کورونا وائرس کی ابتدا کیسے ہوئی؟ ماہرین چین کے دورے پر
11 جنوری 2021چینی حکام نے پیر کو اس امر کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ ڈبلیو ایچ او کے تحقیقاتی کمیشن کے ماہرین آئندہ جمعرات کو اپنے چینی ہم منصبوں سے ملاقات کریں گے۔ بیجنگ حکومت کی طرف سے تاہم اس مختصر بیان کے علاوہ اس بارے میں مزید کوئی تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔
یہ امر بھی فی الحال واضح نہیں کہ عالمی ادارہ صحت کے ماہرین چین کے مرکزی شہر ووہان بھی جائیں گے یا نہیں؟ یاد رہے کہ یہی وہ چینی شہر ہے، جہاں 2019 ء کے اواخر میں سب سے پہلے مہلک کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔
عرصے سے متوقع دورہ
عالمی ادارہ صحت اور چینی حکومت کے مابین اس دورے کے بارے میں ایک طویل عرصے سے مذاکرات جاری تھے۔ ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس ایڈہانوم نے گزشتہ ہفتے اس دورے میں مسلسل تاخیر پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈبلیو ایچ او کی اس ٹیم میں شامل مختلف ممالک کے ماہرین اپنے اپنے ممالک سے چین کے دورے کے لیے نکل چُکے ہیں اور ایسا عالمی ادارے اور بیجنگ حکومت کے مابین طے شدہ ایک پلان اور انتظام کے تحت کیا گیا ہے۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کی تفتیش کے مطابق چینی حکومت نے اپنے ہاں وائرس کے پھیلاؤ کی ابتدا سے ہی اس سلسلے میں ہر قسم کی خبروں اور تحقیق پر سخت کنٹرول کر رکھا ہے۔ دوسری جانب چین کا سرکاری میڈیا اس قسم کے مفروضے پھیلاتا رہا ہے کہ کورونا وائرس کی ابتدا کہیں اور سے بھی ہو سکتی ہے۔
ایسوسی ایٹڈ پریس کی چھان بین کے مطابق بیجنگ حکومت ایک طرف ان مقامی محققین کو لاکھوں ڈالر فراہم کر رہی ہے، جو کورونا وائرس کی ابتدا کے بارے میں تحقیق پر مامور ہیں۔ دوسری جانب ان کی تحقیق کے نتائج کو سخت کنٹرول بھی کیا جا رہا ہے اور کسی بھی تحقیق کے نتائج کو اشاعت سے پہلے چینی کابینہ کے زیر انتظام ایک ٹاسک فورس سے منظوری حاصل کرنا ہوتی ہے۔ یہ ٹاسک فورس براہ راست چینی صدر شی جن پنگ کے زیر نگرانی کام کرتی اور ان کے احکامات بجا لاتی ہے۔
'رازداری کی ثقافت‘
خیال کیا جا رہا ہے کہ چین کی رازداری کی ثقافت کے سبب کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے متعلق انتباہی پیغامات میں تاخیر ہوئی اور اسی سبب کورونا وائرس کے بارے میں ڈبلیو ایچ او کے ساتھ معلومات کے تبادلے میں بھی سخت رکاوٹ ڈالی گئی۔
اس سلسلے میں آسٹریلیا اور دیگر ممالک نے کورونا وائرس کی ابتدا اور اس کے پھیلنے کی اصل جگہ کے بارے میں تحقیقات کروانے کا مطالبہ کیا تھا، جو بیجنگ حکومت کی ناراضی کا سبب بنا اور اس پر چین کی طرف سے سخت رد عمل سامنے آیا۔
ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس کے بیانات کے بعد چین کی وزارت خارجہ نے کہا کہ چین کے دروازے ڈبلیو ایچ او کی تحقیقاتی ٹیم کے لیے کُھلے تھے تاہم وہ '' اس سلسلے میں متعلقہ ضروری انتظامات، ان کے طریقہ کار اور ٹھوس منصوبے پر کام کر رہی تھی۔‘‘ چینی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان ہوا چون ژنگ کا کہنا تھا،''ہمارے ماہرین انتہائی بوجھ کے باوجود اس وباء کے خلاف دل کی گہرائیوں سے لڑنے اور اس پر قابو پانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔‘‘
دریں اثناء اقوام متحدہ کے ایک ترجمان اسٹیفن دوجاریک نے نیویارک میں اس عالمی ادارے کے ہیڈکوارٹرز میں ایک بیان دیتے ہوئے کہا،''یہ امر غیر معمولی اہمیت کا حامل ہے کہ کورونا کے خلاف جنگ میں ڈبلیو ایچ او قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے۔ ڈبلیو ایچ او کورونا وائرس کی ابتدا اور اس کی جڑوں تک پہنچنے کی بھی کوشش میں غیرمعمولی کردار ادا کر رہا ہے۔ اس سے اگلے وائرس کے روک تھام میں مدد ملے گی۔‘‘
ک م/ اا (اے پی، اے ایف پی)