کورونا وائرس، وکی پیڈیا کی طرف سے مقامی زبانوں میں معلومات
3 اپریل 2020دنیا میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد دس لاکھ اٹھارہ ہزار سے بھی زائد ہو چکی ہے جبکہ پاکستان اور بھارت میں بھی ایسے مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ متعدد ممالک میں لوگوں کی نقل و حرکت کو انتہائی محدود بنا دیا گیا ہے۔ ایسے میں وکی پیڈیا نے دنیا کی درجنوں زبانوں میں کورونا وائرس سے متعلق لمحہ بہ لمحہ معلومات فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا ہے تاکہ عوام تک درست معلومات پہنچائی جا سکیں۔
کورونا وائرس کے بحران کے آغاز سے سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر غلط معلومات پھیلانے کا سلسلہ جاری ہے۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے غلط معلومات یا "انفیوڈیمک" کے خلاف متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح "لوگوں کے لیے ضرورت کے وقت قابل اعتماد ذرائع اور قابل اعتبار رہنمائی تلاش کرنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے۔”
ڈبلیو ایچ او کی جانب سے وکی پیڈیا کے اس منصوبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا گیا ہے، "یہ ایک اہم چیلنج ہے، جس سے وکی پیڈیا کے ایڈیٹرز کا گروپ نمٹ رہا ہے۔ ظاہر ہے کووڈ انیس سے متعلق معلومات کا جائزہ لینا، ان میں بہتری لانا اور پھر انہیں انگلش کے ساتھ ساتھ دیگر جنوبی ایشیائی زبانوں میں منتقل کرنا آسان کام نہیں ہے۔”
وکی پیڈیا نے معلومات کی فراہمی میں تعصب کے خاتمے کے لیے”اوپن ایڈیٹنگ ماڈل” اختیار کیا ہے۔ اس طرح ہر قسم کا سیاسی پس منظر رکھنے والے افراد کو آرٹیکل میں تدوین کرنے کا موقع ملتا ہے۔ سرحدوں کی دوسری جانب بیٹھے لوگوں کو غیرجانبدار معلومات فراہم اور ایک ساتھ مل کر کام کرنے کے مواقع میسر آتے ہیں۔
بھارت میں وکی پیڈیا کے رضاکار ایڈیٹر ابھیشک سوریاونشی کا کہنا تھا، "خیالی دعووں اور کہانیوں کے برعکس کورونا وائرس سے متعلق حقائق جاننا ایک مشکل اور بڑا کام ہے۔ ہم نے اس وبا سے متعلق مقامی سطح پر شائع ہونے والے مواد کا بھی جائزہ لینے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ اب ہم نے مقامی یونیورسٹیوں سے بھی کہا ہے کہ وہ ترجمہ کرنے میں ہماری مدد کریں کیوں کہ ترجمے اور مواد کی جانچ پڑتال کا کام بڑھتا جا رہا ہے۔”
ایڈیٹر ابھیشک سوریاونشی وکی پیڈیا کے اس گروپ کا حصہ ہیں، جو حال ہی میں بنایا گیا ہے کہ جنوبی ایشیا کے عوام کو کووڈ انیس کے حوالے سے درست معلومات فراہم کی جا سکیں۔
وکی پیڈیا نے اردو زبان میں بھی کووڈ انیس سے متعلق درست معلومات فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ "وکی پروجیکٹ میڈیسن” میں دنیا بھر سے ڈاکٹر اور طبی ماہرین شامل ہیں۔ ابھی تک دنیا کی مختلف زبانوں میں وکی پروجیکٹ میڈیسن پینتیس ہزار سے زائد آرٹیکل شائع کر چکا ہے۔ شائع ہونے والے مواد کی دنیا بھر کے پچاس سے زائد ایڈیٹر نگرانی کر رہے ہیں۔ سن دو ہزار چودہ میں وکی پیڈیا کے ایسے ہی ایک پروجیکٹ کے تحت ایبولا وائرس سے متعلق دنیا کی پچاس سے زائد زبانوں میں ہزاروں آرٹیکل شائع کیے گئے تھے۔
ا ا / ع ح / و پ