یونانی جنگلات میں آگ، ہزاروں افراد بے گھر
23 اگست 2009جمعے کی شام لگنے والی آگ ایتھنز کے نواح تک پہنچ چکی ہے۔ یونان میں فائر بریگیڈ کا عملہ اور عام شہریوں کی بہت بڑی تعداد آگ کو بجھانے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ تیز ہواؤں کے باعث آگ کا رخ ایتھنز کے شمال میں انتہائی گنجان آباد علاقے کالیتھیا کی جانب ہے۔ یونان کی حکومت پہلے ہی ملک میں ہنگامی حالت کے نفاذ کا اعلان کر چکی ہے۔ اب تک اس آگ سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم درجنوں مکانات تباہ اور ہزاروں افراد نقل مکانی کرچکے ہیں۔ یونان میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں جنگلات میں آگ لگنے کے درجنوں واقعات ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق حالیہ آگ سن دوہزار سات میں جنگلات میں لگنے والی آگ کے بعد ملک کا سب سے بڑا اور سنگین واقعہ ہے۔ سن دوہزار سات میں یونانی جنگلات میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں اسی افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
دارالحکومت کے نواح میں تین پہاڑیاں اس آگ سے مکمل طور پر خاکستر ہو چکی ہیں۔ ماہرین کے مطابق 2007 میں لگنے والی آگ سے ماحولیات کو جو نقصان پہنچا تھا وہ اب تک پورا نہیں ہو پایا تھا کہ اب اس آگ نے اور بھی تباہی مچا دی ہے۔
آگ کی وجہ سے ایتھنز کے نواح میں خصوصی طور پر درافی، پنڈیلی، پیکرمی اور پیلینی کے علاقے متاثر ہوئے ہیں۔
یونانی خبررساں اداروں کے مطابق آگ اتنی شدید نوعیت کی ہے کہ یہ خود آگ بجھانے والے عملے کے لئے ایک بڑا امتحان دکھائی دیتی ہے۔ تاہم رپورٹروں کا کہنا ہے کہ آگ اتنے وسیع علاقے میں پھیل چکی ہے کہ اسے فوری طور پر بجھا پانا فائر بریگیڈ کے عملے کے لئے بہت مشکل ہے۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : افسر اعوان