یورو بحران کے باوجود جرمن صارفین پر امید
26 اکتوبر 2011یورو زون کے مالیاتی بحران اور یورپی یونین میں اقتصادی کساد بازاری کے خوف کے باوجود عام جرمن شہریوں کی سوچ تاحال یہی ہے کہ موجودہ صورت حال سے نہ تو جرمن معیشت پر کوئی قابل ذکر اثر پڑے گا اور نہ ہی آئندہ ان کی انفرادی آمدنی متاثر ہو گی۔
فرینکفرٹ میں جی ایف کے کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق جرمن صارفین میں اقتصادی حوالے سے پائے جانے والے اعتماد میں گزشتہ مہینے کے مقابلے میں واضح اضافہ ہوا ہے اور یورپی یونین کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک جرمنی میں عام شہری نہ صرف مستقبل کے بارے میں خوش امید ہیں بلکہ وہ اپنے پاس موجود مالی وسائل بھی بلا خوف و خطر استعمال میں لا رہے ہیں۔ یعنی ان میں ایسا کوئی خوف نہیں ہے کہ وہ آنے والے ہفتوں اور مہینوں میں اپنی آمدنی سے متعلق کسی غیر یقینی صورت حال کی وجہ سے اپنی ضرورت یا پسند کی اشیاء نہ خریدیں اور اپنے سرمائے کو مشکل وقت کے لیے غیر معمولی حد تک بچائے رکھیں۔
GfK کے اس سروے سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ جرمن کارکنوں کی مالی خود اعتمادی میں ملک میں روزگار کی منڈی میں بہتری اور ان کی اجرتوں میں اضافے کے اس سال کے دوران اب تک ہونے والے فیصلوں کی وجہ سے مزید اضافہ ہوا ہے۔
Consumer Confidence Index کے بارے میں اس سروے کے لیے پورے ملک میں دو ہزار صارفین اور ان کے اہل خانہ سے ان کا رد عمل دریافت کیا گیا۔ اس عمل میں رائے دہندہ صارفین کو یہ بتانا تھا کہ وہ جرمن معیشت کی موجودہ صورت حال اور اپنی اجرتوں کی موجودہ سطح کو کیسے دیکھتے ہیں اور آئندہ مہینوں کے بارے میں اور اپنے پاس موجود سرمائے کو استعمال کرنے سے متعلق ان کے ذہنی رویے کیسے ہیں۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ صارفین کے معیشت اور روزگار سے متعلق ان رجحانات کے برعکس ابھی گزشتہ ہفتے ہی جرمن پیداواری اور کاروباری اداروں کے رد عمل پر مشتمل بزنس کلائمیٹ انڈکس بھی جاری کیا گیا تھا۔ یہ انڈکس IFO نامی اقتصادی تحقیقی ادارے نے جاری کیا تھا، جس کے مطابق جرمن کاروباری شخصیات میں مستقبل کے حوالے سے خوش امیدی گزشتہ ایک سال کے دوران اپنی سب سے نچلی سطح تک پہنچ چکی تھی۔ اس کا سبب بنیادی طور پر یورو زون کا مالیاتی بحران قرار دیا گیا تھا۔
رپورٹ: مقبول ملک
ادارت: عصمت جبیں