ہیوسٹن، ہاروی سے شدید متاثر
29 اگست 2017امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے پیر 28 اگست کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ سمندری طوفان ’’ہاروی‘‘ کے سبب ہیوسٹن شہر میں پھیلنے والی تباہی کے اثرات پر قابو پانے کے لیے طویل وقت درکار ہو گا ۔
ٹرمپ نے مزید کہا کے یہ اب تک کی تاریخ کا سب سے تباہ کن اور شدید سمندری طوفان تھا اور وفاقی حکومت اس قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے ہیوسٹن میں امدادی سرگرمیوں میں تعاون کی یقین دہانی کراتی ہے ۔
ایک رپورٹر کے سوال کا جواب دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کے بہت جلد تعمیر نو کا کام شروع ہو جائے گا۔ آج منگل کے روز صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ طوفان نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔
سمندری طوفان ’’ہاروی‘‘ کے سبب ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب سے اب تک چھ افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور بارش کی وجہ سے ہیوسٹن شہر کی بیشتر سڑکیں دریا کا منظر پیش کر رہی ہیں۔
ہیوسٹن کے میئر سلویسٹر ٹرنر نے پیر 28 اگست کو ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ پولیس نے آٹھ گھنٹوں کے دوران تب تک ایک ہزار لوگوں کوریسکیو کیا تھا اور مجموعی طور پر تقریباﹰ تین ہزار لوگ ریسکیو کیے جا چکے ہیں اور مزید امدادی کاروائیاں جاری ہیں۔
پیر کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹیکساس کی قریبی ریاست لوزیانا میں بھی ہنگامی حالت نافذ کرنے کی منظوری دی۔ اس دوران ہیوسٹن شدید بارشوں کی زد میں ہے حکام نے منگل کے روز دوبارہ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ حکام کے مطابق اس غیر محفوظ صورتحال سے نمٹنے کے لیے امدادی سرگرمیوں کو مربوط بنایا جا رہا ہے۔
حکام نے اس بات کا بھی خدشہ ظاہر کیا کہ ریاست کے باہر ساحلی علاقے لا پورٹے سے شاید کیمیکل کا اخراج شروع ہو گیا ہے۔ لا پورٹے فائر ڈیپارٹمنٹ کے مطابق پائپ لائن کے پھٹنے کے سبب کیمیکل کا اخراج ہوا اور اس اخراج کو روکنے کے سلسلے میں کام جاری ہے۔حکام نے قریبی علاقوں کے رہائشی افراد سے گزارش کی کہ وہ اپنے گھروں میں ہی رہیں۔
واضح رہے کے امریکا کی تیل و گیس کی صنعت کی بڑی کمپنیاں ٹیکساس میں ہیں اور سیلاب کی وجہ سے امریکا کی بڑی ریفائنریاں بند ہو گئی ہیں۔
امریکی ریاست ٹیکساس میں انتظامیہ کے اندازوں کے مطابق سمندری طوفان ہاروی سے متاثر ہونے والے ساڑھے چار لاکھ افراد کو امداد کی ضرورت ہے۔ جبکہ اس بد ترین صورتحال میں تقریباً 30 ہزار افراد کو عارضی پناہ گاہوں کی ضرورت ہو گی۔ امریکی انتظامیہ نے کہا ہے کہ عوام بھی اس پریشانی میں حکومت کا ساتھ دیں کیونکہ صرف حکومتی ادارے اکیلے اس صورتحال سے نہیں نمٹ سکتے۔
ہیوسٹن کے میئر سلویسٹر ٹرنر نے کہا کہ اس سمندری طوفان کی شدت اور اس سے ممکنہ تباہی کا درست اندازہ نہیں تھا اور 2.3 ملین کی آبادی والے اس شہر کے لوگوں کونکالنا اتنا آسان کام نہیں اور اس کام کے لیے حکومت کو کچھ دن درکار ہوں گے۔
امریکی محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشں گوئی کی ہے۔ آئندہ دنوں میں متوقع شدید بارشوں کےسبب صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔