1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گاندھی کے چرخے کی نیلامی ایک لاکھ دس ہزار پاؤنڈ میں

عاطف بلوچ6 نومبر 2013

مہاتما گاندھی کے استعمال میں رہنے والا چرخہ برطانیہ میں ایک لاکھ دس ہزار پاؤنڈ میں نیلام کر دیا گیا ہے۔ اس تاریخی چرخے کی پہلی بولی ساٹھ ہزار پاؤنڈ لگائی گئی تھی۔

https://p.dw.com/p/1ACo2
تصویر: picture-alliance/dpa

خبر رساں ادارے پی ٹی آئی نے بتایا ہے کہ ستیہ گرہ کی تحریک کے دوران جب مہاتما گاندھی کو پونا کی یروڈا جیل میں قید رکھا گیا تھا تو وہاں انہوں نے اسی چرخے کو استعمال کیا تھا۔ گاندھی نے اس چرخے کا استعمال 1930ء کی دہائی میں شروع کیا تھا۔ منگل کو لندن میں ہوئی نیلامی میں مہاتما گاندھی کے زیر استعمال دیگر اشیاء بھی نیلام کی گئیں، ان میں گاندھی کی وصیت بھی شامل تھی، جس کی حتمی قیمت بیس ہزار پاؤنڈ لگی۔

اس نیلامی کے منتظم ’مولکس‘ کی ویب سائٹ پر مہیا کردہ معلومات کے مطابق گاندھی اس چرخے پر کام کرتے ہوئے اپنے کپڑے خود تیار کرتے تھے۔ مزید بتایا گیا ہے کہ ’آزادی کی تحریک‘ کے دوران وہ اسی چرخے پر کام کرتے ہوئے خود کو مراقبے کی کیفیت میں تصور کرتے تھے۔ اس لیے گاندھی کے زیر استعمال رہنے والی دیگر اشیاء کے مقابلے میں اس چرخے کی اہمیت کافی زیادہ بتائی جاتی ہے۔

Flash-Galerie Indien Mahatma Gandhi
گاندھی نے یہ چرخہ ایک امریکی مشنری کو تحفے میں دے دیا تھاتصویر: AP

مہاتما گاندھی بھارت کی آزادی کی جدوجہد کے دوران جب 1932ء اور بعد ازاں 1942ء میں یروڈا جیل بھیجے گئے تھے، تو انہوں نے اس چرخے کا زیادہ تر استعمال وہیں کیا تھا۔

گاندھی نے بعد ازاں یہ چرخہ ایک امریکی مشنری فلائڈ اے پفر کو تحفے میں دے دیا تھا۔ گاندھی نے پفر کو یہ تحفہ ان کی برصغیر میں خدمات کے عوض دیا تھا۔ پفر نوآبادیاتی برصغیر میں تعلیم اور صنعتی ترقی کے حوالے سے ایک اہم شخصیت سمجھے جاتے ہیں۔

مولکس کے ترجمان مائیکل مورس نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ امید کی جا رہی تھی کہ یہ چرخہ ساٹھ ہزار پاؤنڈ میں نیلام ہو گا لیکن جب بولی لگنا شروع ہوئی تو اس کی حتمی قیمت ایک لاکھ دس ہزار پاؤنڈ تک پہنچ گئی۔

مولکس نے لندن کے ایک نیلام گھر میں گاندھی کے زیر استعمال رہنے والی ساٹھ انتہائی اہم اشیاء رکھی تھیں، ان میں چرخے کے علاوہ گاندھی کی تصویریں، کتابیں اور متعدد دستاویزات بھی شامل تھیں۔ نیلام گھر نے ماضی میں گاندھی کی ملکیت ان اشیاء کے کامیاب خریداروں کے بارے میں کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔