ہالینڈ کے گلوکار نے یورو وژن 2019ء جیت لیا
یورپ میں گیتوں کے سب سے بڑے مقابلے یورو وژن کے فائنل میں ڈچ گلوکار ڈنکن لورینس نے بازی مار لی ہے۔ تل ابيب میں ساٹھ سالہ پاپ اسٹارمیڈونا کی خصوصی پرفارمنس نے فائنل مقابلے کی تقریب کو یادگار بنا دیا۔
یورو وژن سونگ کونٹیسٹ 2019ء ڈچ گلوکار کے نام
ہفتے کی رات اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں سجے یورو وژن سونگ کونٹیسٹ کے فائنل میں ڈچ گلوکار ڈنکن لورینس نے اپنی عمدہ کارکردگی سے میدان مار لیا۔ ان کے رومانوی گیت ’آرکیڈ‘ نے شائقین کے دل جیت لیے۔
’بڑے خواب دیکھنا اور سب سے پہلے میوزک‘
پچیس سالہ لورینس نے فائنل میں کی گئی پبلک ووٹنگ میں 492 پوائنٹس حاصل کیے۔ لورینس نے اس مقابلے میں کامیابی کے بعد یورو وژن سونگ ’مائیکروفون‘ نما ٹرافی وصول کرتے ہوئے کہا کہ یہ انعام ’بڑے خواب دیکھنے اور ہمیشہ پہلے موسیقی‘ کے نام ہے۔
یورووژن مقابلے کا بہترین گیت ’آرکیڈ‘
محبت میں ملنے اور بچھڑنے کی داستان پر مبنی رومانوی گیت ’آرکیڈ‘ کے بول سویڈن کے ووٹر ہارڈی اور جوئل سجو نے لکھے تھے۔ اس گیت نے چند شائقین کوآبدیدہ کر دیا۔
میڈونا کے مداح مایوس
یورووژن کے فائنل کی تقریب سے قبل ساٹھ سالہ پاپ اسٹار کی اسٹیج پرفارمنس کا شائقین بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔ تاہم پاپ میوزک کی ملکہ کی پرفارمنس کے دوران سر اور تال کا سنگم زیادہ متاثر کن نہیں تھا، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔
یورو وژن فائنل کے اسٹیج پر اسرائیلی اور فلسطینی پرچم
آئس لینڈ کے راک بینڈ ہٹاری نے اسٹیج پر فلسطینی اسکارف لہرائے جس کے نتیجے میں اسرائیلی ٹیلی وژن کو اسکرین سے یہ مناظر فوری طور پر تبدیل کرنے پڑے۔ دوسری جانب میڈونا کے گروپ میں شامل ڈانسرز نے بھی پرفارمنس کے دوران چند لمحوں کے لیے اسرائیلی اور فلسطینی پرچم اوڑھ لیے۔
لارینس بائی سیکشوئل ہیں
مردوں اور خواتین دونوں سے جنسی رغبت رکھنے والے یعنی بائی سیکوشوئل گلوکار ڈنکن لورینس نے بہترین گیت کا ٹائٹل جیتنے کے بعد پریس کانفرنس میں کہا ’’یہ بات بہت اہم ہے کہ آپ جیسے ہیں ویسے ہی رہیں۔‘‘ یورپ میں بسنے والی ہم جنس پرست کمیونٹی ’LGBT‘ میں لورینس ایک مثالی شخصیت بن چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے جنسی رویوں کے بارے میں سرعام اعلان کیا۔
جرمن گلوکاراؤں کو ایک بھی عوامی ووٹ نہ ملا
جرمنی کی دو گلوکارائیں شارلوٹا ٹرومان اور لوریٹا کیسٹل اپنے گیت ’سسٹر‘ کے ساتھ سالانہ یورپی مقابلے کے فائنل میں کی گئی ووٹنگ میں ایک پوائنٹ بھی حاصل نہ کر سکیں اور یوں جرمنی فائنل میں شریک 26 ملکوں میں سے 24 ویں نمبر پر رہا۔ ٹاپ فائیو ممالک میں ہالینڈ، اٹلی، روس، سوئٹزرلینڈ اور ناروے کے فنکار شامل رہے۔
اسرائیل کی میزبانی کی تعریف
گزشتہ برس یورووژن مقابلے میں اسرائیلی گلوکارہ نیتا بارزیلئی نے بازی مار لی تھی جس کی وجہ سے یورو وژن مقابلے کے میزبانی کے فرائض اسرائیل نے انجام دیے۔ 64ویں یورووژن سونگ کونٹیسٹ کے فائنل شو کو صرف وہاں پر موجود افراد نے ہی نہیں بلکہ ٹیلی وژن پر لاکھوں افراد نے جگمگاتی روشنیوں اور اسٹیج پر موجود برقی قمقموں کو قابل دید قرار دیا۔