1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی سرحدی حفاظتی ایجنسی میں جلد توسیع ناگزیر، یُنکر

3 جولائی 2018

یورپی کمیشن کے سربراہ ژاں کلود یُنکر نے کہا ہے کہ یورپی یونین کے سربراہی اجلاس میں ہوئے بلاک کی بیرونی سرحدوں کی حفاظت کے ليے معاہدے پر عمل درآمد جلد از جلد ہونا چاہيے۔

https://p.dw.com/p/30k5W
Grenzschutzagentur Frontex
تصویر: picture-alliance/dpa/C. Charisius

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے کے مطابق یہ بات یُنکر نے آج یورپی پارلیمان سے ایک خطاب میں کہی ہے۔ یورپی کمیشن کے سربراہ کا کہنا تھا کہ اس سلسلے ميں یورپی سرحدی ایجنسی فرنٹیکس میں سن 2020 تک مزید دس ہزار اہلکاروں کی بھرتی کے علاوہ اسے اضافی ہوائی اور بحری جہازوں اور زمینی ٹرانسپورٹ سے لیس کرنا بھی شامل ہے۔

یُنکر کا کہنا تھا کہ اس کام کو آئندہ کچھ دنوں یا ہفتوں میں ہو جانا چاہیے۔

یورپی کمیشن کی جانب سے یورپی یونین ممالک کی بیرونی سرحدوں کی مشترکہ حفاظت کی تجویز سن 2008 میں بھی پیش کی جا چکی ہے اور سن 2013 ، 2015 میں بھی۔ ان تجاویز کو یورپی پارلیمان کے سامنے رکھا گیا ہے۔ تاہم ماضی میں ايسے چند ايک ممالک و خطے اس تجویز کی مخالفت کرتے آئے ہيں، جہاں جرمن زبان بولی جاتی ہے۔

Jean-Claude Junker
تصویر: Picture alliance/dpa/epa/Y. Valat

یُنکر کا کہنا تھا کہ اگر ان تجاویز پر پہلے سے عمل کر لیا جاتا تو بہت سے مسائل سے بچا جا سکتا تھا۔

گزشتہ ہفتے برسلز میں ہوئے یورپی یونین کے سربراہی اجلاس میں تمام اٹھائیس ریاستوں نے غیر قانونی مہاجرت سے بچنے کے لیے یورپی بلاک کی بیرونی سرحدوں کی حفاظت کو ترجیح قرار دیتے ہوئے فرنٹیکس کی توسیع پر اتفاق کیا۔ اس سے قبل یورپی کمیشن فرنٹیکس میں مزید دس ہزار اہلکاروں کی تعیناتی سن 2027 تک کرنا چاہتا تھا تاہم اب یہ توسیع اٹھارہ ماہ میں کرنی ہو گی۔

دوسری جانب یورپی سرحدی ایجنسی فرنٹیکس کے سربراہ فابریس لیگیری کا کہنا ہے کہ گزشتہ ہفتے یورپی یونین کے سربراہی اجلاس ميں ہونے والی پيش رفت فیصلہ کن موڑ ہے۔ یہ بات انہوں نے فرانسیسی ٹی وی ’سی نیوز‘ سے بات کرتے ہوئے کہی۔ اُن کا مزید کہنا تھا کہ یورپی یونین نے ہمیشہ انسانی بنیادوں پر مدد کو ترجیح دی ہے، اس بات کو نظر انداز کرتے ہوئے کہ انسانی اسمگلر اور جرائم پیشہ افراد اس بات کا فائدہ کیسے اٹھاتے ہیں۔

ص ح / ع س / ڈی پی اے