1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کینیا کے پیٹرک ماکاؤ نے برلن میراتھن ریس جیت لی

26 ستمبر 2010

آج اتوار کو جرمن دارالحکومت برلن میں شدید بارش اور دھند میں منعقدہ اپنی نوعیت کی 37 ویں برلن میراتھن ریس کینیا کے ایتھلیٹ پیٹرک ماکاؤ نے جیت لی تاہم وہ ایتھوپیا کے ہیل گیبرے سلاسی کا ریکارڈ توڑنے میں کامیاب نہ ہو سکے۔

https://p.dw.com/p/PN0Q
برلن میراتھن کے فاتح ماکاؤتصویر: dapd

25 سالہ ماکاؤ نے ریس کا 42.195 کلومیٹر کا روایتی فاصلہ دو گھنٹے پانچ منٹ اور آٹھ سیکنڈز میں مکمل کیا۔ اِس سے دو سیکنڈ تاخیر کے ساتھ منزل پر پہنچ کر دوسری پوزیشن بھی اُنہی کے ہم وطن جیفری مُوتائی نے حاصل کی۔ تیسرے نمبر پر ایتھوپیا کے بیس سالہ ایتھلیٹ بازُو وورکُو رہے، جنہوں نے یہ ریس دو گھنٹے پانچ منٹ اور پچیس سیکنڈز میں مکمل کی۔

کینیا کے چوٹی کے تینوں کھلاڑیوں ماکاؤ، مُوتائی اور ایلید کِپتانُوئی کی نظریں ایتھوپیا کے نامور ایتھلیٹ ہیل گیبرے سلاسی کے عالمی ریکارڈ پر تھیں، جو اُنہوں نے دو سال پہلے برلن ہی کی میراتھن ریس کے دوران قائم کیا تھا۔ تب اُنہوں نے یہ فاصلہ دو گھنٹے تین منٹ اور اُنسٹھ سیکنڈز میں طے کیا تھا۔ گیبرے سلاسی نے 2006ء تا 2009ء مسلسل چار مرتبہ برلن میراتھن جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

Sabrina Mockenhaupt Silvesterlauf in Trier
جرمن ایتھلیٹ زابرینا موکن ہاؤپٹ برلن میں اپنے کیریئر کی بہترین میراتھن ریس دوڑیں لیکن مجموعی اعتبار سے محض چوتھی پوزیشن حاصل کر سکیںتصویر: picture-alliance / dpa

اِس سال اپریل میں روٹرڈم کی میراتھن ریس میں ماکاؤ یہ فاصلہ دو گھنٹے چار منٹ اور اڑتالیس سیکنڈز میں مکمل کرتے ہوئے دوسرے نمبر پر رہے تھے اور کم وقت میں میراتھن دوڑ مکمل کرنے والے دُنیا کے چوتھے بہترین کھلاڑی بنے تھے۔برلن میراتھن ریس کے دوران خراب موسم کی وجہ سے وہ اُتنی اچھی کارکردگی بھی نہ دکھا سکے، جو اُنہوں نے روٹرڈم میں دکھائی تھی۔

خواتین ایتھلیٹس میں اِس ریس میں ایتھوپیا کی ابیرو کبیبے فاتح رہیں، جنہوں نے یہ فاصلہ دو گھنٹے 23 منٹ اور 57 سیکنڈز میں مکمل کیا۔ ایتھوپیا ہی کی بیزونش بیکیلے نے دوسری جبکہ جاپان کی ٹومو موری موٹو نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ جرمنی کی زابرینا موکن ہاؤپٹ کے کیریئر کی یہ بہترین ریس تھی، اُن کا وقت دو گھنٹے 26 منٹ اور 21 سیکنڈز رہا تاہم وہ محض چوتھی پوزیشن حاصل کر سکیں۔ برلن کی اِس ریس میں مجموعی طور پر تقریباً چالیس ہزار ایتھلیٹس نے شرکت کی۔

برلن میراتھون نیویارک، لندن، شکاگو اور بوسٹن کے ساتھ ساتھ دُنیا کی اہم ترین یعنی ورلڈ میراتھن میجرز WMM ریسز میں شمار ہوتی ہے۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: عصمت جبیں