1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

کینیڈا، آگ پھیلتی ہوئی سیسکیچوان پہنچ گئی

عاطف بلوچ8 مئی 2016

کینیڈا کے صوبے البرٹا میں گزشتہ سات دنوں سے لگی جنگلاتی آگ مزید پھیلتی ہوئی ہمسایہ ریاست سیسکیچوان پہنچ گئی ہے جبکہ اس پر قابو پانے کی کوششوں میں کئی ماہ درکار ہو سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1Ik35
Kanada Fort McMurray Feuer Großbrand Waldbrand Zerstörung
تصویر: Reuters/Mark Blinch

فورٹ میکمری میں اتوار کے دن بارش شروع ہو گئی ہے، جسے آگ بجھانے کی کوشش میں معاون قرار دیا جا رہا ہے۔ تاہم ابھی تک اس آگ کے شعلوں میں دوگنا اضافہ ہو چکا ہے۔ البرٹا اور ساسکیچوان میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے اور لوگوں کو خبردار رہنے کا کہا گیا ہے۔

کینیڈا کے صوبے البرٹا کے علاقے فورٹ میکمری میں یہ آگ گزشتہ اتوار کو عالمی وقت کے مطابق رات دس بجے بھڑکی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے ایک بڑے رقبے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔

حکام نے بتایا ہے کہ آگ اتنی تیزی سے پھیلی کہ لوگوں کو اپنا سامان محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا وقت بالکل نہ ملا۔

صوبائی حکومت کے مطابق ایک لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔ بہت سے لوگ نزدیکی علاقوں میں عارضی رہائش گاہوں میں بھی رہنے پر مجبور ہیں۔

Kanada Waldbrände bei Fort McMurray
پانچ سو سے زائد فائر فائٹرز پندرہ ہیلی کاپٹروں اور چودہ ایئر ٹینکرز کے ساتھ اس آگ پر قابو پانے کی کوشش میں ہیںتصویر: picture alliance/AP Images/J. Franson

صورتحال کی سنگینی کے تناظر میں حکام نے خبردار کیا ہے کہ یہ آگ اب ہمسایہ ریاست سیسکچیوان کو بھی متاثر کر سکتی ہے۔ ابھی تک اس آگ کے باعث ہونے والی تباہ کاریوں کی وجہ سے کسی کے ہلاک ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔

آٹھ مئی بروز اتوار فورٹ میکمری میں بارش شروع ہوگئی ہے۔ فائر فائٹرز کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ٹھنڈی ہوا اور بارش کی وجہ سے آگ پر قابو پانے میں مدد مل سکے گی لیکن پھر اس آگ کو مکمل طور پر کنٹرول کرنے میں کئی ماہ درکار ہو سکتے ہیں۔

پانچ سو سے زائد فائر فائٹرز پندرہ ہیلی کاپٹروں اور چودہ ایئر ٹینکرز کے ساتھ اس آگ پر قابو پانے کی کوشش میں ہیں۔

البرٹا حکومت کے مطابق اب تک یہ آگ دو لاکھ ہیکٹرز (چار لاکھ پچانوے ہزار ایکڑ) تک پھیل چکی ہے۔ گزشتہ ہفتے کے دوران گرم اور خشک موسم کے ساتھ ساتھ تیز ہواؤں نے اس آگ کو بھڑکانے میں اہم کردار کیا۔

محکمہ جنگلات کے مطابق اس علاقے میں گزشتہ دو ماہ سے بارش نہیں ہوئی تھی، جس کی وجہ سے موسم زیادہ گرم رہا۔

البرٹا وائلڈ فائر محکمے سے وابستہ چاڈ موریسن نے روئٹرز کو بتایا کہ اتنے بڑے پیمانے پر لگی آگ کو بجھانے میں انتہائی مشکلات درپیش آتی ہیں اور اگر زیادہ مقدار میں بارش نہ ہوئی تو مسائل شدید بھی ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ رہائشی علاقوں کو بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور لوگوں کو محفوظ مقامات تک پہنچانے کا عمل بھی جاری ہے۔

Kanada Lac la Biche Großbrand Evakuierung Turnhalle
صوبائی حکومت کے مطابق ایک لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ہے۔تصویر: Reuters/C. Wattie

ایسے خدشات بھی برقرار ہیں کہ یہ آگ پھیلتے ہوئے سانکور آئل سینڈز فیلڈ کے قریب پہنچ سکتی ہے۔ یہ مقام فورٹ میمکری سے پندرہ میل دور شمال میں واقع ہے۔

تاہم حکام نے کہا ہے کہ فائر فائٹرز کی بھرپور کوشش ہے کہ اس آگ کو اس مقام تک نہ پھیلنے دیا جائے۔ اسی اثناء اس آئل فیلڈ میں تعینات غیر ضروری عملے کو نکال لیا گیا ہے۔

اس آگ کی وجہ سے کینیڈا کی تیل کی پیداوار بھی متاثر ہونے کے امکانات ہیں، جس کی وجہ سے اقتصادی نقصان ہونا بھی ناگزیر ہو جائے گا۔ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے کینیڈا کو پہلے بھی مالی نقصان اٹھانا پڑا ہے۔ البرٹا میں تیل کے ذخائر کو دنیا میں پائے جانے والے تیل کے تیسرے بڑے ذخائر کا درجہ حاصل ہے۔