یورپی کلبز اوزل کو اپنانے کے لئے بے تاب
19 جولائی 2010اشتہار
اوزل نے سینٹرل مڈ فیلڈ کی انتہائی اہم پوزیشن پر اپنے بہترین کھیل سے نہ صرف دنیا بھر میں بہت سے مداح پیدا کر لئے ہیں بلکہ اب ان کا شمار جرمن ٹیم کے مستقبل کے اثاثے کے طور پر کیا جانے لگا ہے۔
ورلڈ کپ کے فوری بعد ریال میڈرڈ، بارسیلونا، مانچسٹر یونائٹیڈ اور آرسنل جیسے نامی یورپی کلبز نے اوزل کو اپنی ٹیم میں شامل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ اوزل جرمنی کی بنڈس لیگا میں ویردر بریمن کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اس کلب کے ڈائریکٹر کلاؤز الوپس نے کہا ہے کہ وہ اوزل کی کسی دوسرے کلب کو منتقلی کے لئے تیار ہیں۔’’ میں سمجھ سکتا ہوں کہ آئندہ کچھ دنوں میں اوزل کے لئے کوئی کلب ہم پر بہت زیادہ دباؤ بڑھا دے گا، اگر اوزل اور ان کے منیجر کی خواہش ہوئی تو ہم پھر اس کلب کی پیش کش پر غور کریں گے۔‘‘ ویردر بریمن کے ساتھ اوزل کے چار اعشاریہ تین ملین یورو کامعاہدہ ختم ہونے میں ابھی بارہ ماہ باقی ہیں۔
شالکے اور ویردر بریمن کی نمائندگی کرتے ہوئے اوزل بنڈس لیگا میں اب تک خود 18 گول کرچکے ہیں اور سینٹر مڈ فیلڈ کی پوزیشن پر کھیلتے ہوئے متعدد گول کرنے میں کلیدی کردار ادا کرچکے ہیں۔ اکیس سالہ محسوت اوزل کے لئے آرسنل کلب کی جانب سے 20 ملین پاؤنڈ کی پیش کش کا امکان ہے۔ ریال میڈرڈ کے کوچ یوزے ماؤرینہو پہلے ہی محسوت اوزل کو اپنانے میں دلچسپی ظاہر کرچکے ہیں۔ ایسی بھی خبریں گردش میں ہیں کہ اوزل اور ریال میڈرڈ کے مابین 16 ملین یورو کے معایدے پر اصولی اتفاق ہوچکا ہے۔جرمن قومی ٹیم کی جانب سے اوزل نے پہلا میچ 11 فروری 2009ء میں ناروے کے خلاف کھیلا۔ انہوں نے گزشتہ سال ستمبر میں اپنے تیسرے بین الاقوامی میچ میں جنوبی افریقہ کے خلاف پہلا گول کیا۔
حالیہ ورلڈ کپ میں انہوں نے گھانا کے خلاف فیصلہ کن گول کرکے جرمن ٹیم کی پری کوارٹر مرحلے میں رسائی ممکن بنائی تھی۔ محسوت اوزل کو گولڈن بال کے نامزد کئے گئے دس بہترین کھلاڑیوں میں بھی شامل کیا گیا تھا۔رپورٹ: شادی خان سیف
ادارت: ندیم گِل
اشتہار