1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا : بھارت میں ایک دن میں ریکارڈ 75 ہزار سے زائد کیسز

جاوید اختر، نئی دہلی
27 اگست 2020

بھارت میں حکومت کے تمام اقدامات اور دعووں کے باوجود مہلک کورونا وائرس کا قہر جاری ہے، پچھلے 24 گھنٹوں میں 75 ہزار سے زائد نئے کیسز کے ساتھ ملک میں کووڈ 19 سے متاثرین کی تعداد 33 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔

https://p.dw.com/p/3hZEv
Indien Coronavirus Delhi | Friedhof
تصویر: picture-alliance/ZUMA Wire/SOPA Images/A. K. Sing

بھارتی وزارت صحت کی طرف سے جاری اعداد و شمار کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں میں ریکارڈ 75760 نئے کیسز کے ساتھ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر 33 لاکھ گیارہ ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔

وزارت صحت کی طرف سے جاری رپورٹ کے مطابق پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران 1023 افراد اس مہلک وبا سے موت کے منہ میں چلے گئے جس کے ساتھ ہی بھارت میں کووڈ19سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 60 ہزار 639 ہوگئی ہے۔  حکومتی اعداد و شمار کے مطابق تاہم کووڈ۔19کے 25 لاکھ 24 ہزار سے زائد مریض صحت یا ب ہوچکے ہیں یا انہیں ہسپتال سے رخصتی دے دی گئی ہے۔

بھارت میں مغربی ریاست مہاراشٹر کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں متاثرین کی تعداد سات لاکھ اورہلاکتوں کی تعداد 23 ہزار سے تجاوز کرچکی ہے۔  اس کے بعد تین جنوبی ریاستوں تمل ناڈو، آندھرا پردیش اور کرناٹک کا نمبر ہے۔

بھارت اس وقت امریکا اور برازیل کے بعد دنیا میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر تیسرا ملک ہے۔  بھارت میں جس تیزی سے یہ وبا پھیل رہی ہے اس سے خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ عنقریب برازیل کو بھی پیچھے چھوڑ سکتا ہے۔

بھارت میں کووڈ 19کے پہلے ایک لاکھ مصدقہ کیسز 110دنوں میں سامنے آئے تھے۔  لیکن اس کی رفتار مسلسل تیز ہوتی گئی اور اب ملک میں ایک لاکھ کیس صرف ایک دو دن میں سامنے آرہے ہیں۔

اس دوران آکسفورڈ کی کووڈ19 ویکسین کا انسانوں پر دوسرے مرحلے کا کلینیکل ٹرائل بدھ  26 اگست کو پونے کے ایک میڈیکل کالج ہسپتال میں شروع ہوگیا ہے۔  اس ویکسین کی تیاری یہاں کے سیرم انسٹی ٹیوٹ آف انڈیا میں کی جارہی ہے۔  ہسپتال کے اعلی حکام کے مطابق دو رضاکاروں کو ویکسین لگائی گئی ہے اور ان کے نتائج پر نگاہ رکھی جارہی ہے۔

Indien Mumbai | Coronakrise
تصویر: Imago Images/Hindustan Times

دہلی کی حالت پھر خراب

دریں اثنا قومی دارالحکومت دہلی میں کووڈ 19پر قابو پانے کی کوششیں ایک بار پھر ناکام ہوتی دکھائی دے رہی ہیں۔  منگل کے روز کورونا وائرس کے 1544 نئے کیسز سامنے آئے جو کہ گزشتہ 40 دنوں میں نئے کیسز کی سب سے بڑی تعداد ہے۔

آخری مرتبہ اتنی بڑی تعداد 16 جولائی کو درج کی گئی تھی جب شہر میں 1652 نئے کیسز سامنے آئے تھے۔  اس سے قبل جون میں دہلی کی حالت اور بھی زیادہ خراب تھی اور روزانہ تقریبا ً 2000 نئے کیسز سامنے آرہے تھے جبکہ لگ بھگ 60 لوگوں کی موت ہورہی تھی۔ ہسپتالوں میں بیڈ خالی نہیں ہونے اور ان کی حالت ناگفتہ بہ ہونے کی خبریں بھی آرہی تھیں جس پر دہلی کی ایک عدالت نے تبصرہ کرتے ہوئے انہیں جہنم سے بھی زیادہ خراب قرار دیا تھا۔

بھارت میں کووڈ19کے مینجمنٹ سے متعلق نوڈل ایجنسی انڈین کاونسل آف میڈیکل ریسرچ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر بلرام بھارگو کا کہنا ہے کہ دہلی اور قومی دارالحکومت خطے میں آبادی کا حجم اور لوگوں کی نقل و حمل بہت زیادہ ہے۔  ا س لیے بہت زیادہ احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں