1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

مشرقی یوکرین پر روسی حملوں میں کم از کم 21 افراد ہلاک

4 مئی 2022

روس نے یوکرین کے مشرقی علاقے پر فوجی کارروائیاں تیز کردی ہیں۔ اس دوران روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے اپنے فرانسیسی ہم منصب ایمانویل ماکروں سے کہا کہ وہ کییف کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہیں۔

https://p.dw.com/p/4AndU
Rauch über dem Stahlwerk von Azovstal in Mariupol
تصویر: Alexander Ermochenko/REUTERS

ڈونیٹسک خطے کے گورنر نے بتایا کہ منگل کے روز مشرقی یوکرین پر روسی حملوں میں کم از کم 21شہری ہلاک اور 27دیگر زخمی ہوگئے۔ یہ ایک ماہ کے دوران کسی ایک دن اب تک کی سب سے زیادہ ہلاکتیں ہیں۔

ڈونیٹسک کے گورنر پاولو کرائلینکونے ٹیلی گرام پر بتایا، "اودیویکا کوک پلانٹ پرروسی قابضین کی گولہ باری کے نتیجے میں کم از کم 10افراد ہلاک اور 15زخمی ہوگئے۔"

یہ کوک پلانٹ یورپ کے سب سے بڑے کوک پلانٹس میں سے ایک ہے۔ حالیہ برسوں کے دوران یوکرینی فوج کے ساتھ محاذ آراء  روسی حمایت یافتہ علیحدگی پسند فورسز اس پلانٹ کو حملے کا اکثر نشانہ بناتی رہی ہیں۔

گورنر کرائلینکو نے مزید بتایا کہ لائمن قصبے پر گولہ باری میں مزید پانچ افراد جب کہ ووگیلڈار قصبے پر گولہ باری میں چار افراد ہلاک ہوگئے۔ ان کے علاوہ ولائیکا نووسیلکا اور شینڈری گلوو گاوں میں ایک ایک شخص ہلاک ہوا۔

کرائلینکو نے بتایا کہ ایک ماہ قبل کراماٹورسک شہر میں ایک ریلوے اسٹیشن پرروسی حملے میں 59افراد کی ہلاکت کے بعد سے کسی ایک دن میں روسی فوجی کارروائیوں میں یہ ہلاکتوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔

انہوں نے کہا،"ہماری سرزمین پر کیے جانے والے ایک ایک جرم کے لیے روس کو سزا ملے گی۔"

کرائلینکو نے کہا کہ اودیویکا پرروسیوں نے اس وقت حملہ کیا جب کارخانے میں کام کرنے والے افراد اپنی ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد اپنے اپنے گھر جانے کے لیے بس اسٹاپ پر بس کے انتظار میں کھڑے تھے۔ انہوں نے کہا،"روسیوں کو یہ اچھی طرح معلوم تھا کہ وہ کس جگہ کو نشانہ بنارہے ہیں۔"

علیحدگی پسندوں کے کنٹرول والے ڈونیٹسک کے شمال میں واقع اودیویکا ایک صنعتی قصبہ ہے۔ روس نے حالیہ ہفتوں میں مشرقی ڈونباس خطے میں ان علاقوں پر حملے تیز کردیے ہیں جو کییف کے قبضے میں ہیں۔ ماسکو اب ان علاقوں پر اپنی توجہ مرکوز کررہا ہے۔

کوک ایک قسم کاایندھن ہوتا ہے جس میں کاربن کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے۔ یہ ایک اہم صنعتی پروڈکٹ ہے جس کا استعمال بالخصوص لوہے کو پگھلانے میں ہوتا ہے تاہم یہ دیگر کاموں میں بھی ایندھن کے طورپر استعمال کیا جاتا ہے۔

 Russland Frankreich Putin und Macron
تصویر: MIKHAIL KLIMENTYEV/SPUTNIK/AFP via Getty Images

ماسکو کییف کے ساتھ با ت چیت کے لیے تیارہے، پوٹن

روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے منگل کے روز اپنے فرانسیسی ہم منصب ایمانوئل ماکروں کے ساتھ ٹیلی فون پر تقریباً دو گھنٹے بات چیت کی۔

روسی خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق پوٹن نے ماکروں سے کہا کہ روس نے یوکرین کو مذاکرات کے اصولی طریقہ کار کے حوالے سے خاکہ پیش کیا ہے اور " کییف کی عدم مطابقت اور سنجیدگی سے کام کرنے کی عدم خواہش کے باوجود" اس سے بات چیت کے لیے تیار ہے۔

تاس کے مطابق پوٹن نے مغرب سے مطالبہ کیا کہ وہ یوکرین کو ہتھیاروں کی سپلائی کا سلسلہ بند کرے۔

 دونوں رہنماوں نے اس سے قبل 29 مارچ کو بات چیت کی تھی۔

ج ا/  ص ز (اے ایف پی، اے پی)

مرے ہوئے روسی فوجیوں کی شناخت فیشل ریکگنیشن کے ذریعے، لیکن یہ کام کیسے کرتا ہے؟