1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’’ہاٹ‘‘ ناول لکھنے والی مشہور ادیبہ جیکی کولنز کا انتقال

عابد حسین20 ستمبر 2015

برطانوی ادیبہ جیکی کولنز کو ’بیسٹ سیلر‘ ناول لکھنے کے باعث شہرت حاصل ہوئی تھی۔ اُن کے ناولوں کے پلاٹ جنسی لذت اور جسمانی میل ملاپ کے واقعات کے حامل ہیں۔ اُن کی رحلت 77 برس کی عمر میں ہوئی ہے۔

https://p.dw.com/p/1GZMV
تصویر: Reuters/L. Jackson

خاتون ناول نگار جیکی کولنز کا انتقال امریکی شہر لاس اینجلس میں ہوا۔ وہ چھاتی کے کینسر میں مبتلا تھیں۔ اُن کے خاندان کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا: ’’انتہائی دکھ سے بتایا جاتا ہے کہ ایک منفرد ناول نگار، خوبصورت خاتون، ہمہ جہت شخصیت کی حامل اور شفیق والدہ جیکی کولنز چھاتی کے کینسر میں مبتلا رہنے کے بعد آج ہفتے کی صبح میں انتقال کر گئی ہیں۔‘‘

وہ برطانوی اداکارہ اور ناول نگار جون ہنریکا کولنز کی چھوٹی بہن تھیں۔ جیکی کولنز نے دو مرتبہ شادی کی اور دوسری شادی پچیس برس تک چلتی رہی۔ اُن کے تین بچے ہیں۔ اُن کا پورا نام جیکولین جِل کولنز ہے۔

دنیا بھر میں جیکی کولنز کے تحریر کردہ ناولوں کی پانچ سو ملین کاپیاں فروخت ہو چکی ہیں۔ اُن کے ناولوں کی تعداد بتیس ہے۔ بیشتر ناول دنیا کی چالیس زبانوں میں ترجمہ بھی کیے جا چکے ہیں۔ جیکی کولنز کی ویب سائٹ کے مطابق کُل ناولوں میں سے کم از کم تیس نیویارک ٹائمز نے ’بیسٹ سیلر‘ قرار دیے تھے۔ اُن کے مشہور ترین ناولوں میں سے سن 1983 میں لکھے گئے ناول ’ہالی ووڈ وائیوز‘ کو بہت شہرت ملی۔ اِس ناول میں گلیمرس خواتین کی ہالی ووڈ فلم انڈسٹری میں داخل ہو کر اپنے پُرکشش جسم سے فلم پروڈیوسروں اور ہدایتکاروں کو مرعوب کرنے کی کوششوں کو موضوع بنایا گیا۔

Jackie und Joan Collins
جیکی اپنی بڑی بہن جون کولنز کے ہمراہتصویر: Reuters/D. Moloshok

جیکی کولنز نے اپنے بڑی بہن جون کولنز کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے لکھنے لکھانے کو اپنایا۔ انہوں نے ٹین ایجر ہوتے ہوئے لکھنا شروع کر دیا تھا۔ اُن کے ناولوں کے کردار اینٹرٹینمنٹ انڈسٹری بشمول ہالی ووڈ سے تعلق رکھتے ہیں۔ اِسی لیے اُن کے ناولوں میں کرداروں کی جنسی زندگی کے تجربات کو خاصی وسعت اور عمدہ لفاظی سے بیان کیا گیا ہے۔ کئی ناقدین نے اُن کو ناولوں کو شہوت انگیز قرار دینے سے بھی گریز نہیں کیا۔ ان ناولوں میں بیڈ رومز کے انتہائی پرائیویٹ لمحات سے لے کر بال رومز میں ڈانس کے وقت تھرکتےبدنوں کے خطوط کو بھی کمال مہارت سے بیان کیا گیا ہے۔

اُن کے پہلے ناول ’دی ورلڈ اِز فُل آف میریڈ مَین‘ کو اُن کی ہمعصر اور رومانی ناول نگاری میں شہرت رکھنے والی انگریزادیبہ باربرا کارٹ لینڈ نے ’غلاظت اور گندگی‘ کا مجموعہ قرار دیا تھا۔ اپنے پہلے ناول پر کی جانے والی تنقید کا انہوں نے ہمت سے مقابلہ بھی کیا۔ ویسے جیکی کولنز نے خود بھی ایک مرتبہ نیوز ایجنسی روئٹرز کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ادب تخلیق کرنے کی جراٴت بھی نہیں کر سکتی، وہ محض ایک کہانی کار ہیں۔ انہوں نے ایک مرتبہ کہا کہ وہ اپنے قارئین کو ہالی ووڈ کے اندر کے رنگین و سنگین حالات سے روشناس کروائیں گی چنانچہ پھر انہوں نے کئی ناول اِسی مناسبت سے تحریر کیے۔