ہوٹل کی صنعت، اب استقبال روبوٹ کریں گے
13 مارچ 2016روبوٹس اب ہوٹل کی صنعت میں ویٹرز کے طور پر متعارف کرائے جانے لگے ہیں اور یہ اپنے فرائض نہایت تن دہی سے انجام دیتے نظر آتے ہیں۔ اب یہ عین ممکن ہے کہ آپ کسی ہوٹل میں پہنچیں تو آپ کو خوش آمدید کہنے والا بھی روبوٹ ہو اور آپ کے کمرے کی الیکٹرانک چابی بھی کوئی روبوٹ ہی آپ کے حوالے کرے۔ پھر آپ کو ہوٹل میں وائی فائی کا پاس ورڈ بتانے والا بھی کوئی انسان نہیں بلکہ روبوٹ ہی ہو۔
برلن کے ایک صنعتی نمائشی ہال میں ٹریول انڈسٹری (سفری صنعت) سے وابستہ ہزاروں لوگوں کے درمیان آئی ٹی بی نامی سیاحتی میلے میں آنے والوں کو انگریزی، جرمن، چینی اور جاپانی زبانوں میں خوش آمدید کہنے والے روبوٹس ہی تھے۔ انسان کی طرح کا نظر آنے والا یہ روبوٹ چیہیرا کانائے نیلے رنگ کی جیکٹ زیب تن کیے ہوئے تھا، جب کہ اس کے گلے کے ارد گرد ایک اسکارف بھی لپٹا ہوا تھا۔ چیہیرا کانائے کا یہ پہلا دورہ یورپ ہے اور اس کے اس دورے کا مقصد اپنے اور اپنے جیسے دیگر روبوٹس کے لیے ملازمتوں کا حصول ہے، یعنی ہوٹل کی صنعت میں ملازمت۔
تین ماہ قبل اس روبوٹ کی ایک ’بہن‘ ٹوکیو کے ایک شاپنگ سینٹر میں لوگوں سے ملنے اور انہیں خوش آمدید کہنے کی ملازمت پر مامور ہوئی تھی۔
ان روبوٹس کی خالق کمپنی توشیبا کا کہنا ہے کہ مستقبل میں سیاحت کی صنعت میں ہر طرف روبوٹس دکھائی دینے لگیں گے، کیوں کہ اس شعبے میں ان کا مستقبل نہایت روشن ہے۔
ماریو نامی روبوٹ نے بھی بیلجیم کے شہر گَینٹ کے میریٹ ہوٹل میں ملازمت حاصل کر لی ہے، جہاں وہ گزشتہ برس جون سے ہر آنے والے کو خوش آمدید کہتا دکھائی دیتا ہے۔ یہ روبوٹ بھی کئی زبانیں جانتا ہے، یعنی 19 زبانوں میں مہانوں کو خوش آمدید کہنا کسی انسانی ویٹر کے لیے یقیناﹰ ایک مشکل کام ہو گا۔ اس پر یہ روبوٹ ہوٹل میں کھانا لگانے اور مہمانوں کی دلچسپی کے لیے گانا گانے اور رقص کرنے جیسے کام بھی کرتا نظر آتا ہے۔
چیہیرا کانائے کی طرح ماریو دیکھنے میں تاہم انسانوں جیسا نہیں لگتا۔ 50 سینٹی میٹر قامت کا ماریو سرخ اور سفید دھاریوں کا حامل ہے، جس کے کانوں کی جگہ اسپیکرز لگے ہیں اور اس کی کل چھ انگلیاں ہیں۔ چھوٹے سے قد کا ماریو تاہم اپنے ہوٹل کے مالکان اور مینیجرز کو اپنے کام سے قائل اور خوش کرنے میں کامیاب ضرور ہو گیا ہے۔
اس ہوٹل کے ڈائریکٹر جنرل کے مطابق، ’’ماریو ہر شخص کے چہرے پر مسکراہٹ کا باعث بن جاتا ہے۔ یہ ایک اچھا طریقہ ہے کہ لوگ ہمارے ہوٹل کو ہمیشہ یاد رکھیں۔‘‘