1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپ کورونا کے پھیلاؤ سے خبردار رہے، ڈبلیو ایچ او

18 ستمبر 2020

یورپ میں روزانہ کورونا کے کیسز بڑھ رہے ہیں۔ عالمی ادارہٴ صحت نے یورپی ممالک کو خبردار کیا ہے کہ وہ کورونا کے دوبارہ پھیلاؤ پر کڑی نظر رکھیں۔

https://p.dw.com/p/3iga2
Coronavirus Deutschland Mundschutz
تصویر: Getty Images/AFP/T. Kienzle

ایک بیان میں عالمی ادارہٴ صحت نے براعظم یورپ میں کیسز کے اضافے کو حیران کن اور پریشان کن قرار دیا۔ ڈبلیو ایچ او نے خبردار کیا کہ اس صورت حال پر قابو نہ پایا گیا تو مریضوں کی تعداد اندازوں سے کہیں زیادہ ہو سکتی ہے۔

عالمی ادارہٴ صحت کی تشویش

 ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر ڈاکٹر ہانس کلوگے نے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی تعداد پچاس ہزار سے زائد ہوجانا انتہائی خطرناک ہے۔ خیال ہے کہ مریضوں کی تعداد میں اضافے کی ایک وجہ ٹیسٹ کی سہولیات میں اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔

ڈاکٹر ہانس کلوگے کا کہنا ہے کہ حالیہ اضافے میں دیکھا گیا ہے کہ وائرس کا شکار ہونے والے افراد کی عمریں پچیس سے انچاس برس کے درمیان ہیں۔

ان کے مطابق وائرس کی لپیٹ میں آنے والوں میں بزرگ افراد کی تعداد بھی بڑھی ہے۔ ساٹھ برس سے زائد عمر کے وہ لوگ جنہیں امراضِ قلب یا شوگر کا سامنا ہے، انہیں کووڈ انیس کے 'رسک گروپ‘  میں شمار کیا جاتا ہے۔

WHO Europa Hans Kluge
تصویر: Alberto Pizzoli/AFP/Getty Images

قرنطینہ کا معاملہ

بعض ممالک نے قرنطینہ کی مدت میں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ ایسے ممالک میں فرانس بھی شامل ہے، جہاں اس کی مدت نصف یعنی سات دن کر دی گئی ہے۔ اسی طرح برطانیہ اور آئر لینڈ میں بھی قرنطینہ کی مدت دس روز کی جا چکی ہے۔ باقی ملک بھی اس پر غور کر رہے ہیں۔

لیکن عالمی ادارے نے قرنطینہ کے ایام کو کم کرنے سے بھی باز رہنے کی ہدایت کی ہے اور اسے کم از کم چودہ دن رکھنے کی ہدایت کی ہے۔ 

جرمنی کی صورت حال

جرمنی میں کورونا کی لپیٹ میں آنے والے مریضوں کا ریکارڈ رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ رکھتا ہے۔ اس کے مطابق اپریل کے بعد صرف ایک دن میں وائرس کا سب زیادہ شکار ہونے والے افراد کی تعداد 2194 ہے اور یہ رواں ہفتے بدھ سولہ ستمبر کو ریکارڈ کی گئی۔ جرمنی میں کووڈ انیس کی لپیٹ میں آنے والے افراد کی کل تعداد دو لاکھ پینسٹھ ہزار سے زائد ہے جبکہ وائرس 9300 مریضوں کی جان لے چکا ہے۔

Deutschland München | Coronavirus | Protest
تصویر: Getty Images/AFP/C. Stache

وبا کو قابو کرنے کی یورپی کوششیں

برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے پَبز (شراب خانوں) کے مالکان سے کہا ہے کہ وہ دیر رات تک انہیں مت کھلا رکھیں اور جلد بند کیا کریں۔ انگلینڈ اور نیو کاسل میں لوگوں کو گھروں کے باہر میل ملاقات سے روک دیا گیا ہے۔ برطانیہ میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتیں اکتالیس ہزار سات سو پانچ ہیں، جو یورپ میں سب سے زیادہ ہیں۔

جرمنی کے ہمسایہ ملک آسٹریا نے بھی اپنے شہریوں کو کورونا کی دوسری لہر سے خبردار کیا ہے۔ حکومت نے گھروں میں ہونے والی تقریبات کے شرکاء کی زیادہ سے زیادہ تعداد دس افراد تک محدود کی ہے۔ یہی ضابطہ ہر طرح کی پارٹیوں اور تقریبات پر قابو لاگو ہو گا۔

ہسپانوی دارالحکومت میڈرڈ میں لوگوں کی نقل و حرکت اور رابطوں کو محدود کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح فرانسیسی حکومت نے ٹینس کے اہم ٹورنامنٹ فرنچ اوپن میں تماشائیوں کی تعداد ساڑھے گیارہ ہزار سے کم کرکے پانچ ہزار کر دی ہے۔

ع ح، ش ج (اے ایف پی،ڈی پی اے)