1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

291010 EU 4 Gipfel

30 اکتوبر 2010

یورپی یونین کے صدر ہیرمن فان رومپوئے نے برسلز میں جاری یورپی یونین سمٹ کے بعد اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ یورپی رہنماؤں نے جمعہ کے روز ہونے والی ملاقات میں یورو کے استحکام کے لئے اہم فیصلے کئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/PuIX
تصویر: AP

رومپوئے کے مطابق گزشتہ روز یورپی رہنماؤں کی طرف سے اہم فیصلے کئے گئے تاکہ ایک ایسا نظام قائم کیا جا سکے، جو یورو زون کو مستقبل میں کسی پریشانی میں مبتلا ہونے سے بچا سکے۔

’’یورپی کونسل نے یورو زون ہنگامی نظام پر اتفاق ظاہر کیا۔ یہ ایک ایسا مربوط معاہدہ ہے جو یورو کو مستحکم کرے گا۔ گزشتہ کیا ماہ میں یورپی رہنماؤں کی طرف سے اٹھایا جانے والا یہ اہم ترین اقدام ہے۔‘‘

رومپوئے نے کہا کہ جمعہ کے روز ہونے والے یورپی سربراہ اجلاس میں آئندہ ہونے والی بین الاقوامی اجلاسوں کے حوالے سے منصوبہ بندی کی گئی تاکہ دنیا بھر میں یورپی یونین کے پارٹنرز کو ایک مضبوط پیغام دیا جا سکے۔

’’ہم نے اجلاس کے آغاز میں دو ہفتے بعد سیول میں ہونے والے جی 20 سربراہ اجلاس کے بارے میں تفصیلی بات چیت کی۔ عالمی تجارت میں عدم توازن اور اس کے دنیا پر پڑنے والے اثرات کے ساتھ ساتھ عالمی اقتصادی بحران کے خاتمے کے بعد اس کے اثرات زیربحث رہے۔ اجلاس میں یورپی یونین میں بیروزگاری میں اضافے اور اقتصادی نمو میں کمی کے رجحانات پر بھی گفتگو کی گئی۔ میں، یورپی کمیشن کے سربراہ اور دیگر یورپی سربراہان جی 20 اجلاس میں یورپی مؤقف کا مکمل دفاع کریں گے۔‘‘

NO FLASH EU Gipfel in Brüssel Pressekonferenz
جرمن چانسلر انگیلا میرکلتصویر: AP

اجلاس کے بعد اپنے ایک بیان میں یورپی کمیشن کے سربراہ یوزے مانویل باروسو نے کہا کہ یورپی یونین کے سربراہ اجلاس میں سب سے زیادہ اہم موضوع یورپی معیشت کی مضبوطی اور استحکام رہا اور اس حوالے سے ’واقعی‘ پیش رفت ہوئی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دیگر یورپی ادارے اس پیش رفت کی جلد ہی تصدیق کر دیں گے۔

’’ہمیں کچھ فیصلے داخلی سطح پر کرنے ہیں تاہم ہمیں بین الاقوامی صورتحال کو بھی ذہن میں رکھنا چاہیے۔ طویل بنیادوں پر ہماری معیشت کا دارومدار بہرحال عالمی تبدیلیوں پر ہے۔ اس لئے مجھے خوشی ہے کہ یورپی کونسل کے صدر اور میں جب یورپی یونین کی جی 20 نمائندگی کریں گے، تو ہمیں یورپی سربراہان کی بھرپور حمایت حاصل ہو گی۔ یورپی اجلاس میں جی 20 کے حوالے سے تفصیلی ایجینڈا طے کیا گیا ہے۔‘‘

NO FLASH EU Gipfel Brüssel Belgien
برسلز سربراہ اجلاس میں یورو کا استحکام اہم ترین موضوع ہےتصویر: AP

دوسری جانب جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یورپی یونین میں شامل ممالک کی معیشتوں پر ہنگامی بنیادوں پر نگاہ رکھنے کے لئے یورپی سطح کے نظام کی موجودگی جرمن نکتہ نظر تھا۔ انہوں نے کہاکہ اس نظام کی موجودگی یورپی ممالک کی پسند یا نا پسند کی بات نہیں بلکہ ایک اہم ضرورت ہے۔

’’جرمنی کی جانب سے بار بار اس نظام کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے۔ اس حوالے سے ہمارا مؤقف واضح اور مدلل ہے کیونکہ یہ ایک اہم ضرورت ہے۔‘‘

فرانسیسی صدر نکولا سارکوزی کی طرف سے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ یورو کرائسس میکنیزم کے حوالے سے تفصیلی طور پر معاملات رواں برس دسمبر تک طے کر لئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس اور یورپ کے لئے بہتر راستہ مسائل سے منہ موڑنے میں نہیں بلکہ انہیں مؤثر انداز سے حل کرنے میں ہے۔

رپورٹ : عاطف توقیر

ادارت : افسر اعوان

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں