یورپی گراں پری میں فیٹل کی جیت
28 جون 2010اس فتح کے بعد ایک بیان میں ریڈ بُل ٹیم کے ڈرائیور فیٹل نے کہا، ’یہ ٹائم کا گیم ہے، ہم ٹریک پر لوٹ آئے ہیں۔ یہ آسان نہیں تھا، ہمیں اس قدر مضبوطی سے سامنے آنے کی توقع بھی نہ تھی۔‘
واضح رہے کہ ملائیشین گراں پری کے بعد سے فیٹل کی یہ پہلی جیت ہے جبکہ موناکو گراں پری کے بعد ریڈ بُل کے لئے بھی یہ پہلی فتح ہے۔ اس وقت ریڈبُل کو یہ ٹائیٹل آسٹریلوی ڈرائیور مارک ویبر نے دلایا تھا۔
یورپی گراں پری میں میکلارن ٹیم کے لیوئس ہیملٹن دوسرے نمبر پر رہے ہیں جبکہ اسی ٹیم کے جینسن بٹن تیسرے نمبر پر رہے۔ بٹن ان نو ڈرائیوروں میں سے ایک تھے، جنہیں سیفٹی کار کے ضوابط توڑنے پر پانچ سیکنڈ کی پنلٹی دی گئی۔
اتوار کو ریڈ بُل ہی کے ڈرائیور مارک ویبر ایک خطرناک حادثے میں اس وقت بال بال بچ گئے، جب 300 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے دوڑتی ان کی گاڑی الٹ گئی۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: شادی خان سیف