کوچی اور پونے بھی آئی پی ایل میں شامل
22 مارچ 2010بھارتی شہر چنئی میں اتوارکو لگی ایک بولی میں پونے اورکوچی کی ٹیمیں خریدی گئیں۔ اب آئی پی ایل کے سن2011ء کے ایڈیشن میں کل دس ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔
سہارا گروپ کے حصے سہارا سپورٹس ایڈوینچر نے پونے کی ٹیم کے فرنچائزڈ حقوق حاصل کرنے کے لئے تین سوسترملین ڈالرکی کامیاب بولی لگائی جبکہ رانڈے وو سپورٹس ورلڈ نامی ایک گروپ نے تین سو تینتس ملین ڈالر کے عوض کوچی شہر کی ٹیم کے حقوق حاصل کئے۔
انڈین پریمیئر لیگ میں بالی ووڈ کے ستاروں کے علاوہ کئی بزنس ٹائیکونز نے سرمایہ کاری کی ہوئی ہے۔ انہی بالی ووڈ ستاروں میں ایک شاہ رخ خان بھی ہیں جو کولکتہ نائٹ رائڈرز کے مالک ہیں جبکہ شلپا شیٹھی اورپریتی زنٹا نے بھی اپنی اپنی ٹیمیں اس ٹورنامنٹ میں خرید رکھیں ہیں۔
سن 2011ء میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے چوتھے ایڈیشن میں اب دس ٹیمیں مد مقابل ہوں گی جبکہ اس دوران ساٹھ کے بجائے اب چورانوے میچ کھیلیں جائیں گے۔
آئی پی ایل کے چیئرمین للت مودی نے ان دونوں ٹیموں کی شرکت کے بعد کہا کہ جس طرح ان دو ٹیموں کی بولی لگائی گئی ہے اس سے واضح ہوتا ہے کہ یہ کرکٹ ٹورنامنٹ کساد بازاری سے مبرا ہے اور ترقی کی طرف گامزن ہے۔ مودی نے کہا کہ یہ ٹورنامنٹ امریکہ کی نیشنل باسکٹ بال فیڈریشن NBA کا حریف ثابت ہوگا۔ این بی اے کھیلوں کی ایک ایسی فیدریشن ہے جو انتہائی امیر تصور کی جاتی ہے۔ مودی نے کہا ہے کہ ان کا مقصد ہے کہ وہ کھیلوں کی لیگ کے حوالے سے سب سے بڑے گروپ بن جائیں۔
ان دونوں ٹیموں کے فرنچائزڈ حقوق حاصل کرنے کے لئے پانچ گروپوں نے بولی لگائی تھی۔ پونے اور کوچی کی ٹیموں نے دس دس سال کے حقوق حاصل کئے ہیں۔
رپورٹ: عاطف بلوچ
ادارت: عابد حسین