار کرسٹوف والٹس کو Quentin Tarantino کی Inglorious Bastards نامی فلم ميں شاندار کردار ادا کرنے پر بہترين اداکار کا انعام دياگيا۔ دوسری عالمی جنگ سے متعلق اس فلم ميں والٹس نے ایک نازی جرمن فوجی کا کردار ادا کياہے۔

Internationales Film Festival Cannes 2009 Goldene Palme für Charlotte Gainsbourg
بہترین اداکارہ کا انعام حاصل کرنے والی فرانسیسی ایکٹریس شارلوٹ گینس بورگتصویر: AP

بہترين اداکارہ کا اعزاز Charlotte Gainsbourg کو Antichrist نامی فلم ميں بہت متاثر کن کارکردگی پر ديا گيا۔ اس فلم کے ہدايت کار ڈنمارک سے تعلق رکھنے والے Lars von Trier ہيں اور اس فلم ميں Gainsbourg نے ايک ايسی خاتون کا کردار ادا کياہے جس کا بيٹا کار کے ایک حادثے ميں ہلاک ہوجاتاہے۔

امسالہ کن بین الاقوامی فلمی میلے میں بہترين ہدايت کار کا انعام Filipino Brillante Mendoza کو ان کی فلم Kinatay کے لئے ديا گيا۔ يہ فلم کريمينالوجی کے ايک نوجوان طالب علم کی کہانی ہے جو کچھ رقم کمانے کے لئے اپنے ايک ساتھی کےساتھ ايک مشن پرکام شروع کرتا ہے ليکن بعد ميں اپنے اس فيصلے پر پشيمان رہتا ہے۔

بہترين سکرين پلے کا اعزاز Mei Feng کو فلم Spring Fever کے لئے ان کے سکرین پلے پر دیا گیا۔ اس فلم میں ایک خاتون اپنے شوہر کے مشکوک جنسی تعلقات کا سراغ لگانے کے لئے ايک جاسوس کی خدمات حاصل کرتی ہے۔

2009 کے کن فلمی میلے کی جیوری کا خصوصی انعام دو فلموں Fish Tank اور Thirst کو مشترکہ طور پر ديا گيا۔ اس کے علاوہ Samson and Delilah کو گولڈن کیمرے کے اعزاز سے نوازا گیا اور بہترين مختصر فلم کا انعام Arena نامی شارٹ فلم کو دیا گیا۔