1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یونان، گولڈن ڈان پارٹی کے رہنما کو جیل منتقل کر دیا گیا

عاطف بلوچ3 اکتوبر 2013

ملک کی انتہائی دائیں بازو کے نظریات رکھنے والی جماعت کے رہنما نکولاس میکالولیاکیس کے خلاف فوجداری مقدمہ شروع کرنے سے قبل انہیں ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا ہے۔ ان پر منظم مجرمانہ تنظیم بنانے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

https://p.dw.com/p/19tC0
تصویر: picture-alliance/dpa

نیوز ایجنسی اے ایف پی نے بتایا ہے کہ نیو نازی گولڈن ڈان پارٹی کے رہنما نکولاس میکالولیاکیس کو آج بروز جمعرات ایتھنز کی ایک مقامی عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں انہوں نے خود پر عائد تمام تر الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ نازی خیالات کے مالک نہیں ہیں۔ چھ گھنٹے تک جاری رہنے والی عدالتی کارروائی کے دوران انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ کسی غیر قانونی کارروائی میں ملوث نہیں ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق ان پر منی لانڈرنگ کے الزامات بھی عائد کیے گئے ہیں۔

نکولاس اور ان کی پارٹی کے چھ دیگر ممبران کو گزشتہ ویک اینڈ ایک ایسے وقت میں گرفتار کیا گیا، جب پولیس نے اینٹی فاشسٹ سنگر پاؤلوس فیسس کے قتل کی تحقیقات کے سلسلے میں پیشرفت کا دعویٰ کیا تھا۔ مقامی میڈیا نے بتایا ہے کہ اس پارٹی کے ممبران پر اٹھارہ ستمبر کو ہلاک کر دیے جانے والے بائیں بازو کے نظریات کے حامل اس سنگر کی ہلاکت کا شک بھی کیا جا رہا ہے۔

Griechenland Prozess Neonazi-Partei Goldene Morgenröte Anhänger
اپنے رہنما کی عدالت میں پیشی کے موقع پر گولڈن ڈان پارٹی کے کارکنان نعرے بازی کرتے ہوئےتصویر: Reuters

یونان میں 1967ء کی فوجی بغاوت کے بعد پہلی مرتبہ کسی منتخب پارٹی کے سربراہ کو جیل بھیجا گیا ہے۔ حکومتی ترجمان Simos Kedikoglou نے یونانی ٹیلی وژن کو بتایا ہے، ’’یونان میں عدلیہ کا نظام آزاد ہے اور وہ آئنی تقاضوں کے مطابق اپنا کام سر انجام دے رہا ہے۔‘‘ بتایا گیا ہے کہ نکولاس کو ایک ہائی سکیورٹی جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

جمعرات کو عدالتی کارروائی کے دوران عدالت کے باہر گولڈن ڈان پارٹی کے ممبران نے ایک احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔ اس مظاہرے میں نکولاس کی اہلیہ اور بیٹی بھی شامل تھیں۔ گولڈن ڈان پارٹی نے اپنے سربراہ کی گرفتاری کو یونان کی جدید سیاسی تاریخ میں ایک انتہائی ناخوشگوار ترین واقعہ قرار دیا ہے۔

یونان میں 2012ء میں منعقد کیے گئے انتخابات میں اس پارٹی نے مجموعی طور پر سات فیصد ووٹ حاصل کیے تھے اور یوں تین سو رکنی ملکی پارلیمان میں اس فاشسٹ پارٹی کے اٹھارہ ممبران کا انتخاب ممکن ہو گیا تھا۔ اس پارٹی کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق، ’’ ہمارے جنرل سیکرٹری کو جیل بھیجنا مکمل طور پر غیر آئنی اور ناجائز ہے۔‘‘ اس بیان کے مطابق یہ اقدام بیرونی طاقتوں کے زیر اثر آ کر کیا گیا ہے۔

گولڈن ڈان پارٹی کے گرفتار کیے گئے ممبران میں سے جن تین ارکین پارلیمان کو مقدمے کے آغاز سے قبل بدھ کے دن ضمانت پر رہا کیا گیا تھا، ان میں اس پارٹی کے ترجمان الیاس کازی دیاریس بھی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کازی دیاریس کو پچاس ہزار یورو کی ضمانت پر رہا کیا گیا ہے جب کہ وہ ملک سے باہر نہیں جا سکتے ہیں۔