کیمیائی ہتھیاروں کے ادارے نے چھان بین مکمل کر لی، روس
4 مئی 2018خبر رساں ادرے روئٹرز کے مطابق روسی وزارت دفاع نے آج جمعرات چار مئی کو بتایا ہے کہ کیمیائی ہتھیاروں کے روک تھام کے ادارے (او پی سی ڈبلیو) کے معائنہ کاروں نے شامی شہر دوما میں مبینہ کیمیائی حملے کے مقام پر اپنی چھان بین کا عمل مکمل کر لیا ہے۔
دمشق کے نواحی علاقے مشرقی غوطہ میں واقع اس شہر میں مبینہ کیمیائی حملوں کی تحقیقات کی خاطر یہ معائنہ کار وہاں گئے تھے، اس چھان کا مقصد یہ معلوم کرنا تھا کہ سات اپریل کو ہوئے اس حملے میں آیا کسی ممنوعہ کیمیکل مواد کا استعمال کیا گیا تھا یا نہیں۔ شامی اپوزیشن گروپوں کی طرف سے بتایا گیا تھا کہ اس مبینہ کیمیائی حملے میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے تھے۔ روئٹرز کے مطابق او پی سی ڈبلیو کے معائنہ کاروں کی اس تفتیش کا ایک مقصد اس بات کا تعین کرنا بھی تھا کہ یہ ہلاکتیں کسی ممنوعہ کیمیائی مادے کے استعمال کے سبب ہوئی یا نہیں۔
روسی نیوز ایجنسی RIA کے مطابق روسی وزارت دفاع کے ترجمان ایگور کوناشینکوف نے کہا ہے کہ معائنہ کاروں نے دوما میں مذکورہ مقامات کا دورہ اور چھان بین کا عمل مکمل کر لیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ معائنہ کاروں نے نمونے حاصل کر لیے ہیں اور جلد ہی رپورٹ مرتب کر لی جائے گی۔ اس مبینہ کیمیائی حملے کا الزام شامی صدر پر عائد کیا جاتا ہے تاہم وہ اسے مسترد کرتے ہیں۔
روئٹرز کے مطابق آج جمعہ کے روز قبل ازیں سفارتی ذرائع نے بتایا تھا کہ او پی سی ڈبلیو کے معائنہ کار شامی شہر دوما میں اپنا کام مکمل کر کے جمعرات تین اپریل کی شب ہالینڈ واپس پہنچ گئے تھے۔ یہ معائنہ کار 14 اپریل کو شامی دارالحکومت دمشق پہنچے تھے۔
ا ب ا / ع ب (روئٹرز)