1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گاندھی کی 150ویں سالگرہ اور مودی کا ٹوائلٹ منصوبہ

2 اکتوبر 2019

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی بھارت کو ’کھلی جگہ پر رفع حاجت سے پاک‘ ملک قرار دینے والے ہیں مگر ماہرین انگشت بدنداں ہیں کہ ملک کی 1.3 ارب آبادی کو بیت الخلاء تک رسائی حاصل بھی ہے؟

https://p.dw.com/p/3QcD8
Indien | Öffentliche Toilette in Bihar
تصویر: Getty Images/AFP/P. Singh

مودی نے 'لیٹرین فار آل‘ کا نعرہ تب لگایا تھا جب وہ 2014ء میں پہلی مرتبہ ملکی وزیر اعظم بنے، اور آج دو اکتوبر کو جب بھارت اپنی آزادی کے ہیرو مہاتما گاندھی کی 150ویں سالگرہ منا رہا ہے تو مودی اپنے اس منصوبے کی کامیابی کا دعویٰ کرنے والے ہیں اور صفائی کے چیمپیئن قرار پانے والے ہیں۔

مودی حکومت کا دعویٰ ہے کہ اس نے اقتدار میں آنے کے بعد سے قریب 100 ملین یعنی دس کروڑ ٹوائلٹ تعمیر کیے ہیں جس پر عالمی سطح پر ان کی پذیرائی بھی ہوئی اور بِل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے انہیں گزشتہ ہفتے اسی حوالے سے ایک ایوارڈ بھی دیا ہے۔

رواں برس مارچ میں بھارتی حکومت نے بتایا تھا کہ اُس وقت ملک بھر میں قریب 50 ملین افراد کو لیٹرین کی سہولت حاصل نہیں تھی اور وہ کھلے مقامات پر رفع حاجت کر رہے تھے۔ یہ تعداد 2014ء کے مقابلے میں 550 ملین کم تھی اور اسی وقت 550,000 دیہات کو کھلی جگہ پر رفع حاجت سے پاک قرار دیا گیا تھا۔

تاہم ماہرین ان حکومتی دعووں کے بارے میں شکوک وشبہات کا شکار ہیں کیونکہ دیہی اور شہری علاقوں سے متعلق اعداد وشمار اس سے مطابقت نہیں رکھتے۔

بھارت کے 'ریسرچ انسٹیٹیوٹ فار کمپیشیونیٹ اکنامکس‘ (RICE) سے تعلق رکھنے والی سنگیتا ویاس کے مطابق، ''2014ء سے 2018ء کے درمیان بہت زیادہ تعداد میں لیٹرین تعمیر کیے گئے ہیں۔ اور لیٹرین کی ملکیت بھی 35 فیصد سے بڑھ کر 70 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔‘‘

Narendra Modi Fashion Hut
مودی نے 'لیٹرین فار آل‘ کا نعرہ تب لگایا تھا جب وہ 2014ء میں پہلی مرتبہ ملکی وزیر اعظم بنے.تصویر: Getty Images/AFP/S. Panthaky

خبر رساں ادارے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے ویاس کا مزید کہنا تھا، ''یہ اضافہ کھلی جگہ پر رفع حاجت میں کافی کمی کا سبب بنا ہے لیکن دسمبر 2018ء کے اندازوں کے مطابق بہار، مدھیہ پردیش، اتر پردیش اور راجھستان ریاستوں میں قریب نصف لوگ کھلی جگہوں پر ہی رفع حاجت کر رہے تھے۔‘‘ انہیں اس بات پر شبہ ہے کہ اس کے بعد سے صورتحال میں کوئی بڑی تبدیلی واقع ہوئی ہے۔

ماہرین کے مطابق نئے تعمیر کردہ زیادہ تر پاخانے پانی کے کنکشن کے بغیر ہیں اور جب انہیں پانی فراہم کر بھی دیا جاتا ہے تو ثقافتی مسائل کے سبب بہت سے لوگ انہیں استعمال کرنے سے گریز کرتے ہیں۔

69 سالہ نریندر مودی یہ عظیم اعلان ملک کی مغربی اور اپنی آبائی ریاست گجرات میں آج بدھ دو اگست کی شام کو قریب 20 ہزار دیہات کے سربراہوں کے سامنے کرنے والے ہیں۔

آج صبح کے وقت مودی نے نئی دہلی کے راج گھاٹ میموریل پر بھارت کی تحریک آزادی کے عظیم رہنما مہاتما گاندھی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ گاندھی کو برصغیر کی تقسیم کے ایک برس بعد قتل کر دیا گیا تھا۔

ڈی ڈبلیو کے ایڈیٹرز ہر صبح اپنی تازہ ترین خبریں اور چنیدہ رپورٹس اپنے پڑھنے والوں کو بھیجتے ہیں۔ آپ بھی یہاں کلک کر کے یہ نیوز لیٹر موصول کر سکتے ہیں۔

ا ب ا / ع ا (اے ایف پی)