ہراساں کیے جانے پر بھارتی خاتون کا مرد سے انتقام
27 دسمبر 2018بھارتی پولیس کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ ایک سینتالیس سالہ خاتون اور اس کے دو مرد ساتھی متاثرہ شخص کو ممبئی کے ایک ویران علاقے میں لے گئے، جہاں انہوں نے اس شخص کے عضو مخصوصہ کو کاٹ دیا۔
ممبئی پولیس کے سینئر انسپکٹر گجنن کابدولے کا نیوز ایجنسی اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’ہم نے ملزمہ اور اس کے دو ساتھیوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمہ نے اقرار کیا ہے کہ یہ اسی کا منصوبہ تھا اور اس نے یہ پلان اس لیے بنایا تھا کہ متاثرہ مرد اسے مسلسل ہراساں کر رہا تھا۔‘‘
پولیس کو بیان دیتے ہوئے اس ملزمہ کا مزید کہنا تھا کہ متاثرہ مرد، جو اس کا ایک ستائیس سالہ ہمسایہ ہے، اپنی جنسی خواہشات پوری کرنے کی کوشش میں تھا۔ اس سینتالیس سالہ خاتون کے دو بچے بھی ہیں۔ پولیس انسپکٹر کے مطابق متاثرہ مرد نے اس خاتون کے شوہر کو بھی بتا دیا تھا کہ اسے اس کی بیوی سے محبت ہو چکی تھی۔ اس وجہ سے ملزمہ اور اس کا شوہر کا کئی مرتبہ آپس میں جھگڑا بھی ہو چکا تھا۔
پولیس کے مطابق اس خاتون نے اپنے محلے ہی کے دو مردوں سے مدد طلب کی تھی، جو متاثرہ بھارتی شہری کو ورغلا کر ایک مقامی صنعتی علاقے میں لے گئے تھے۔ ’’وہاں اس خاتون نے اپنے اس ہمسائے کا عضو مخصوصہ کاٹ دیا۔‘‘
پولیس کا کہنا تھا، ’’ہم نے چاقو قبضے میں لے لیا ہے اور تفتیش جاری ہے۔‘‘ مقامی میڈیا کے مطابق متاثرہ مرد کی جان خطرے میں تھی۔ اس کی سرجری کی جا چکی ہے۔ اب اس ’زخمی‘ شخص کی حالت کچھ بہتر ہے لیکن اس کے اہل خانہ ابھی تک صدمے میں ہیں۔
بھارت میں گزشتہ برس ریاست کیرالہ میں بھی اسی طرح کا ایک واقعہ رونما ہوا تھا، جہاں ایک عورت نے اپنے ساتھ جنسی زیادتی کی کوشش کرنے والے ایک شخص کے اعضائے مخصوصہ کاٹ دیے تھے۔
بھارت میں جنسی زیادتیوں کا ریکارڈ انتہائی برا ہے۔ سن دو ہزار سولہ کے اعداد و شمار کے مطابق اس ملک میں جنسی زیادتی کے روزانہ اوسطاﹰ سو سے زائد واقعات رونما ہوتے ہیں۔
ا ا / م م (اے ایف پی)