1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یورپی یونین میں شمولیت سے متعلق آئس لینڈ کے خدشات

9 مارچ 2010

جولائی2009ء میں آئس لینڈ کی پارلیمان نے یورپی یونین میں شامل ہونے کے حوالے سے ایک قرارداد کی حمایت کی تھی۔ اب وہاں کے عوام میں یہ سوچ زور پکڑتی جا رہی ہے کہ یورپی یونین میں سب کچھ ٹھیک نہیں ہو رہا۔

https://p.dw.com/p/MO9P
آئس لینڈ نے جولائی 2009 میں یورپی یونین میں شمولیت کے لئے باضابطہ طور پر درخواست جمع کرا ئی تھیتصویر: dpa / DW-Fotomontage

تاریخی طور پر دیکھا جائے تو آئس لینڈ نے یورپی یونین میں شامل ہونے کے بارے میں ہمیشہ ہی ہچکچاہٹ کا مظاہرہ کیا ہے۔ اس کی وجہ وہاں کی انتہائی مستحکم ماہی گیری کی صنعت ہے۔ مچھیروں کا خیال ہے کہ برسلز اس صنعت پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔ اس کا اعتراف آئس لینڈ کے وزیر خارجہ آسیور اِسکرَاپی ایون زون بھی کر چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ انہوں نے کبھی بھی اس حقیقت کو چھپانے کی کوشش نہیں کی کہ برسلز کے ساتھ بات چیت میں سب سے بڑی رکاوٹ ماہی گیر ہیں۔

Wal vor Island
آئس لینڈ کے مچھیروں کو خطرہ ہے کہ یورپی یونین ان کی ماہی گیری کی صنعت پر فبضہ کرنا چاہتی ہےتصویر: dpa - Fotoreport

تاہم اب مچھیروں کے علاوہ آئس لینڈ کے عوام میں یورپی یونین کا رکن بننے کے حوالے سے شکوک و شبہات بڑھتے جا رہے ہیں۔ اس کی وجہ شدید مالی مشکلات میں یونین کا یونان کے ساتھ برتاؤ ہے۔آئس لینڈ کے عوام کہتے ہیں کہ جب عام معاملات کی بات ہو تو یورپی یونین کا افسر شاہی نظام بہت زیادہ مداخلت کرتا ہے۔ مگرجب قرضوں سے پیدا ہونے والے بحران کا مسئلہ ہو تو یونین خاطرخواہ اقدامات نہیں کرتی۔

آئس لینڈ میں اس حوالے سے مختلف جائزے مکمل کئےگئے۔ ان سے یہ بات واضح ہوئی کہ عام خیال یہی ہے کہ اگر یورپی مالیاتی اتحاد کا رکن ہونےکے باوجود ایتھنز کے ساتھ یہ سلوک کیا جا سکتا ہے، تو خود آئس لینڈ کو کیا امیدیں وابستہ رکھنی چاہیں۔

Isländer stimmen über Schuldentilgung ab
آئس لینڈ کے عوام نے ایک ریفرنڈم میں ’آئس سیو بینک‘ کے دیوالیہ ہونے کی قیمت ادا کرنے سے انکار کر دیاتصویر: dpa

گزشتہ ماہ ہی برسلز نے رِکیاوِک حکومت کو یورپی یونین میں شامل ہونے کے سلسلے میں بات چیت کی دعوت دی تھی۔ تاہم موجودہ صورتحال میں لگتا ہے کہ آئس لینڈ کی حکومت یورپی یونین میں شامل ہونے کو زیادہ ترجیح نہیں دے رہی۔ اس وقت آئس لینڈ کے لئے’ آئس سیو بینک‘ کے متاثرین کا مسلئہ زیادہ اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ یہ بینک مالیاتی بحران کے باعث دیوالیہ ہوگیا تھا۔

ہالینڈ اوربرطانیہ کے متاثر ہونے والےصارفین رِکیاوِک حکومت سے اپنے مالی نقصان کے ازالے کے مطالبے کر رہے ہیں۔ اس نقصان کی مالیت تقریبا پانچ ارب ڈالر بنتی ہے۔ اس بارے میں گزشتہ ہفتے آئس لینڈ میں ایک ریفرنڈم بھی کرایا گیا، جس میں عوام نے ’آئس سیو بینک‘ کے دیوالیہ ہونے کی قیمت ادا کرنے سے انکار کر دیا تھا۔

آئس لینڈ پہلے ہی یورپی اقتصادی خطے میں بھی شامل ہے اور شینگن زون کا حصہ بھی ہے۔ آئس لینڈ کی پورپی یونین میں شمولیت کے حوالے سے ابھی کوئی تاریخ مقرر نہیں کی گئی۔ موجودہ صورتحال میں جولائی 2009ء میں آئس لینڈ کی پارلیمان کی جانب سے یورپی یونین کی رکنیت کے حوالے سے منظور کی گئی قرارداد پر عمل درآمد مشکل نظر آ رہا ہے۔

رپورٹ: عدنان اسحاق

ادارت : مقبول ملک

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید