1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یمنی صدر پر اقتدار کی منتقلی کے لیے امریکی دباؤ

7 جون 2011

امریکی حکومت نے یمن کے صدر علی عبد اللہ صالح پر اقتدار کی ’فوری منتقلی‘ کے لیے زور دیا ہے۔ اُدھر سعودی عرب کے ایک فوجی ہسپتال میں زیر علاج صالح چند روز کے اندر اندر وطن واپسی کا عزم ظاہر کر رہے ہیں۔

https://p.dw.com/p/11VYA
یمنی صدر علی عبد اللہ صالح
یمنی صدر علی عبد اللہ صالحتصویر: picture-alliance/dpa

یمن میں گزشتہ چار ماہ سے جاری خونریز ہنگاموں کے دوران صالح اپنے صدارتی محل پر ہونے والے ایک حملے میں زخمی ہو گئے تھے، جس کے بعد انہیں ہفتے کے روز علاج کی غرض سے سعودی عرب پہنچا دیا گیا تھا۔

اگرچہ امریکہ کو خدشہ ہے کہ دہشت گرد گروپ القاعدہ یمن میں جاری بد امنی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے وہاں اپنی موجودگی کو مزید مستحکم بنا سکتا ہے تاہم پیر کو وائٹ ہاؤس کے ترجمان جے کارنی کا کہنا تھا:’’ہمارے خیال میں اقتدار کی فوری منتقلی یمنی عوام کے بھی مفاد میں ہو گی اور اس سے یمن کی واضح طور پر غیر مستحکم صورتِ حال کو مستحکم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔‘‘

یمن میں صدر صالح کے علاج کی غرض سے سعودی عرب جانے کو اُن کی طرف سے اقتدار چھوڑنے کے مترداف سمجھتے ہوئے خوشیاں منائی جا رہی ہیں
یمن میں صدر صالح کے علاج کی غرض سے سعودی عرب جانے کو اُن کی طرف سے اقتدار چھوڑنے کے مترداف سمجھتے ہوئے خوشیاں منائی جا رہی ہیںتصویر: picture alliance/dpa

امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے بھی واشنگٹن میں اپنے فرانسیسی ہم منصب الاں ژوپے کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صالح کو اقتدار چھوڑ دینا چاہیے تاہم فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے ایک جائزے کے مطابق اِس موقع پر کلنٹن نے واضح طور پر صالح کو حکومت چھوڑنے کا حکم دینے سے گریز کیا۔

کلنٹن نے مزید کہا:’’یمن میں بدستور ایک سویلین حکومت برسرِ اقتدار ہے۔ نائب صدر قائم مقام صدر کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔‘‘ کلنٹن نے بتایا کہ صنعاء میں امریکی سفارت خانہ حالات کا درست اندازہ لگانے کے لیے یمنی حکام کی ایک بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کے نمائندوں کے ساتھ بھی ملاقاتیں کر رہا ہے۔ کلنٹن نے کہا:’’ظاہر ہے، مَیں اِس بارے میں کوئی قیاس آرائی نہیں کر سکتی کہ صدر صالح کیا کچھ کرنے یا کہنے جا رہے ہیں لیکن ہم دباؤ نہیں ڈالنا چاہتے۔ ہم اقتدار کی پُر امن اور باقاعدہ منتقلی کے لیے کہہ رہے ہیں، جس میں تشدد نہ ہو اور جو یمن کے اپنے آئین کے مطابق ہو۔‘‘

صالح کے سعودی عرب سے وطن واپسی کے عزائم کا مطلب یہ ہو گا کہ یمن میں اُن کے طویل دورِ اقتدار کے خلاف ہنگاموں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو جائے گا
صالح کے سعودی عرب سے وطن واپسی کے عزائم کا مطلب یہ ہو گا کہ یمن میں اُن کے طویل دورِ اقتدار کے خلاف ہنگاموں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو جائے گاتصویر: dapd

واشنگٹن حکومت خلیجی تعاون کونسل کے اُس مصالحتی منصوبے کی تائید و حمایت کر رہی ہے، جس میں یہ کہا گیا ہے کہ صدر صالح تیس روز کے اندر اندر اقتدار ایک عبوری حکومت کو سونپ دیں گے اور بدلے میں اُنہیں کسی بھی طرح کی تادیبی کارروائی سے تحفظ کی ضمانت دی جائے گی۔

اُدھر سعودی دارالحکومت ریاض کے ایک ہسپتال میں زیر علاج 69 سالہ علی عبد اللہ صالح کے ایک قریبی ساتھی نے بتایا کہ یمنی صدر آئندہ چند روز کے اندر اندر واپس دارالحکومت صنعاء جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ 33 سال سے برسرِ اقتدار چلے آ رہے صالح کے ان عزائم کا مطلب یہ ہو گا کہ یمن میں اُن کے طویل دورِ اقتدار کے خلاف ہنگاموں کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔

رپورٹ: امجد علی

ادارت: کشور مصطفیٰ

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں