یوکرینی وزیر داخلہ سمیت 18 افراد ہیلی کاپٹر حادثے میں ہلاک
18 جنوری 2023یوکرین کے دارالحکومت کییف کے شمال مشرقی نواحی علاقے بروویری کے مقامی حکام نے بتایا کہ بدھ کو صبح کے وقت ایک ہیلی کاپٹر ایک کنڈر گارٹن اور ایک رہائشی عمارت پر گر گیا۔
علاقائی گورنر کے مطابق اس حادثے میں 15بچوں سمیت 29 دیگر افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ملکی پولیس کے سربراہ نے بتایا کہ وزیر داخلہ ڈینیز مونسٹائرسکی اس حادثے میں ہلاک ہوگئے۔ صدر وولودیمیر زیلنسکی نے سن 2021 میں انہیں وزیر داخلہ کے عہدے پر مقرر کیا تھا۔ حادثے میں وزیر داخلہ کے اول نائب یوہینی اینن اور وزارت کے ریاستی سکریٹری کی بھی موت ہو گئی۔
پولیس سربراہ ایہور کلائمینکو نے بتایا، "بروویری میں حادثے کے نتیجے میں یوکرین کی وزارت داخلہ کی قیادت ہلاک ہوگئی۔ وہ ریاستی ایمرجنسی سروس کے ایک ہیلی کاپٹر پر سوار تھے۔"
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی ویڈیوز میں عمارت کو جلتے اور لوگوں کو چیختے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
یوکرین میں برطانوی ٹینک بھی جل جائیں گے، کریملن کے ترجمان کا موقف
کییف صوبے کے گورنر اولیکسی کولیبا نے میسیجنگ ایپ ٹیلی گرام پر لکھا،"جس وقت یہ سانحہ پیش آیا کنڈرگارٹن میں بچے اور اسٹاف موجود تھے۔"
حادثہ کیسے پیش آیا؟
فوری طور پر یہ واضح نہیں ہے کہ یہ ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار کیوں ہوا۔ روس نے بھی فوری طورپر اس حادثے کے حوالے سے کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
خیال رہے کہ اس وقت روسی فوجیں یوکرین کے مختلف علاقوں پر حملے کررہی ہیں۔ تاہم یوکرینی حکام نے بھی حادثے کے وقت مذکورہ علاقے میں کسی روسی حملے کا کوئی ذکر نہیں کیا ہے۔
دارالحکومت کییف ایک بار پھر دھماکوں سے گونج اٹھا
یوکرینی فضائیہ کے ترجمان یویری اہنات نے اپوسٹروف ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا،" بدقسمتی سے ریاستی ایمرجنسی سروس کے ایک ہیلی کاپٹر کے ساتھ ایسا ہوا جو اپنی ذمہ داریاں ادا کر رہا تھا۔"
صدر کا اظہار تعزیت
یوکرین کے صدارتی دفتر سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر محاذ جنگ کی جانب جا رہا تھا۔
صدر وولودیمیر زیلنسکی کے مشیر انٹون گیراشچینکوف نے حادثے پر ایک ٹوئٹ میں کہا، "میرے رفقاء کار، میرے دوست، یہ ایک بہت بڑا سانحہ اور نقصان ہے۔ ان سب کے اہل خانہ کو ہماری دلی تعزیت۔"
وزیر داخلہ،42 سالہ مونسٹائرسکی پیشے سے وکیل تھے، انہیں جولائی 2021 میں یوکرین کا وزیر داخلہ بنایا گیا تھا۔ وہ صدر زیلنسیکی کی جماعت کے ایک کلیدی رکن تھے۔
'ہم مذاکرات کے لیے تیار ہیں'، روسی صدر ولادیمیر پوٹن
یورپی کونسل کے صدر چارلس مائیکل نے ٹوئٹر پر ایک بیان میں کہا کہ "ڈینیزمونسٹائرسکی یورپی یونین کے ایک عظیم دوست تھے۔ ہم اس ہیلی کاپٹر حادثے کے سانحے پر یوکرینی عوام کے غم میں شریک ہیں۔"
ج ا/ ص ز (روئٹرز، اے پی، اے ایف پی، ڈی پی اے)