کارنیوال : پانچواں موسم گزر گیا
دریائے رائن کے کنارے آباد شہروں میں آج پیر کو ’روزن مونٹاگ یعنی گلابی پیر‘ کی روایتی جلوس نکالے گئے۔ ان جلوسوں میں شامل فلوٹس کے ذریعے سیاست دانوں اور پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا گیا۔
کولون
جرمن شہر کولون میں کارنیوال کے موقع پر نکالے جانے والے جلوس میں دنیا بھر سے لوگ شرکت کرتے ہیں۔ منتظمیں کے مطابق گلابی پیر کے روایتی جلوس کو دیکھنے کے لیے دس لاکھ سے زائد افراد اس شہر میں موجود تھے۔ جرمنی میں کولون کا کارنیوال دنیا میں اپنی نوعیت کا دوسرا سب سے بڑا اجتماع ہوتا ہے۔ برازیل میں ریو ڈی جنیرو کا کارنیوال دنیا بھر میں سب سے زیادہ مشہور ہے۔
ہاناؤ کا واقعہ
گزشتہ ہفتے ہاناؤ شہر میں دائیں بازو کے ایک مبینہ شدت پسند کی جانب سے کیے جانے والے حملے کے متاثرین کو بھی کارنیوال میں شامل کچھ فلوٹس کے ذریعے یاد کیا گیا۔ اس واقعے میں حملہ آور سمیت گیارہ افراد ہلاک ہوئے۔
روتا ہوا کلیسیا
ہاناؤ واقعے کے تناظر میں کولون کے کارنیوال جلوس میں شہر کے معروف کلیسا ’کولون ڈوم‘ کو روتا ہوا دکھایا گیا ہے۔ اس کلیسا کے دونوں ’ کلس‘ جھکے ہوئے تھے، اس کی آنکھوں سے آنسو رواں تھے اور یہ ہاتھوں میں ایک دل کو اٹھائے ہوئے تھا۔ اس دل پر تحریر تھا’ ہمارے دل ہاناؤ کے لیے دھڑک رہے ہیں‘‘۔
جلوس
کارنیوال کی مختلف کمیٹیاں اور تنظیمیں اپنے اپنے فلوٹس کے ساتھ کولون اور دیگر شہروں میں ایک مخصوص راستے سے گزرتی ہیں۔ ان فلوٹس کو خاص طور پر یورپی سیاست دانوں پر طنز کرنے یا ان کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کے طورپر بھی استعمال کیا جاتا ہے۔
رواداری فلوٹ
ڈسلڈورف میں ہاناؤ واقعے کی یاد میں ’رواداری‘ کے نام سے ایک فلوٹ شامل تھا۔ یہ فلوٹ مذہبی برداریوں کی جانب سے نکالا گیا۔ منتظمین کے مطابق یہ فلوٹ کثیرالجہتی اور دنیا بھر کے لیے آزاد معاشرے کی نمائندگی کر رہا ہے۔ اسی طرح دائیں بازو کی شدت پسندی پر شدید تنقید کی گئی۔
سیاسی تنقید
مائنز میں نکالے گئے جلوس میں کرسچن ڈیموکریٹک پارٹی کی مستعفی ہونے والی سربراہ آنے گریٹ کرامپ کارن باؤر کا بھی ایک پتلا بنایا گیا۔ کارن باؤر جرمن چانسلر انگیلا میرکل کے کپڑے پہنے ہوئے ہیں، جو انہیں انتہائی ڈھیلے ہیں۔
کارنیوال
کارنیوال منانے کے حوالے سے جرمنی کے دو صوبے خاص طور پر باقی تمام وفاقی صوبوں سے سب سے آگے ہیں۔ ان میں سے ایک سب سے زیادہ آبادی والا صوبہ نارتھ رائن ویسٹ فیلیا ہے اور دوسرا رائن لینڈ پلاٹینیٹ۔ جیسا کہ دونوں صوبوں کے ناموں ہی سے ظاہر ہے، ان وفاقی ریاستوں کے زیادہ تر بڑے شہر دریائے رائن کے کنارے آباد ہیں۔
کامیلے
گلابی پیر کے روز سب سے زیادہ ، جو لفظ سننے کو ملتا ہے وہ ہے’کامیلے‘۔ جلوس کے اطراف کھڑے ہوئے شائقین جب یہ لفظ پکارتے ہیں تو ان پر چاکلیٹ اور کھانے پینے کی دیگر اشیاء اور پھول نچھاور کیے جاتے ہیں۔
اور کارنیوال ختم
’گلابی پیر‘ کے ساتھ ہی ہر سال گیارہ نومبر کو گیارہ بج کر گیارہ منٹ پر شروع ہونے والے پانچواں موسم کہلانے والے کارنیوال کا اختتام ہو جاتا ہے۔