1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یوکرین کو مزید دفاعی امداد پر نیٹو رہنماؤں کی بات چیت

10 جولائی 2024

نیٹو کے رہنما واشنگٹن میں سربراہی اجلاس کے دوران آج بدھ کو روس کے خلاف جنگ میں یوکرین کو مزید دفاعی امداد فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

https://p.dw.com/p/4i5s7
یوکرین کو 43 بلین ڈالر کی فوجی امداد کی اسٹولٹن برگ کی تجویز پچھلے کافی عرصے سے متعدد رکاوٹوں کا شکار ہے
یوکرین کو 43 بلین ڈالر کی فوجی امداد کی اسٹولٹن برگ کی تجویز پچھلے کافی عرصے سے متعدد رکاوٹوں کا شکار ہےتصویر: Yves Herman/REUTERS

یہ بات چیت دوسری عالمی جنگ کے اختتام اور سرد جنگ کے آغاز کے بعد قائم ہونے والے مغربی دفاعی اتحاد، نیٹو کی منگل کے روز منعقد 75 ویں سالگرہ تقریبات کے بعد ہو رہی ہے۔

توقع ہے کہ نیٹو ملکوں کے سربراہان نیٹو کے رخصت پذیر سکریٹری جنرل جینس اسٹولٹن برگ کی اس تجویز پر غور کریں گے جس میں کییف کو سن 2025 میں 43 بلین ڈالر کی فوجی امداد فراہم کرنے کا منصوبہ پیش کیا گیا ہے۔ فروری 2022 میں روسی حملے کے بعد سے نیٹو کے اراکین یوکرین کی بھرپور حمایت کررہے ہیں۔

نیٹو کے سربراہی اجلاس سے قبل جو بائیڈن کا دفاعی انداز

نیٹو کا یوکرین کے لیے 100بلین یورو کا فوجی فنڈ زیر غور

اسٹولٹن برگ کے مطابق نیٹو کو روس کو اس بات پر قائل کرنے کی ضرورت ہے کہ وہ یوکرین کے خلاف جنگ نہیں جیت سکتا، کیونکہ مغربی ممالک کییف کے ساتھ ہیں۔

یوکرین کو 43 بلین ڈالر کی فوجی امداد کی اسٹولٹن برگ کی یہ تجویز پچھلے کافی عرصے سے متعدد رکاوٹوں کا شکار ہے۔

وولودیمیر زیلنسکی کو امید ہے کہ نیٹو کے رہنما کییف کے لیے مضبوط فوجی حمایت کا بھی اعلان کریں گے
وولودیمیر زیلنسکی کو امید ہے کہ نیٹو کے رہنما کییف کے لیے مضبوط فوجی حمایت کا بھی اعلان کریں گےتصویر: Kevin Mohatt/REUTERS

یوکرینی صدر امداد کے تئیں پرامید

واشنگٹن سربراہی اجلاس میں شریک یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے امید ظاہر کی کہ 32 رکنی نیٹو ممالک کے رہنما یوکرین کو نیٹوکی رکنیت پر اپنا موقف واضح کریں گے۔

یوکرین کی قیادت کو امید ہے کہ نیٹو کے رہنما کییف کے لیے مضبوط فوجی حمایت کا بھی اعلان کریں گے۔

روس کے خلاف یوکرینی کامیابیاں ’بڑی پیش رفت‘ ہیں، نیٹو

نیٹو کی رکنیت کے لیے دعوت نہ ملنے پر یوکرینی صدر ناراض

خیال رہے کہ یوکرین سن 2019 سے ہی نیٹو کی رکنیت کو اپنے قومی عزائم میں شامل کررکھا ہے۔ لیکن اس کے لیے نیٹو کے موجودہ تمام رکن ممالک کی متفقہ رضامندی ضروری ہے۔

نیٹو کے سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکہ اور جرمنی یوکرین کو جلد بازی میں نیٹو میں شمولیت کے خلاف ہیں۔

نیٹو کے سفارتی ذرائع کے مطابق امریکہ اور جرمنی یوکرین کی طرف سے تمام ضروری پیشگی شرائط مکمل کیے بغیر اسے رکنیت دینے کے"سخت مخالف" ہیں۔

اس دوران اسٹولٹن برگ نے امید ظاہر کی کہ یوکرین اگلے دس برسوں میں نیٹو میں شامل ہو جائے گا۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے اعلان کیا کہ امریکہ یوکرین کو اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے مزید پانچ ایئر ڈیفنس سسٹم فراہم کرے گا
امریکی صدر جو بائیڈن نے اعلان کیا کہ امریکہ یوکرین کو اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے مزید پانچ ایئر ڈیفنس سسٹم فراہم کرے گاتصویر: Yves Herman/REUTERS

امریکہ کا یوکرین کو ایئر ڈیفنس سسٹم دینے کا اعلان

امریکی صدر جو بائیڈن نے نیٹو کاسربراہی اجلاس شروع ہونے سے ایک دن قبل منگل کے روز اعلان کیا کہ امریکہ روس کی"جارحیت کا شکار" یوکرین کو اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے مزید پانچ ایئر ڈیفنس سسٹم فراہم کرے گا۔ ان میں زمین سے فضا کو محفوظ بنانے والے پیٹریاٹ دفاعی نظام کی تین اضافی بیٹریاں بھی شامل ہیں۔

امریکہ کے فراہم کردہ یہ میزائل لگ بھگ 300 کلو میٹر تک ہدف کو نشانہ بنا سکتے ہیں جب کہ یوکرین کے پاس موجود میزائل اس کے مقابلے میں نصف فاصلے پر ہدف کو نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

امریکہ یوکرین کو دفاعی اخراجات کے لیے اربوں ڈالر کی امداد پہلے بھی دے چکا ہے جس میں گزشتہ ہفتے منظور کیے گئے دو ارب 20 کروڑ ڈالر کا یوکرین اسسٹنس انیشیئٹو پیکیج بھی شامل ہے۔اس پیکیج کے تحت یوکرین کے لیے درمیانے فاصلے تک ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائلوں سے محفوظ رہنے کے لیے دفاعی نظام اور پیٹریاٹ ایئر ڈیفنس سسٹم کی خریداری ممکن ہو سکے گی۔

 ج ا/ ص ز (ڈی پی اے، اے پی، اے ایف پی، روئٹرز)