ہلاکتوں کے ذمہ دار یانوکووچ اور روسی ایجنٹ، تفتیشی رپورٹ
4 اپریل 2014سابق سوویت یونین سے آزادی حاصل کرنے والی ریاست یوکرائن میں فروری میں مظاہروں کے دوران 90 کے قریب ہونے والے ہلاکتوں کی ذمہ داری سابق صدر وکٹر یانوکووچ اور روس کی جانب سے کییف میں موجود خفیہ ایجنٹوں پر عائد کی گئی ہے۔ اس مناسبت سے عبوری وزیراعظم آرسینی یاٹسینی یُک اور عبوری وزیر داخلہ آرسن اواکوف نے چھ ہفتے تک جاری رہنے والی خصوصی انکوائری کی ابتدائی تفصیلات میڈیا کے سامنے پیش کیں۔ عبوری وزیراعظم یاٹسینی یُک کا کہنا ہے کہ سابق صدر کو عدالتی کٹہرے کا سامنا کرنا ہو گا کیونکہ وہ قتل عام میں ملوث رہے ہیں۔
عبوری وزیر داخلہ اواکوف کے مطابق بیس فروری کے روز ہونے والی ہلاکتوں میں دارالحکومت کییف کی مختلف عمارتوں پر بیٹھے ماہر نشانچی بھی ملوث تھے اور ان کی نشاندہی طبی امداد فراہم کرنے والوں کے علاوہ مظاہرین نے بھی کی تھی۔ اواکوف کے مطابق مظاہرین کو ہلاک کرنے کا حکم سابق حکومت کی جانب سے دیا گیا تھا۔ یوکرائن کے چیف پراسیکیوٹر اولی ماخنِٹسکی نے بتایا ہے کہ حکومت کی ہدایت پر یانوکووچ دور میں مظاہروں کو کرش کرنے والی خصوصی پولیس بیرکوٹ کے ایک درجن اہلکار حراست میں لیے جا چکے ہیں۔ ماخنِٹسکی کے مطابق ان افراد پر پرامن مظاہرین پر فائرنگ کرنے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ موجودہ عبوری حکومت نے حکومت پر قبضہ حاصل کرنے کے بعد رواں برس فروری کے آخر میں یانوکووچ دور کی خصوصی پولیس بیرکوٹ کو تحلیل کر دیا ہے۔
اسی دوران روس کی جانب سے یوکرائن کو فراہم کرنے والی گیس کی قیمتوں میں 80 فیصد اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔ گیس کی قیمتوں میں اضافے پر امریکی حکومت نے روسی فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے تنقید کی ہے۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان جے کارنی کا کہنا ہے کہ کسی بھی ملک کی طرف سے دوسرے ملک کو دی جانے والے اشیا کی قیمت بڑھانا جبر کے زمرے میں آتا ہے اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ بھی یوکرائن کے اندرونی معاملات میں مداخلت کے مساوی ہے۔ دریں اثنا روس نے مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کی جانب سے یوکرائن کی حمایت کے فیصلے پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے علاقے پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔
اُدھر روس کی خفیہ ایجنسی ایف ایس بی (FSB) کے ترجمان نے یوکرائن کی عبوری حکومت کی انکوائری کے نتائج کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دے دیا ہے۔ اسی طرح روس کے وزیر خارجہ سیرگئی لاوروف کا کہنا ہے کہ مظاہروں کے دوران ہونے والی ہلاکتوں کی مناسبت سے کییف حکومت کا بہت ساری شہادتوں کا دعویٰ تضادات کا شکار ہے۔ اِس دوران روس نے 25 یوکرائنی باشندوں کو گرفتار کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔ روس کی خفیہ ایجنسی FSB نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ مشتبہ افراد روس کے جنوبی اور وسطی حصوں میں حملوں کی پلاننگ کر رہے تھے۔ ان افراد کی گرفتاری 14 اور 17 مارچ کو عمل میں آئی تھی اور ان کے ممکنہ حملوں کے مقامات میں راستوف، وولگووگراڈ، تویر، اوریل، بیلگوگراڈ، کلمیکیا اور جمہوریہ تاتارستان کے بعض علاقے شامل ہیں۔