1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

طبی عملے کے لیے لیڈی گاگا کا ’لو لیٹر‘

19 اپریل 2020

لیڈی گاگا، پال میکارٹنی، دا رولنگ اسٹونز اور بیانسے نے کورونا وائرس سے نبردآزما طبی عملے کو سراہنے کے لیے ٹی وی پر میوزک اور کامیڈی کے ایک خصوصی پروگرام میں شرکت کی۔

https://p.dw.com/p/3b8D3
Konzert Global Citizen Together At Home Lady Gaga
تصویر: Getty Images for Global Citizen

اس پروگرام میں مختلف ستاروں کی جانب سے ذاتی واقعات، کامیڈی اور میوزک کا اہتمام کیا گیا تھا۔ لیڈی گاگا نے تاہم اس پروگرام کو کورونا وائرس کے خلاف لڑنے والے طبی عملے کے لیے 'لو لیٹر‘ یا 'محبت کا رقعہ‘ قرار دیا۔

ہفتے کی شب دو گھنٹوں پر مشتمل 'ون ورلڈ، ٹوگیدر ایٹ ہوم‘ کے نام سے امریکا سمیت دنیا کے کئی ممالک میں یہ خصوصی پروگرام نشر کیا گیا۔ اس پروگرام میں عالمی شہرت یافتہ ستاروں نے اپنے اپنے گھروں میں فلمائی گئی ویڈیوز کے ذریعے شرکت کی۔ پروگرام میں ایلٹن جان، سٹیو ونڈر، برطانوی فٹ بال اسٹار ڈیوڈ بیکم، سابقہ امریکی خواتین اول میشل اوباما اور لارا بش بھی شریک ہوئی۔ کورونا وائرس کے خلاف طبی عملے کی خدمات کو سراہنے اور انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے جاری اس سلسلے میں  اوپرا وِنفرے، اینڈریا بوسیلی، سیلین ڈیون، بِیلی ایلیش سمیت درجنوں دیگر عالمی شہرت یافتہ ستاروں کی شرکت متوقع ہے۔

BdTD Konzert Global Citizen Together At Home Mick Jagger, Keith Richards, Ronnie Wood and Charlie Watts
اس پروگرام میں عالمی شہرت یافتہ ستاروں نے اپنے اپنے گھروں سے شرکت کیتصویر: Getty Images for Global Citizen

لیڈی گاگا نے گزشتہ روز اس پروگرام میں کہا، ''میں ہیلتھ ورکرز، طبی عملے، گروسری اسٹورز پر کام کرنے والے ملازمین ، سامان گھروں پر پہنچانے والے افراد اور تمام غیرمنافع بخش اداروں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں، جو اس صورت حال میں پوری جانفشانی سے کام کر رہے ہیں۔‘‘

لیڈی گاگا نے مزید کہا، ''یہ دنیا بھر میں آپ تمام لوگوں کے لیے میرا سچا لو لیٹر ہے۔ مجھے امید ہے کہ جو محبت اور ہم دردی ہم اس دنیا بھر میں دیکھ رہے ہیں، یہ اس کی یاددہانی بھی سمجھا جائے گا۔‘‘

دو گھنٹوں پر محیط اس پروگرام کے میزبان امریکا کے تین مشہور ترین ٹی وی اینکرز جمی کیمل، اسٹیفن کولبرٹ اور جمی فیلون تھے۔ انہوں بے بھی اس پروگرام میں استادوں، ہیلتھ کیئر، اشیائے صرف کی دکانوں، پوسٹل اور دیگر ضروری شعبوں سے وابستہ افراد کو خصوصی خراج عقیدت پیش کیا۔

اس ایونٹ کا انتظام عالمی ادارہ صحت اور غیرمنافع بخش تنظیم گلوبل سیٹیزن نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ واضح رہے کہ عالمی سطح پر آگہی کا یہ پروگرام ایک ایسے وقت میں نشر کیا گیا ہے، جب کورونا وائرس کی وبا کے نتیجے میں مجموعی ہلاکتیں ڈیڑھ لاکھ سے زائد ہو چکی ہیں اور تیس لاکھ سے زائد افراد اس وائرس سے متاثرہ ہیں۔