1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس: 95 ہزار سے زائد مریض، ہلاکتیں 32 سو سے متجاوز

5 مارچ 2020

کورونا وائرس کی نئی قسم کووڈ انیس دنیا بھر میں پھیلتی جا رہی ہے۔ اس مرض میں مبتلا افراد کی تعداد ایک لاکھ تک پہنچنے والی ہے۔ چین سے باہر کے ممالک میں اب اس وائرس کا پھیلاؤ بڑھ گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3YtSm
Irak Coronavirus Vorsichtsmaßnahmen in Duhok
تصویر: Reuters/A. Jalal

کورونا وائرس اس وقت دنیا کے اسی ممالک میں پھیل چکا ہے۔ سبھی بر اعظموں میں اس وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہو چکی ہے۔ براعظم ایشیا میں مشرق بعید کے ممالک میں اس کا پھیلاؤ غیر معمولی ہے اور اُس کے بعد یورپی ممالک میں بھی یہ پھیلتا جا رہا ہے۔ جمعرات پانچ مارچ کو ایک اور یورپی ملک سلووینہ میں بھی اس کی نشاندہی ایک مریض میں ہوئی ہے۔

دنیا بھر میں اس وائرس کی لپیٹ میں آ کر ہونے والی ہلاکتیں تین ہزار دو سو پچاسی ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ ہلاکتیں چین میں ہوئی ہیں۔ چین کے بعد زیادہ ہلاکتوں والے ممالک میں ایران، اٹلی اور جنوبی کوریا سب سے نمایاں ہیں۔

Symbolbild- Ausbruch Coronavirus in den USA
امریکی ریاست کیلیفورنیا میں وائرس کے پھیلاؤ کے تناظر میں ایمرجنسی کا نفاذ کر دیا گیا ہےتصویر: Reuters/B. McDermid

چین میں حکام نے بتایا ہے کہ کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی مجموعی تعداد اسی ہزار چار سو نو ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں صرف ایک سو انتالیس مریضوں میں اس وائرس کی نشان دہی ہوئی ہے۔ اس بیماری سے ہونے والی ہلاکتیں تین ہزار بارہ ہیں۔

جنوبی کوریا میں اس بیماری میں مبتلا افراد کی تعداد تقریباً پانچ ہزار آٹھ سو ہو گئی ہے جبکہ تین اور مریضوں کے دم توڑنے کے بعد ہلاکتوں کی تعداد پینتیس ہو گئی ہے۔ اسی طرح جاپان میں بھی مریضوں کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

اُدھر امریکا میں ہونے والی ہلاکتیں گیارہ بتائی گئی ہیں۔ نیو یارک اور لاس اینجلس میں مزید مریضوں میں اس وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ امریکی ایوانِ نمائندگان نے وائرس کے انسداد کے لیے تراسی بلین امریکی ڈالر کی منظوری دے دی ہے۔ لاس اینجلس کی بندرگاہ کو وائرس سے شدید متاثر قرار دیا گیا ہے۔ اس بندرگاہ پر سامان لادنے اور اتارنے میں پندرہ فیصد سے زائد کمی کا اندازہ لگایا گیا ہے۔

Iran Coronavirus
ایران میں حکومت نے تقریباً تین ہزار افراد میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی تشخیص کا بتایا ہےتصویر: picture-alliance/Photoshot/A. Halabisaz

امریکی ریاست کیلیفورنیا میں ایمرجنسی کا نفاذ کر دیا گیا ہے۔ ریاستی گورنر کے مطابق وائرس کے مریضوں کی تعداد ترپن تک پہنچ گئی ہے۔ مختلف امریکی علاقوں میں وائرس کو کنٹرول میں رکھنے کے اقدامات جاری ہیں۔ امریکی نائب صدر نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے فوری اقدامات سے ابھی تک سارے ملک میں وائرس کا پھیلاؤ شدید نہیں ہوا ہے۔

یورپی ملک اٹلی میں کووڈ انیس بیماری سے ہونے والی ہلاکتیں ایک سو سات ہو گئی ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ہونے والی ہلاکتیں اٹھائیس بتائی گئی ہیں۔ فرانس میں اس وائرس کی تشخیص دو سو پچاسی افراد میں کی جا چکی ہے۔ جرمنی میں اس بیماری میں مبتلا مریضوں کی تعداد دو سو چالیس بتائی گئی ہے۔

ایران میں حکومت نے تقریباً تین ہزار افراد میں کورونا وائرس کی نئی قسم کی تشخیص کا بتایا ہے۔ اس مرض میں مبتلا افراد میں نائب صدر جہانگیری بھی شامل ہیں۔ بدھ چار مارچ کو ایرانی حکومت نے ہلاکتوں کی تعداد بانوے بتائی تھی۔ اس طرح چین کے بعد سب سے زیادہ ہلاکتیں یورپی ملک اٹلی میں رپورٹ کی گئی ہیں۔

 ع ح ⁄ ع س (روئٹرز، اے ایف پی)