1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوکرین جنگ: نائیکی نے بھی روسی بازار کو خیر باد کہہ دیا

24 جون 2022

اسپورٹس کے لیے ملبوسات تیار کرنے والی امریکی کمپنی نائیکی نے بھی روس میں اپنے اسٹورز اور ویب سائٹ بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ میکڈونلڈ اور اسٹار بکس پہلے ہی اپنا کاروبار بند کر چکے ہیں جبکہ سسکو اس کی تیاری میں ہے۔

https://p.dw.com/p/4DABZ
China Kampagne gegen westliche Mode- und Sportfirmen
تصویر: Ng Han Guan/AP/picture alliance

 اسپورٹس کے لیے ملبوسات تیار کرنے والی امریکہ کی معروف کمپنی نائیکی نے 23 جون جمعرات کے روز اعلان کیا کہ وہ روسی بازار اچھائی کے لیے چھوڑ رہا ہے اور اپنا کاروبار یہاں دوبارہ نہیں کھولے گا۔ کمپنی نے 24 فروری کو یوکرین پر حملے کے بعد ہی کئی دنوں تک کے لیے عارضی طور پر اپنی دکانیں بند کر دی تھیں۔

نائیکی نے اپنے اس اقدام کا اعلان ایک ایسے وقت کیا ہے، جب یوکرین میں جاری جنگ کی وجہ سے مغربی ممالک کی بہت سی کمپنیاں تیزی سے روس سے باہر نکل رہی ہیں۔

نائیکی نے روس میں اپنے کاروبار کے حوالے سے کیا کہا؟

کمپنی نے اپنی ایک ای میل میں روسی مارکیٹ چھوڑنے کے بارے میں تفصیل سے وجوہات بیان کی ہیں۔ اس نے لکھا، ''نائیکی نے روسی بازار چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ ہماری ترجیح اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ آئندہ مہینوں میں جب ہم اپنا کاروبار بند کر رہے ہوں گے، تو ہمیں اپنے ملازمین کی مکمل حمایت کا خیال رکھنا ہو گا۔'' 

کمپنی کا مزید کہنا تھا کہ وہ بہت ہی جلد روس میں اپنی ویب سائٹس اور ایپس تک رسائی کو بھی معطل کر دے گی۔

 نائیکی نے پہلے ہی روس میں عارضی طور پر اپنے کچھ اسٹورز بند کر دیے تھے اور اپنے روسی خوردہ فروشوں کے ساتھ لائسنس کے معاہدوں کی تجدید نہیں کی تھی۔ تاہم اس نے ملک سے با ضابطہ انخلا کا اعلان اب کیا ہے۔

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق  نائیکی کو روس سے اپنی آمدن کا ایک فیصد سے بھی کم حصہ ملتا ہے اور اس کے اس اقدام سے اس کے کاروبار پر محض جزوی اثرات ہی مرتب ہوں گے۔ تاہم کمپنی سماجی مسائل پر جو موقف اختیار کرتی رہی ہے، اس کو اب بھی بڑی اہمیت کی نظر سے دیکھا جاتا ہے۔

USA Los Angeles Shopping
تصویر: Image of Sport/newscom/picture alliance

ماضی میں کمپنی نے امریکی فٹ بال کوارٹر بیک کولن کیپرنک کا سپورٹ کیا تھا اور امریکہ میں نسل پرستی کے خلاف احتجاج میں قومی ترانے کے دوران ان کے گھٹنے ٹیکنے کے فیصلے کی حمایت بھی کی تھی۔

کون سی دوسری کمپنیاں روس چھوڑ چکی ہیں؟

حالیہ مہینوں میں ٹیکنالوجی، تفریحی اور فنانس سے متعلق کئی مغربی کمپنیوں نے روس سے کنارہ کشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ میکڈونلڈز اور اسٹار بکس نے مارچ کے اوائل میں ہی روس میں اپنا آپریشن معطل کر دیا تھا، جبکہ ایمیزون نے بھی اسی ماہ میں روس اور بیلاروس کے ساتھ اپنا آپریشن بند کر دیا۔

ٹیلی مواصلات سے متعلق ساز و سامان تیار کرنے والی کمپنی سسکو نے بھی جمعرات کے روز ہی نائیکی کے طرز پر روس اور بیلاروس میں اپنا کاروبار سمیٹنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

غیر ملکی کمپنیوں کو ان ممکنہ نئے قوانین کے خطرے کے تحت روس سے تیزی سے نکلنے کی ترغیب دی جا رہی ہے کہ اس کے تحت ماسکو مستقبل میں ایسی کمپنیوں کے اثاثے ضبط کرنے اور ان کے خلاف مجرمانہ قسم کے جرمانے عائد کرنے کی اجازت دے سکتا ہے۔

ص ز/ ج ا (اے ایف پی، روئٹرز)

یوکرینی کسانوں کا مقابلہ بندرگاہوں کی ناکہ بندی سے

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید