1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کورونا وائرس کی وبا کے خلاف یورپی بینک کا منصوبہ

19 مارچ 2020

یورپی مرکزی بینک نے اربوں یورو کے اقتصادی منصوبے کا اعلان کیا ہے۔ اِس منصوبے کے ذریعے جمود پکڑتی یورپی اقتصادیات کو تحریک دینے کی کوشش کی جائے گی۔

https://p.dw.com/p/3Zh0x
Deutschland Corona | Euro Symbol am Willy Brandt Platz Frankfurt
تصویر: Imago-Images/J. Huebner

مختلف یورپی ممالک میں کورونا وائرس کی وبا کو کنٹرول کرنے کے لیے کیے گئے احتیاطی اقدامات نے معاشی سرگرمیوں کو انتہائی محدود کر دیا ہے۔ عام لوگ گھروں میں مقید ہو کر رہ گئے ہیں اور مختلف ممالک ملکی ترقی کو پسِ پشت ڈال کر وبا کو قابُو کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔

کورونا وائرس کی مسلسل پھیلتی وبا کی وجہ سے یورو زون میں کسی حد تک اقتصادی افراتفری کی صورتِ حال پائی جاتی ہے۔ بڑے بڑے کاروباری ادارے بندش کا شکار ہو چکے ہیں۔ بازارِ حصص شدید مندی کی لپیٹ میں ہیں۔ اقوام کے درمیان تجارتی سرگرمیاں نہ ہونے کے برابر ہیں۔

جمعرات، انیس مارچ کو یورپی مرکزی بینک نے یورو زون کے انیس رکن ممالک کے لیے ساڑھے سات سو ارب یورو کے ایک منصوبے کا اعلان کیا۔ اس کا نام وبائی ہنگامی خریداری بانڈ پروگرام یعنی انگریزی میں 'Pandemic Emergency Purchase Program‘ پروگرام رکھا گیا ہے۔

Deutschland Corona | Europäische Zentralbank in Frankfurt am Main
تصویر: Imago-Images/STPP

اس پروگرام کے تحت مرکزی یورپی بینک مختلف ضروری سامان کی خریداری کا ذخیرہ نہیں کرے گا بلکہ یہ وبائی دور میں یورو زون کی ریاستوں میں پیدا ہونے والے معاشی مصائب کو کم کرے گا۔ بینک اس منصوبے کے تحت یورو زون کی اقوام کو درپیش مشکلات کے تناظر میں حکومتوں اور کارپوریٹ شعبے کے قرضے خرید لے گا۔ یورو زون کے معاشی مشکلات کے حامل ملک یونان کے قرضے خریدنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

پلان کے تحت یورو زون کے رکن ممالک کی مجموعی شرح پیداوار کے چھ فیصد کے مساوی قرضے خریدے جائیں گے۔ یہ بھی فیصلہ کیا گیا ہے کہ یہ ایک عارضی اسکیم ہے اور اس وقت تک جاری رکھی جائے گی جب تک کووڈ انیس سے پیدا بحرانی حالات کا خاتمہ نہیں ہو جاتا۔ بحرانی صورت حال کے خاتمے کا تعین بھی بینک اپنے ایک خصوصی اجلاس میں کرے گا۔

اقتصادی تجزیہ کاروں نے یورپی مرکزی بینک کے پلان کو بحرانی حالات سے نمٹنے کا ایک معیاری منصوبہ قرار دیا ہے۔ ان کے مطابق مثبت انداز میں عمل پیرا ہونے سے یورو زون کی معاشی مشکلات میں یقینی طور پر کمی واقع ہو گی۔

جرمنی میں ملکی بینکوں کی تنظیم ایسوسی ایشن برائے جرمن بینکس نے واضح کر دیا ہے کہ رواں برس کے دوران اکنامک آؤٹ پُٹ میں یقینی طور پر پانچ فیصد کمی واقع ہو گی۔

ع ح، ع ت (اے ایف پی، ڈی پی اے، روئٹرز)