1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس سے دنیا میں اب ہر پندرہ سیکنڈ بعد ایک شخص ہلاک

5 اگست 2020

نئے کورونا وائرس کی وبا کے دوران دنیا میں اب تک ہلاک ہونے والوں کی تعداد سات لاکھ سے زائد ہو گئی ہے۔ گزشتہ چند ہفتوں سے اس بیماری کے ہاتھوں اوسطاﹰ ہر پندرہ سیکنڈ بعد ایک شخص ہلاک ہو رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/3gSsH
تصویر: Reuters/J. Cabezas

امریکا کے جان ہاپکنز انسٹیٹیوٹ کے اعداد و شمار کے مطابق عالمی سطح پر کورونا سے مجموعی ہلاکتوں کی تعداد سات لاکھ سے متجاوز ہو چکی ہے۔ اگر گزشتہ صرف دو ہفتوں کے دوران اموات کی تعداد کو دیکھا جائے، تو یہ شرح اوسطاﹰ 247 اموات فی گھنٹہ یا ہر 15 سیکنڈ کے بعد ایک موت بنتی ہے۔ اس وبا سے اب تک دنیا بھر میں 18.5 ملین سے زیادہ لوگ متاثر ہو چکے ہیں۔ ان میں سے تقریباﹰ 11 ملین دوبارہ صحت یاب بھی ہو گئے ہیں۔

یورپ

اس وقت یورپ کے کسی ملک میں اگر روزانہ بنیادوں پر مریضوں کی تعداد میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا جا رہا ہے، تو وہ یوکرائن ہے۔ اس مشرقی یورپی ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کووڈ انیس کے تقریباﹰ 1300 نئے کیس رجسٹر کیے گئے۔ جرمنی میں، جو یورپی یونین کا سب سے زیادہ آبادی والا ملک ہے، ہسپتالوں کی تنظیم خود کو اس مرض کی ممکنہ دوسری لہر کے لیے تیار کر چکی ہے۔

ایشیا

جاپان میں منہ میں جراثیموں کو مارنے اور غراروں کے لیے استعال ہونے والا ایک محلول اس وقت ادویات کی دکانوں سے تقریباﹰ غائب ہو گیا، جب اوساکا کے گورنر نے یہ کہا کہ یہ ہائی جین پروڈکٹ ممکنہ طور پر کورونا وائرس کے خلاف مؤثر ثابت ہو سکتی ہے۔ یکدم کمیاب ہو جانے والا یہ 'ماؤتھ واش‘ اب جاپان میں بہت ہی کم دوا فروشوں کی دکانوں پر دستیاب ہے۔

Japan Coronavirus - Betadine ist ausverkauft in Osaka
جاپان میں غراروں کے لیے استعال ہونے والا ایک جراثیم کش محلول ادویات کی دکانوں سے تقریباﹰ غائب ہو چکا ہےتصویر: Reuters/Twitter@KUMAKATACH

افریقہ

جنوبی افریقہ کی وزارت صحت کے مطابق اب تک ملک میں صحت کے شعبے میں کام کرنے والے 24 ہزار کارکن خود بھی کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ ان میں سے تاحال 181 کی موت بھی واقع ہو چکی ہے۔ جنوبی افریقہ براعظم افریقہ میں کووڈ انیس سے سب زیادہ متاثر ہونے والا ملک ہے۔

وہاں اب تک تقریباﹰ سوا پانچ لاکھ لوگوں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے۔ یہ تعداد پورے براعظم افریقہ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد کا نصف سے بھی زائد بنتی ہے۔ جنوبی افریقہ عالمی سطح پر اس بیماری سے پانچ سب سے متاثرہ ممالک میں سے ایک ہے۔

جنوبی امریکا

جنوبی امریکا دنیا کا اس وبا سے سب سے زیادہ متاثرہ براعظم بن چکا ہے اور اس نے یورپ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ عالمی سطح پر کووڈ انیس کی وجہ سے کُل ہلاکتوں میں سے تقریباﹰ 30 فیصد یا دو لاکھ چھ ہزار اموات اسی براعظم میں ہوئی ہیں۔ سب سے زیادہ متاثرہ لاطینی امریکی ملک برازیل ہے، جہاں تقریباﹰ 96 ہزار لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس کے بعد 49 ہزار اموات کے ساتھ میکسیکو دوسرے نمبر پر ہے اور پھرکولمبیا، پیرو، ارجنٹائن اور بولیویا قابل ذکر ہیں۔

شمالی امریکا

براعظم شمالی امریکا میں یوں تو کینیڈا بھی اس وبا سے بری طرح متاثر ہوا ہے، لیکن عالمی سطح پر سب سے زیادہ متاثرہ ملک آج بھی امریکا ہے۔ وہاں کورونا وائرس اب تک تقریباﹰ 48 لاکھ انسانوں کو متاثر کر چکا ہے۔ ان میں سے ایک لاکھ 57 ہزار کے قریب ہلاک ہو چکے ہیں۔ دنیا کے کسی ایک ملک میں کووڈ انیس کے مریضوں اور ہلاکتوں کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔

م م / ش ج (اے پی، اے ایف پی، ڈی پی اے، روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں