1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گوانتانامو بے جیل کے کم عمر قیدی کو لاکھوں ڈالر ہرجانہ ادا

عابد حسین
7 جولائی 2017

کینیڈین حکومت نے اپنے ایک شہری کے حقوق کی عدم پاسداری کے تناظر میں لاکھوں امریکی ڈالر کا ہرجانہ ادا کر دیا ہے۔ یہ رقم عمر خضر کو ادا کی گئی، جو تقریباً دس برس تک امریکی جیل گوانتانامو بے میں قید رکھا گیا تھا۔

https://p.dw.com/p/2g77O
Kanada Omar Khadr Prozess Gerichtszeichnung
تصویر: picture-alliance/epa/Janet Hamlin

کینیڈا کے مقامی ذرائع کے مطابق گوانتانامو بے میں رکھے جانے والے کینیڈین شہری عمر خضر کو حکومت نے 8.1 ملین ڈالر کا ہرجانہ ادا کر دیا ہے۔کینیڈا کی لبرل حکومت نے رواں ہفتے کے اوائل میں عمر خضر سے معذرت بھی کی تھی کہ وہ اُس کے حقوق کے مناسب تحفظ میں ناکام رہی تھی۔

Omar Khadr 2002
عمر خضر کی افغانستان جانے سے قبل کی تصویرتصویر: Reuters

ہرجانے کی ادائیگی سے قبل کینیڈین سپریم کورٹ نے بھی اس حوالے سے دائر اپیل میں کہا تھا کہ حکومت عمر خضر کے حقوق کی پاسداری میں ناکام رہی تھی۔ خضر کے وکلاء کے مطابق گوانتانامو کی جیل میں اُسے شدید ناروا سلوک کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

 خضر کو سن 2002 میں افغانستان سے اُس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب وہ صرف پندرہ برس کا تھا۔ افغانستان میں اُسے اُس کا والد لے کر گیا تھا، جو القاعدہ کا فعال رکن تھا۔ خضر کا والد پاکستانی فوج کے خلاف لڑتے ہوئے سن 2003 میں مارا گیا تھا۔

خضر ابھی بم بنانے کی تربیت حاصل کر ہی رہا تھا کہ امریکی فوج کے طبی شعبے سے منسلک ایک فوجی اہلکار کے ساتھ مسلح جھڑپ کے الزام میں اُسے گرفتار کر لیا گیا تھا۔ اُسے امریکی فوج نے گوانتانامو کی خصوصی جیل میں منتقل کر دیا گیا اور اُس جیل کے اندر ہی قائم فوجی عدالت نے اسے سزا سنائی تھی۔ وہ گوانتانامو بے کا کم عمرتین قیدی قرار دیا گیا تھا۔

ایک دہائی تک گوانتانامو بے کی جیل میں قید رہنے کے بعد خضر کو سن 2012 میں کینیڈا منتقل کیا گیا اور اُسے سن 2015 میں رہائی دی گئی۔ عمر خضر نے اپنی حکومت پر تقریباً 16 ملین ڈالر کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کر رکھا تھا۔ اس ہرجانے کی عدالتی کارروائی کے دوران ہی حکومت اور خضر کے درمیان عدالت سے باہر ایک معاہدہ طے پا گیا۔ اس عدالتی کارروائی کی گونج سارے کینیڈا میں محسوس کی گئی ہے۔

 بتایا گیا ہے کہ  عمر خضر نے حاصل ہونے والی اس انتہائی کثیر رقم کو فوری طور پر اپنے اکاؤنٹ میں منتقل بھی کر دیا ہے۔