1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

گولڈن گلوب ایوارڈز: بہترین فلم ’بوائے ہُڈ‘

عابد حسین12 جنوری 2015

ہالی ووڈ فلم انڈسٹری کے گولڈن گلوب ایوارڈزگزشتہ روز لاس اینجلس میں تقسیم کیے گئے۔ فلم کی مختلف شعبوں کے ایوارڈز کسی ایک فلم کو نہیں حاصل ہوئے بلکہ مختلف فلموں کو حاصل ہوئے ہیں۔ فلم ’بوائے وُڈ‘ بہترین فلم قرار پائی ہے۔

https://p.dw.com/p/1EItP
تصویر: Getty Images/Kevin Winter/Detail

عالمی فلمی صنعت کے معتبر ترین ایوارڈ آسکر سے قبل گولڈن گلوب ایوارڈ تقسیم کیا جاتا ہے۔ رواں برس آسکر کی نامزدگیوں کا اعلان پندرہ جنوری کو کیا جانا ہے اور اِس کی تقسیم کی تقریب بائیس فروری کو منعقد کی جائے گی۔ گزشتہ رات گولڈن گلوب ایوارڈز تقسیم کیے گئے۔ سب سے اعلیٰ ایوارڈ یعنی بہترین ڈرامہ فلم کا ایوارڈ فلم ’بوائے ہُڈ‘ کو دیا گیا۔ بہترین میوزیکل یا کامیڈی ایوارڈ ’دی گرینڈ بُوڈاپیسٹ ہوٹل‘ کو حاصل ہوا۔ سب سے فیورٹ فلم ’برڈ مین’ کو حیران کُن انداز میں ججوں کی پذیرائی حاصل نہیں ہو سکی۔

بوائےہُڈ فلم کی ریلیز سن 2014 میں ہوئی تھی۔ اِس فلم کو ہدایتکار رچرڈ لِنکلیٹر نے مکمل کیا ہے۔ فلم کے نمایاں اداکاروں میں پیٹریشیا آرکیٹ، ایلار کولٹرین، لورالائی لِنکلیٹر اور ایتھن ہاک ہیں۔ یہ فلم تقریباً بارہ برس میں مکمل کی گئی ہے۔ اِس دوران وقفے وقفے سے اِس کی عکس بندی کی گئی اور اِس کی وجہ فلم کے دو مرکزی کردار ہیں۔ ایک چھوٹے بچے اور اُس کی بہن کی بڑھتی عمر کے ساتھ تبدیل ہوتے احساسات اور جذبات کو بتدریج سمویا گیا ہے۔ عام نمائش سے قبل یہ فلم کئی فلمی مقابلوں میں بھی پیش کی گئی۔ ان میں برلن منعقدہ فیسٹول میں اِس کو بہترین ہدایتکاری پر سلور بیئر دیا گیا تھا۔

Golden Globes Diana Krüger Je suis Charlie
ایوارڈز کی تقریب میں فرانسیسی طنزیہ جریدے شارلی ایبدو پر کیے گئے حملے کے مقتولین کو یاد کیا گیاتصویر: Getty Images/Jason Merritt

ایوارڈز کی تقریب کا مزاج ابتداء ہی سے اداس اور سنجیدہ ہو گیا جب آغاز پر جورج کلُونی اور ہیلین میرن نے آزادئ رائے کی حمایت کرتے ہوئے فرانسیسی طنزیہ جریدے شارلی ایبدو پر کیے گئے حملے کے مقتولین کو یاد کیا۔ گولڈن گلوب ایوارڈز کی تقریب کا اہتمام اساسی تنظیم ہالی ووڈ فارن پریس ایسوسی ایشن کی جانب سے کیا جاتا ہے۔ تقریبِ ایوارڈز کے دوران ہالی ووڈ فارن پریس ایسوسی ایشن کے ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے صدر تھیو کنگما کے اُس اعلان کو بہت زیادہ پذیرائی حاصل ہوئے جس میں انہوں نے کہا کہ پیرس سے شمالی کوریا تک آزادئ رائے کو دبانے کی ہر کوشش کے خلاف وہ متحد ہو کر کھڑیں ہوں گے۔

شو بزنس پر بنائی گئی طنزیہ فلم ’برڈ مین‘ کو توقع کے مطابق پذیرائی حاصل نہ ہو سکی۔ سات نامزدگیاں حاصل ہو ئیں اور ایوارڈ صرف دو عدد ملے۔ ان میں ایک بہترین اسکرین پلے اور دوسرا بہترین اداکار کا۔ ناقدین کے مطابق ’برڈمین‘ کو بہترین غنائیہ فلم کا ایوارڈ نہ حاصل ہونے پر ہدایتکار ویس اینڈرسن کو بڑی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ اگر فلم ’بوائے ہُڈ‘ کو آسکر مل جاتا ہے تو یہ ایک نیا تاریخی باب ہو گا کیونکہ اب تک کسی بھی چھوٹے اسٹوڈیو کی بنائی ہوئی فلم بہترین کیٹگری کا اعزاز حاصل نہیں کر پائی ہے۔ فلم ’بوائے ہُڈ‘ کو آئی ایف سی فلمز نے تیار کیا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ گولڈن گلوب ایوارڈز کسی بھی طور پر آسکر کی نامزدگیوں پر اثرانداز نہیں ہو سکتے کیونکہ اکیڈیمی ایوارڈز کی نامزدگیوں کی ووٹنگ بند ہو چکی ہے۔