کيوبا کی تاريخ کا بد ترين ايوی ايشن حادثہ
19 مئی 2018’کيوبانا ڈی ايواکيون‘ ايئر لائن کمپنی کے اس طيارے پر مجموعی طور پر عملے سميت 110 افراد سوار تھے۔ معجزاتی طور پر طيارے کی ملبے سے تين عورتوں کو زندہ بچا ليا گيا جو اس وقت زير علاج ہيں۔ طيارہ خوزے مارتی ايئر پورٹ سے اڑنے کے کچھ ہی دير بعد جمعے کی سہ پہر گر کر تباہ ہو گيا۔ اس حادثے ميں کل 107 افراد کی ہلاکت ہوئی۔ تفتيش کار حادثے کی وجوہات جاننے کے ليے کارروائی جاری رکھے ہوئے ہيں۔ طيارے پر ايک سو چار مسافر اور عملے کے چھ ارکان سوار تھے۔
يہ جنوبی امريکی ملک کيوبا کی تاريخ کا بد ترين اور سن 2010 سے لے کر اب تک کا تيسرا بڑا ايوی ايشن حادثہ ہے۔ جمعے کو حادثے کے وقت موسم ابر آلود تھا اور وقفے وقفے سے بارش بھی جاری تھی۔ کيوبا کے صدر ميگوئل دياز کانيل نے بتايا ہے کہ اس واقعے کی تحقيقات کے ليے ايک خصوصی کميشن قائم کر ديا گيا ہے۔
جہاز پر سوار اکثريتی مسافر کيوبا کے شہری تھے جبکہ چھ افراد پر مشتمل عملہ ميکسيکو کا تھا۔ اطلاعات ہيں کہ طيارے پر پانچ غير ملکی بھی سوار تھے، جن ميں سے کم از کم دو کا تعلق ارجنٹائن سے تھا۔ ميکسيکو کی جانب سے بھی اعلان کيا گيا ہے کہ آج بروز ہفتے اس کے ماہرين اس حادثے کی تفتيش کے ليے جائے واقعہ تک پہنچيں گے۔ علاوہ ازيں آج شام ہی ايک پريس کانفرنس بھی منعقد ہو گی، جس ميں ابتدائی تحقيقات کے نتائج کا اعلان متوقع ہے۔
ع س /ع ت، نيوز ايجنسياں