1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس: بھارت میں شدت کا سلسلہ جاری

10 جولائی 2020

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ لاطینی امریکی ممالک اور کیریبیئن میں کورونا وائرس کے تباہ کن اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ دوسری طرف امریکا اور بھارت میں بھی نئی انفیکشنز کی تعداد میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔

https://p.dw.com/p/3f55d
Indien Coronavirus
تصویر: Reuters/F. Mascarenhas
  • اقوام متحدہ کے مطابق لاطینی امریکی ممالک اور کیریبیئن کو مالی، طبی اور معاشرتی سطح پر بڑے چیلنجز کا سامنا ہے
  • میکسیکو میں ایک دن میں سات ہزار 280 افراد اس عالمی وبا سے متاثر ہوئے
  • بھارت میں جمعے کے دن ہی چھبیس ہزار پانچ سو سے زائد انفیکشنز نوٹ کی گئی ہیں
  • امریکا میں ایک ہی دن میں 65 ہزار افراد کورونا وائرس میں مبتلا ہوئے ہیں
  • پاکستان میں نئی انفیکشنز میں کمی واقع ہوئی ہے
  • کورونا وائرس سے عالمی سطح پر بارہ ملین افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ ساڑھے پانچ لاکھ افراد مارے جا چکے ہیں

امریکا اور بھارت میں کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد میں بدستور اضافہ جاری ہے جبکہ ساتھ ہی لاطینی امریکا اور کریبیئن میں بھی صورتحال ابتر ہوتی جا رہی ہے۔

اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئيں تو بالخصوص لاطینی امریکی ممالک میں یہ وائرس زیادہ تیزی سے پھیل سکتا ہے۔ لاطینی امریکی ملک میکسیکو میں صرف ایک دن میں ہی کورونا وائرس کے سات ہزار 280 کيس رپورٹ ہوئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: کورونا: بھارت، روس کو پیچھے چھوڑ کر تیسرے نمبر پرپہنچ گیا

جرمنی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے چار سو بیالیس نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ یوں جرمنی میں مجموعی طور پر متاثرہ افراد کی تعداد دو لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہے۔

رابرٹ کوخ انسٹی ٹیوٹ نے بتایا ہے کہ گزشتہ روز بارہ مزید افراد اس وائرس کی وجہ سے مارے گئے اور مجموعی ہلاکتوں کی تعداد نو ہزار اڑتالیس ہو گئی ہے۔

ادھر بھارت میں ایک مرتبہ پھر کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے افراد کی ریکارڈ یومیہ تعداد نوٹ کی گئی ہے۔ طبی حکام نے جمعے کے دن بتایا کہ ایک ہی دن میں چھبیس ہزار پانچ سو دو نئے کیس ریکارڈ کیے گئے ہیں۔ بھارت میں اس عالمی وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد سات لاکھ ترانوے ہزار 802 ہو گئی ہے۔

بھارت میں صرف جمعے کے دن ہی 475 افراد ہلاک ہوئے اور یوں اس جنوبی ایشائی ملک میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد اکیس ہزار چھ سو چار ہو گئی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ریاست بہار میں نئے کیسوں کی وجہ سے ایک مرتبہ پھر مکمل لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا ہے۔ اسی طرح بھارت کی گنجان آباد ترین ریاست اتر پردیش میں ویک اینڈ پر لاک ڈاؤن رہے گا۔

یہ بھی پڑھیے:بھارت: زندگی بچانے والی دواوں کی بلیک مارکیٹنگ عروج پر

پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے خصوصی مشیر برائے صحت نے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ کورونا وائرس میں مبتلا ہونے والے افراد کی تعداد میں کمی رونما ہو رہی ہے لیکن حکومت کسی کوتاہی کے بغیر اس عالمی وبا کے خلاف اپنی جنگ جاری رکھے گی۔ پاکستان میں کووڈ انیس میں مبتلا افراد کی مجموعی تعداد دو لاکھ 43 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جبکہ پانچ ہزار ستاون افراد لقمہ اجل بنے ہیں۔

اقوام متحدہ نے اس امکان کا اعتراف کیا ہے کہ مخصوص حالات میں کووڈ انیس ہوا کے ذریعے بھی پھیل سکتا ہے۔ گزشتہ برس دسمبر میں چینی شہر ووہان سے پھوٹنے والی یہ وبا دو سو دس ممالک اور خطوں کو اپنی لپیٹ میں لے چکی ہے۔ ابھی تک اس عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے ویکسین یا دوا تیار نہیں کی جا سکی ہے۔

ع ب / ع س / خبر رساں ادارے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں