1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کيا ايس پی ڈی چانسلر ميرکل کی مدد کو آن پہنچی ہے؟

عاصم سلیم
24 نومبر 2017

جرمنی ميں سياسی بے يقينی کے صورت حال کے خاتمے کے ليے ايس پی ڈی نے عنديہ ديا ہے کہ يہ جماعت حکومت سازی کے ليے مذاکرات کے ليے آمادہ ہے تاہم حکومت ميں شموليت کا فيصلہ پارٹی کی قيادت نہيں بلکہ جماعت کے ارکان کريں گے۔

https://p.dw.com/p/2oCbX
Berlin Martin Schulz, SPD-Parteivorsitzender
تصویر: picture-alliance/dpa/M. Gambarini

جرمن سياسی جماعت ايس پی ڈی کی جانب سے کہا گيا ہے کہ پارٹی چانسلر انگيلا ميرکل کے ساتھ حکومت سازی کے ليے مذاکرات کرنے کے ليے تيار ہے۔ يہ اعلان پارٹی کے رہنما مارٹن شلس نے آج بروز جمعہ دارالحکومت برلن ميں اپنی ايک پريس کانفرنس ميں کيا۔ اس موقع پر شلس کا يہ بھی کہنا تھا کہ آئندہ وفاقی مخلوط حکومت ميں ممکنہ شموليت کا فيصلہ سوشل ڈيموکريٹک پارٹی کی قيادت نہيں بلکہ اس جماعت کے ارکان کريں گے۔

مارٹن شلس نے جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر کی جانب سے مطالبہ کردہ مذاکرات ميں شموليت پر آمادگی کا اظہار تو کيا ليکن ساتھ ہی يہ بھی کہا کہ ايسا کوئی خود کار طريقہ نہيں ہوتا کہ آپ يکدم کسی سمت چلنا شروع کر ديں۔ ايس پی ڈی کے رہنما کا مزيد کہنا تھا کہ ميرکل کی جماعت کے ساتھ ممکنہ حکومتی اتحاد سے متعلق ايس پی ڈی کا فيصلہ اس جماعت کے ارکان کريں گے۔

اس پيش رفت سے کم از کم يہ اميد پيدا ہوئی ہے کہ جرمنی ميں سياسی بے يقينی کی صورتحال ميں کوئی تبديلی آ سکے گی اور امکاناً يہ جماعت انگيلا ميرکل کو وہ حمايت فراہم کر سکے گی جو انہيں چانسلر کے عہدے پر مسلسل چوتھی مرتبہ فائض رہنے کے ليے درکار ہے۔ چوبيس ستمبر کو منعقدہ پارليمانی انتخابات ميں اگرچہ چانسلر انگيلا ميرکل کی جماعت کرسچن ڈيموکريٹک يونين اور صوبہ باويريا ميں اس کی اتحادی کرسچن سوشل يونين تينتيس فيصد ووٹوں کے ساتھ سر فہرست رہی تاہم وہ حکومت سازی کے ليے درکار اکثريت نہيں حاصل کر پائی۔

ايس پی ڈی نے نتائج کے اعلان کے فوری بعد ہی اپوزيشن ميں بيٹھنے کا اعلان کر ديا تھا۔ يوں سی ڈی يو اور سی ايس يو کے پاس حکومت سازی کے ليے فری ڈيموکريٹک پارٹی اور ماحول دوست گرين پارٹی بچيں۔ مخلوط حکومت کے قيام کے ليے مذاکرات ان جماعتوں کے مابين اختلافات کے سبب ناکام ہو گئے تھے۔

اس ضمن میں جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر نے ايس پی ڈی کے رہنما مارٹن شلس سے گزشتہ روز بات چيت کی، جس کے بعد رات گئے ايس پی ڈی کا اجلاس جاری رہا۔ آج سہ پہر مارٹن شلس نے آج اپنی پريس کانفرنس ميں باقاعدہ اعلان کيا کہ ميرکل کی جماعت کے ساتھ ممکنہ حکومتی اتحاد سے متعلق ايس پی ڈی کا فيصلہ اس جماعت کے ارکان کريں گے۔