یورپ کے دس شاندار تفریحی پارک
سن 2019 میں جرمنی کے یورپا پارک کا لطف اٹھانے والے شائقین کی تعداد ستاون لاکھ رہی اور یہ ایک نیا یورپی ریکارڈ ہے۔ یہ ایک حقیقت ہے کہ براعظم یورپ کے کئی ممالک میں متعدد دلفریب اور شاندار تفریحی پارک بھی موجود ہیں۔
رُسٹ کا یورپا پارک، جرمنی
جرمن ریاست باڈن ورٹمبرگ کے جنوب میں واقع قصبے رُسٹ میں وسیع و عریض یورپا پارک واقع ہے۔ اس تفریحی پارک پہنچنے والے شائقین کی تعداد سن 2019 میں ستاون لاکھ تھی۔ اس باعث اسے جرمنی کے علاوہ یورپ کا پسندیدہ تفریحی پارک قرار دیا جا سکتا ہے۔ اس تفریحی پارک میں گزشتہ برس انڈور واٹر تفریح کا علاقہ ’رولانٹیکا‘ متعارف کرایا گیا تھا۔
پیرس کا ڈزنی لینڈ، فرانس
ڈزنی فلمز کی مختلف فلموں کے دلچسپ اور مقبول کرداروں پر مشتمل تفریحی پارک بچوں کے ساتھ ساتھ بڑوں میں بھی بہت مقبول ہے۔ ہر سال پندرہ ملین افراد اس پارک کو دیکھنے آتے ہیں۔ یہاں ڈزنی کریکٹرز مِنی اور مِکی ماؤس بچوں کی تفریح کے لیے موجود ہوتے ہیں۔ یہ دو ہزار ہیکٹرز پر پھیلا ہوا تفریحی پارک ہے۔
ویانا پراٹر، آسٹریا
آسٹریا کے دارالحکومت ویانا کے وسط میں واقع یہ تفریحی پارک دنیا کے قدیمی پارکس میں شمار کیا جاتا ہے۔ ڈھائی سو برسوں سے قائم یہ تفریحی پارک کئی دوسرے ایمیوزمینٹ پارکس کے لیے ایک ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس کا لطف لینے ہر سال چالیس لاکھ وہاں لوگ جاتے ہیں۔ اس میں واقع پینسٹھ میٹر بلند جھولا انتہائی مقبول ہے۔
کاسٹیلنُووا ڈیل گارڈا کا گارڈالینڈ، اٹلی
گارڈا لینڈ ایک دلچسپ اور حیران کن فینٹسی ورلڈ ہے جو ایک جادوائی درخت کے گرد تعمیر ہے۔ ہر سال اس عجیب و غریب پارک کا لطف لینے پونے تین ملین لوگ جھیل گارڈا پہنچتے ہیں۔ اس پارک میں چالیس مختلف پرکشش رائیڈز ہیں جو چار مختلف حصوں میں پھیلی ہوئی ہیں۔
سالاؤ کا پورٹ ایونٹورا، اسپین
ہسپانوی شہر بارسلونا کے جنوب میں ملک کا سب سے بڑا تفریحی پارک پورٹ ایونٹورا لاکھوں شائقین کی دلچسپیوں کا حامل ہے۔ وسیع رقبے پر پھیلا ہوا یہ پارک سیاحوں کے ساتھ ساتھ مقامی لوگوں میں بھی بے پناہ مقبول ہے۔ ہر سال پینتیس لاکھ شائقین پورٹ ایونٹورا کا لطف لینے پہنچتے ہیں۔
گِیا کا زُومارین، پرتگال
پرتگالی علاقے الگاروی کے ایک مقام گِیا میں تعمیر کردہ زومارین تفریحی پارک انتہائی منفرد ہے۔ اس پارک کی سب سے بڑی دلچسپی سمندری مخلوق ڈولفن، سیل، ہاربر سیل اور سی لائن کے اسٹیج پر کرنے والے مختلف کرتب ہیں۔ اس پارک میں شائقین اسٹیج پر طوطوں کی دی جانے والی پرفارمنس سے بھی لطف اٹھاتے ہے۔
فارلے کا ایلٹن ٹاور، برطانیہ
برطانوی شہر برمنگھم کے شمال میں واقع تفریحی پارک ایلٹن ٹاور ایک مہماتی تفریحی پارک ہے۔ سبھی رائیڈز اپنی مثال آپ ہیں۔ اس میں بوٹینیکل گارڈن بھی انتہائی دلفریب منظر پیش کرتا ہے۔ ایلٹن پارک میں کانفرنس منعقد کرانے کی سہولیات بھی میسر ہیں اور گولف کورس بھی ہے۔
کاٹشوویل کا ایفٹیلنگ، ہالینڈ
ایفٹیلنگ کا تفریحی پارک طلسماتی رائیڈز کا حامل ہے۔ یہ پریوں اور جن بھوتوں کے مناظر سے بھرا ہوا ہے۔ اس میں تیس پرکشش تفریحی مقامات ہے۔ یہاں ایک تھری ڈی سینما بھی شائقین کے لیے قائم کیا گیا ہے۔ جنگل سے گزرتی پریوں والی کوسٹر لوگ بہت پسند کرتے ہیں۔ اس تفریحی پارک کو اس کے منفرد انداز کی وجہ سے بہت پسند کیا جاتا ہے۔
بیلونڈ کا لیگولینڈ، ڈنمارک
ڈنمارک کا لیگولینڈ تفریحی پارک لیگو بلاکس پر تعمیر کیا گیا ہے۔ ہر رنگ اور ہر طرح کے بلاکس سے بنائی گئی رائیڈز، عمارتیں، بحری جہاز اور موٹر کاریں لوگوں کو بے پناہ دلچسپی فراہم کرتی ہیں۔ ساٹھ ملین لیگو بلاکس کا استعمال کیا گیا ہے۔ یہ سن 1968 میں لیگو کی اصل فیکٹری کے قریب میں کھولا گیا تھا۔
گوٹن برگ کا لیزے برگ، سویڈن
سویڈن کے وسط میں ملک کا دوسرا بڑا شہرگوٹن برگ واقع ہے۔ اس شہر میں اسکینڈے نیویا کا سب سے بڑا تفریحی پارک موجود ہے۔ ہر سال قریب و دور سے تیس لاکھ لوگ اس پارک کو دیکھنے آتے ہیں۔ کئی دلچسپ اور حیران رائیڈز شائقین کے لیے بے پناہ دلچسپوں کا باعث ہیں۔ اس پارک میں نصب بلند جھولے میں بیٹھے لوگ شہر کے منظر سے بھی لطف اندوز ہوتے ہیں۔