1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کنکون کانفرنس ٹھوس پیش رفت کے عزم کے ساتھ شروع

30 نومبر 2010

بین الاقوامی ماحولیاتی کانفرنس پیر سے میکسیکو کے شہر کنکون میں شروع ہو گئی ہے۔ اس کے آغاز پر شریک ممالک نے ماحولیاتی مذاکرات میں واضح پیش رفت کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

https://p.dw.com/p/QLSL

اس کانفرنس میں شریک حکومتی نمائندوں نے یہ کہتے ہوئے خبردار بھی کیا ہے کہ زمین کے بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے خطرات حقیقت کا رُوپ دھار رہے ہیں۔

Chefin des UN-Klimasekretariats Christiana Figueres
اقوام متحدہ کی سربراہ برائے ماحولیاتتصویر: picture-alliance/dpa

اس سے قبل بین الاقوامی ماحولیاتی کانفرنس گزشتہ برس دسمبر میں ڈنمارک کے شہر کوپن ہیگن میں ہوئی تھی۔ تاہم اس کانفرنس میں عالمی ماحولیاتی معاہدے کی تشکیل میں کوئی ٹھوس پیش رفت سامنے نہیں آئی تھی۔ اس مرتبہ مذاکرات کاروں نے امید ظاہر کی ہے کہ کنکون کانفرنس میں واضح فیصلے کئے جا سکیں گے، جن سے ماحولیاتی مسائل پر پائے جانے والے عدم اعتماد کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔

اقوام متحدہ کی سربراہ برائے ماحولیات Christina Figueres نے اس کانفرنس کے پہلے روز کہا، ’ماحولیاتی تبدیلیوں کے خلاف عالمی ایکشن کے لئے کنکون ایک نئے دَور کا آغاز ثابت ہو سکتا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ کانفرنس کے نتائج عملی ہوں، لیکن اس کے ساتھ ہی کنکون میں اس بات کی بھی ضرورت ہے کہ کچھ کر دکھانے کا جذبہ زندہ رکھا جائے۔’

میکسیکو کے صدر فیلیپے کالدیرون نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات محسوس ہونا شروع ہو گئے ہیں۔ انہوں نے رواں برس میکسیکو میں آنے والے طوفان، پاکستان کے سیلاب اور روس میں پڑنے والی انتہائی گرمی کا حوالہ دیا۔

پیر کو ہی امدادی ادارے اوکسفیم نے ایک رپورٹ جاری کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ رواں برس انتہائی نوعیت کے ماحولیاتی مسائل کی وجہ سے 21 ہزار ہلاک ہوئے جبکہ گزشتہ برس اس تعداد کے نصف سے بھی کم افراد ہلاک ہوئے تھے۔

کالدیرون نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا، ’ما‌حولیاتی تبدیلیاں ہمارے لئے حقیقت بن چکی ہیں۔ اب اس عمل کا آغاز ہو چکا ہے کہ ہمیں ان خطرناک غلطیوں کی قیمت چکانی ہوگی، جو ہم سے انسان ہونے کے ناطے ماحول کے خلاف سرزد ہوئیں۔’

Vor UN-Klimagipfel in Cancun - Connie Hedegaard
یورپی یونین کی کمشنر برائے ماحولیاتی کونی ہیڈے گارڈتصویر: picture-alliance/dpa

یورپی یونین کی کمشنر برائے ماحولیاتی کونی ہیڈے گارڈ نے میکسیکو روانگی سے قبل برسلز میں کہا، ’عالمی برادری کے لئے یہ ثابت کرنا ضروری ہے کہ کنکون اجلاس میں کوئی پیش رفت ہو سکتی ہے۔ اگر ایسا نہ ہو سکا، تو مجھے ڈر ہے کہ کچھ فریقین اقوام متحدہ کے زیراہتمام چلنے والے اس عمل پر اعتماد کھو دیں گے۔‘

کنکون کانفرنس میں تقریباﹰ 200 ممالک کے مندوبین شریک ہیں۔ تاہم کانفرنس کے مختلف سیشنز میں صرف 25 عالمی رہنماؤں کی شرکت ہی متوقع ہے۔

رپورٹ: ندیم گِل/خبررساں ادارے

ادارت: شادی خان سیف

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں