کیا یہ یوگا ہے؟
ذہنی اور جسمانی طور پر چاک و چوبند رہنے کے لیے یوگا کی ورزشیں مشہور ہو رہی ہیں۔ ہر سال اکیس جون کو یوگا کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس پکچر گیلری میں دیکھیے بھارت سمیت دیگر ممالک میں کس طرح یوگا کی مختلف مشقیں کی گئیں۔
کیا یہ بھی یوگا ہے؟
برا مت دیکھو، برا مت کہو اور برا مت سنو۔ یہ تصویر بھارت کے شہر احمد آباد میں یوگا کے عالمی دن سے چند روز قبل بنائی گئی۔ جہاں مسلم طالب علموں نے ایک اسکول میں یوگا کی کلاس میں شرکت کی۔
یوگا آرمی؟
ملٹری پریڈ کی طرح یونیفارم میں تمام طالب علم ایک جیسے انداز میں یوگا کی ورزش کر رہے ہیں۔ کیا یوگا کے ذریعے ان بچیوں میں خود اعتمادی اور یکجہتی کا عنصر پیدا ہوگا؟ یہ بات قابل بحث ہے۔
یوگا، تسکین روح
یوگا، ایسا بھی دکھتا ہے۔ بھارتی شہر حیدرآباد میں یوگا ماہر پرتیبھا اگروال (درمیان میں) اور ان کی شاگردوں کے چہرے پر خوشی بخوبی دیکھی جا سکتی ہے۔ وہ ’ایرئل یوگا‘ یعنی فضائی یوگا کی ایک مشق کر رہی ہیں۔ اس مشق میں چھت سے بندھے ہوئے کپڑے کے ساتھ مختلف انداز میں لٹک کر کثرت کی جاتی ہے۔
ہوا میں اڑنا
عورتوں کا ٹانگيں پھيلا کر بيٹھنا، سر کے بل کھڑے ہونا اور جھکنا، يوگا کے چند اہم جزو ہيں۔ چھت سے بندھے کپڑے کے ساتھ لٹکنا بھی ایک مشکل ورزش ہے۔ یہ مشق صرف تجربہ کار ٹرینر کے ساتھ ہی کرنا چاہیے۔
کھجور کے درخت، ساحل اور یوگا
يوگا ايک قديم روحانی ہندو روايت ہے لیکن اس کے تانے بدھ مت سے بھی ملتے ہیں۔ یوگا مختلف مقامات پر منفرد انداز میں کیا جاتا ہے جیسے کہ جنوبی افریقہ کے شہر ڈربن میں ساحل سمندر پر واقع ایک پارک میں جسم اور روح کے سکون کے لیے یوگا کیا جا رہا ہے۔
صحرا میں یوگا
یوگا لفظ کا تعلق قدیمی ہندو زبان سنسکرت سے ہے، جس کے معنی سخت، کھردرے، یا پھر کھچے ہوا ہونا ہے جو کہ پر سکون رہنے کے بالکل برعکس ہے۔ شمالی میکسیکو کے شہر سیوداد خواریز کے صحرا میں بھی یوگا کی مشقیں جاری ہیں۔
یوگا، درخت پر لٹکتے ہوئے
جی ہاں، یوگا کی مشقوں کے متنوع اقسام ہیں، جیسے کہ ماضی میں الہ آباد کہلانے والے بھارتی شہر پرایاگراج میں یہ شخص یوگا کی ایک خاص مشق کر رہا ہے، جس میں درخت پر سکڑ کر لٹکا جاتا ہے۔
یوگا کا محافظ
اس شخصیت کے بغیر آج شاید یوگا کا عالمی دن نہیں منایا جا سکتا تھا۔ بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی کی جدوجہد کے بعد سن 2014ء میں اقوام متحدہ نے 21 جون کو ’یوگا کا عالمی دن ‘ قرار دے دیا، کیونکہ ’عالمی صحت بھی ایک طویل المدتی ترقیاتی مقصد‘ ہے۔