یونس خان :گیارہ ملکوں میں سینچری بنانے والا واحد کرکٹر
5 جنوری 2017سڈنی ٹیسٹ کرکٹ گراؤنڈ پر یونس نے اُس رقت تاریخ رقم کر دی جب انہوں نے اپنی چونتیسویں سینچری مکمل کی۔ اس طرح وہ دنیا بھر میں گیارہ مختلف ملکوں میں سینچری بنانے والے واحد بیٹسمین بن گئے ہیں۔ اُن سے قبل بھارت کے راہول ڈراوِڈ تھے، جنہیں دس ملکوں میں سینچری بنانے کا اعزاز حاصل تھا۔ ان گیارہ ملکوں میں دس ٹیسٹ کھیلنے والے ملک اور گیارہواں متحدہ عرب اَمارات ہے۔
ٹیسٹ کرکٹ میں چونیس سینچریاں بنانے کے بعد وہ اب ٹیسٹ کرکٹ میں زیادہ سینچریاں بنانے والے بیٹسمینوں کی فہرست میں چھٹی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔ اس پوزیشن پر وہ ویسٹ انڈیز کے برائن لارا، سری لنکا کے مہیلا جے وردھنے اور بھارت کے لٹل ماسٹر سنیل گواسکر کے ساتھ شامل ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ سینچریاں بنانے کا ریکاڈ بھارتی بلے باز سچن ٹینڈولکر کے پاس ہے اور یہ دو سو ٹیسٹ میچوں میں اکاون سینچریاں ہیں۔
ٹیسٹ کرکٹ میں یونس خان ایک اور منفرد ریکارڈ کے بھی حامل ہیں۔ انہوں نے ملک کے اندر، دوسرے ممالک اور نیوٹرل مقام پر پچاس سے زائد کی اوسط سے رنز بنائے ہیں۔ آج کی ٹیسٹ کرکٹ تاریخ میں یہ ایک ایسا منفرد ریکارڈ ہے، جو بہت کم کرکٹرز کے حصے میں ہے۔ اسی طرح خان ٹیسٹ کرکٹ میں سینچریاں بنانے میں بھی بہتر اوسط کے حامل ہیں۔ وہ اب تک 115 ٹیسٹ میچ کھیل چکے ہیں اور ہر چھ اننگز کے بعد وہ سینچری یا نصف سینچری بنانے کا ریکارڈ رکھتے ہیں۔
یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز بنانے کے سنگ میل کے بھی قریب پہنچ چکے ہیں۔ 115 ٹیسٹ میچوں میں وہ 9925 رنز بنا چکے ہیں۔ اُن کی ٹیسٹ کرکٹ میں فی اننگ اوسط ترین فیصد سے زائد ہے۔ وہ چونتیس سینچریاں اور بتیس نصف سینچریاں مکمل کر چکے ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹ میں صرف بارہ بیٹسمین ہیں جو دس ہزار سے زائد رنز بنانے کا اعزاز رکھتے ہیں۔
یونس خان ٹیسٹ کرکٹ میں چھ ڈبل سینچریاں بھی بنا چکے ہیں اور آخری مرتبہ ڈبل سینچری انہوں نے انگلینڈ کے شہر لندن کے اوول ٹیسٹ میں بنائی تھی۔ وہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستانی ٹیم کے کپتان بھی تھے۔ یونس خان کچھ عرصے تک ٹیسٹ کرکٹ میں بھی کپتانی کی ذمہ داریاں سنبھال چکے ہیں۔