1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی کمیشن کی صدر کا یورپ کے لیے ’مارشل پلان‘ کا مطالبہ

5 اپریل 2020

یورپی یونین کے کمیشن کی جرمنی سے تعلق رکھنے والی خاتون صدر اُرزُولا فان ڈیئر لاین نے کورونا وائرس کے بحران کے تناظر میں یورپی معیشت کی جلد بحالی کے لیے ایک ’مارشل پلان‘ کا مطالبہ کر دیا ہے۔

https://p.dw.com/p/3aTcY
اسپین میں کورونا وائرس کے ہاتھوں ہلاک ہونے والو‍ں کے تابوتتصویر: Reuters/N. Doce

فان ڈیئر لاین نے کہا کہ کورونا وائرس اور اس کی وجہ سے لگنے والی بیماری کووِڈ انیس نے جس برے طریقے سے یونین کے رکن ممالک کی معیشتوں کو متاثر کیا ہے، اس کے بعد پوری یورپی یونین کی اقتصادی بحالی کے لیے رکن ممالک کے قومی بجٹ منصوبوں میں نئی وسیع تر سرمایہ کاری لازمی ہو گئی ہے۔

اس سے قبل اسپین کے وزیر اعظم نے بھی یہ کہہ دیا تھا کہ یورپی یونین کی معیشت کو اس وقت 'جنگ کے دور کی معیشت‘ کے طور پر دیکھا جانا چاہیے، جس کے بعد اقتصادی بحالی کے ایک فوری لیکن جامع پروگرام کی ضرورت ہو گی۔

دوسری عالمی جنگ کے بعد کا مارشل پلان

اس سلسلے میں متعدد یورپی رہنماؤں نے جس پروگرام کا مطالبہ کیا ہے، ان کے مطابق وہ اپنی مقصدیت میں تقریباﹰ ویسا ہی ہونا چاہیے، جیسا دوسری عالمی جنگ کے بعد مغربی یورپی ممالک کی معیشتوں کی بحالی کے لیے امریکا نے 'مارشل پلان‘ کے نام سے شروع کیا تھا۔ تب اس پروگرام پر 1948ء سے لے کر 1952ء تک عمل کیا گیا تھا۔

EU Ursula von der Leyen
یورپی معیشت کی بحالی کے لیے مارشل پلان ناگزیر ہو گیا ہے، فان ڈیئر لاینتصویر: Reuters/F. Lenoir

یورپی کمیشن کی صدر فان ڈیئر لاین نے جرمن اخبار 'وَیلٹ اَم زونٹاگ‘ میں آج شائع ہونے والے اپنے ایک مضمون میں لکھا، ''ہمیں یورپ کے لیے ایک مارشل پلان کی ضرورت ہے۔‘‘

ساتھ ہی یورپی یونین کے انتظامی بازو کی جرمن سربراہ نے مزید لکھا کہ اب یورپی بجٹ اس طرح ترتیب دیا جانا چاہیے کہ وہ کورونا وائرس کے باعث پید اہونے والے بحرانی حالات کے تدارک کے لیے نپے تلے انداز میں مددگار ثابت ہو سکے۔

اُرزُولا فان ڈیئر لاین کے مطابق، ''آج ہمیں اربوں یورو کی جس نئی سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے، وہ نہ صرف یورپی باشندوں کی مختلف نسلوں کو ایک دوسرے سے جوڑے رکھی گی بلکہ اس طرح اس بلاک کے رکن ممالک میں ایک 'برادری اور ایک بڑے یورپی خاندان‘ کا حصہ ہونے کے احساس کو بھی تقویت دی جا سکے گی۔‘‘

Symbolbild Deutschland Wiederaufbau Nachkriegszeit Marshallplan
دوسری عالمی جنگ کے بعد مغربی یورپی ممالک کی معیشتوں کی بحالی کے لیے مارشل پلان پر 1948ء سے لے کر 1952ء تک عمل کیا گیا تھاتصویر: picture-alliance/dpa

جنگ کے دور کی معیشت

یورپی کمیشن کی صدر سے قبل جرمن اخبار فرانکفُرٹر الگمائنے سائٹُنگ میں شائع ہونے والے اپنے ایک اداریے میں اسپین کے وزیر اعظم پیدرو سانچیز نے بھی یورپ کے لیے ایک نئے مارشل پلان کی حمایت کرتے ہوئے لکھا تھا، ''یورپ کو ایسے کسی نئے مارشل پلان کے علاوہ ایسے فوری اقدامات بھی کرنا چاہییں، کہ جیسے اسے فی زمانہ جنگی حالات کا سامنا ہو۔‘‘

ہسپانوی سربراہ حکومت نے لکھا، ''اگر کورونا وائرس کے لیے کوئی سرحدیں نہیں ہیں، تو پھر یورپی معیشت کی بحالی اور اس کے لیے مالی وسائل مہیا کرنے کے عمل کی بھی کوئی حدیں نہیں ہونا چاہییں۔‘‘

پیدرو سانچیز کے مطابق، ''یہی بحران ایک بہت مضبوط یورپ کی تعمیر نو کا بہترین موقع بھی ہے، جسے ضائع نہیں کیا جانا چاہیے۔‘‘

م م / ع ا (اے ایف پی، روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں