کھیلوں کی دنیا سے مختصر مختصر
18 اکتوبر 2022گنگولی کی جگہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے سربراہ اب راجر بِنی
ورلڈ کپ کے فاتح راجر بِنی کو بھارت میں ملکی کرکٹ بورڈ کا نیا سربراہ مقرر کر دیا گیا ہے اور وہ اب سارو گنگولی کی جگہ لیں گے۔ یہ بات بورڈ کے نائب صدر راجیو شُکلا نے صحافیوں کو بتائی۔
ان کا کہنا تھا کہ 67 سالہ راجر بِنی کو 'بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا‘ (BCCI) کی ممبئی میں ہونے والی میٹنگ میں منتخب کیا گیا۔ بورڈ سیکرٹری جے شاہ کو ایک اور مدت کے لیے منتخب کر لیا گیا۔
سال کے بہترین فٹبالر کریم بن زیمہ
ریال میڈرڈ اور فرانس کی فٹبال ٹیم کے فارورڈ پلیئر کریم بن زیمہ نے پہلی مرتبہ گولڈن بال ٹرافی جیت لی ہے۔ یہ مؤقر ٹرافی سال کے بہترین فٹبالر کو دی جاتی ہے۔
گزشتہ 14 برسوں کے دوران یہ ٹرافی اب تک 13 مرتبہ دی گئی ہے جن میں سے 12 مرتبہ یہ لیونل میسی اور رونالڈو میں سے ہی کسی کو ملی۔ کریم بن زیمہ نے 46 فٹبال میچوں میں 44 گول کیے اور ریال میڈرڈ کی چیمپئنز لیگ اور لا لیگا کی ٹرافیاں جیتنے میں مدد کی۔
بن زیمہ کے مطابق یہ اعزاز حاصل کرنا ان کے بچپن کا خواب تھا اور اسے حاصل کر کے وہ بہت فخر محسوس کر رہے ہیں۔
نیمار کے خلاف اسپین میں فراڈ کے مقدمے کی کارروائی شروع
برازیلین فٹبالر نیمار جونیئر فراڈ اور بدعنوانی کے الزامات کے تحت قائم ہونے والے مقدمے کے سلسلے میں ایک ہسپانوی عدالت میں پیش ہوئے۔
پیرس ساں جرماں فٹبال ٹیم کے اسٹار کھلاڑی نیمار پر الزام ہے کہ انہوں نے 2013ء میں برازیل کے سانتوس کلب سے ایف سی بارسلونا میں منتقلی کے وقت اپنی ٹرانسفر فیس کو مبینہ طور پر کم کر کے بتایا تھا۔ برازیل کی سرمایہ کار کمپنی ڈی آئی ایس کے مطابق اصل رقم 82 ملین یورو تھی جبکہ رپورٹ صرف 17 ملین یورو کی گئی تھی۔
نیمار پر اگر یہ الزام ثابت ہو گیا تو انہیں دو برس قید اور 10 ملین یورو تک جرمانہ ہو سکتا ہے۔ اس مقدمے کا سامنا نیمار کے والدین، سانتوس کلب کے سابق سربراہ اوڈیلیو روڈریگیز اور ایف سی بارسلونا کے سابق صدور یوزیپ ماریا بارتومیو اور ساندرو روزیل بھی کر رہے ہیں۔