1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
سیاستیوکرین

یوکرینی ہسپتال پر حملے کے بعد امریکہ کا فضائی دفاع کا اعلان

9 جولائی 2024

روس کی طرف سے فضائی حملوں میں یوکرین کے کئی شہروں کو نشانہ بنائے جانے کے بعد امریکی صدر بائیڈن نے یوکرین کی فضائی دفاعی صلاحیتوں کو مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔ روسی حملے کا نشانہ کییف میں بچوں کا ایک ہسپتال بھی بنا۔

https://p.dw.com/p/4i3Ac
کییف کے ہسپتال پر روسی حملے کے بعد کا منظر
تصویر: Evgeniy Maloletka/AP Photo/picture alliance

روس نے یوکرین کے 38 ڈرون تباہ کر دیے

روسی وزارت دفاع نے آج منگل نو جولائی کو بتایا ہے کہ روس کے فضائی دفاعی نظام نے پیر اور منگل کی درمیانی شب یوکرین کی جانب سے داغے گئے 38 ڈرونز کو مار گرایا۔

روسی وزارت دفاع کی طرف سے ٹیلی گرام پر جاری بیان میں کہا گیا روسی فضائی دفاعی نظام نے بیلگورود خطے میں تین، کرسک کے علاقے میں سات، ورونیز میں دو، روستوف خطے میں 21 اور اسٹراخان خطے میں پانچ ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔

یوکرین پر روسی میزائل حملوں میں تیس سے زائد ہلاکتیں

جرمن چانسلر کی یوکرین جنگ میں 'ملوث' نہ ہونے کی ضمانت

روس کے سرحدی علاقے بیلگورود میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یوکرین کے فضائی حملوں میں کم از کم چار افراد ہلاک بھی ہوئے۔

بیلگورود کے میئر  ویاچیسلاف گلاڈکوف نے ٹیلی گرام پر ایک بیان میں لکھا، ''بیلگورود کے علاقے کے لیے گزشتہ 24 گھنٹے بہت ہی تکلیف دہ اور مشکل رہے۔ اس دوران چار افراد ہلاک جبکہ 20 زخمی ہوئے۔ 17 افراد طبی مراکز میں زیر علاج ہیں، جن میں سے دو کی حالت تشویشناک ہے۔‘‘

بیلگورود کے میئر نے اس سے قبل کہا تھا کہ یوکرین کی فوج نے پورے علاقے میں رات بھر حملے کیے۔

یوکرینی ڈرون حملے کے بعد روسی بجلی گھر میں آگ بھڑک اٹھی

روسی حکام کے مطابق روس کے جنوب مغربی علاقے روستوف میں بجلی کے ایک اسٹیشن میں آگ لگ گئی۔

روستوف کے گورنر واسیلی گولوبیف نے کہا ہے کہ یوکرین نے گزشتہ رات گئے درجنوں ڈرون داغے۔

ٹیلی گرام میسجنگ ایپ پر ایک پوسٹ میں کہا گیا ہے، ''روڈیونوو نیسویٹاسکی کے علاقے میں فضائی حملے کے نتیجے میں بجلی کے سب اسٹیشن میں دو ٹرانسفارمرز میں آگ لگ گئی۔‘‘

کییف کے ہسپتال پر حملے کے بعد کا منظر
جرمنی کے وزیر صحت کارل لاؤٹرباخ نے کییف کے چلڈرن اسپتال پر روسی حملے سے متاثر ہونے والے یوکرینی بچوں کے لیے مدد کی پیش کش کی ہے۔تصویر: Efrem Lukatsky/AP Photo/picture alliance

واسیلی گولوبیف کے مطابق روسی فضائی دفاعی نظام نے درجنوں ڈرون ز کو تباہ کیا۔

روستوف کی سرحدیں مشرقی یوکرین کے ڈونیٹسک اور لوہانسک علاقوں سے ملتی ہیں۔

امریکہ یوکرین کے فضائی دفاع کو مضبوط بنائے گا، بائیڈن

امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا ہے کہ یوکرین کے کئی شہروں پر روس کے مہلک میزائل حملے ''روس کی بربریت کی ہولناک یاد دہانی ہیں۔‘‘

یوکرین کے حکام کے مطابق ان حملوں میں 37 افراد ہلاک اور 154 زخمی ہوئے۔

حملوں کا نشانہ بننے والے مقامات میں یوکرینی دارالحکومت کییف میں بچوں کا ایک ہسپتال بھی شامل ہے جو یوکرین میں اپنی نوعیت کا سب سے بڑا ہسپتال ہے۔

بائیڈن نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکہ اور نیٹو اتحادی ممالک یوکرین کے فضائی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے نئے اقدامات کا اعلان کریں گے۔

بائیڈن نے مزید کہا: ''یہ اہم ہے کہ دنیا اس اہم وقت میں یوکرین کے ساتھ کھڑی رہے اور ہم روسی جارحیت کو نظر انداز نہ کریں۔‘‘

تاہم امریکی صدر نے یہ واضح نہیں کیا کہ یوکرین کے دفاعی نظام کو مضبوط بنانے کے لیے کون سا نظام فراہم کیا جا سکتا ہے۔

اس سے قبل یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے کہا تھا کہ یوکرین کو روسی حملوں کو روکنے کے لیے کم از کم سات پیٹریاٹ میزائل بیٹریوں کی ضرورت ہے۔

جون میں اٹلی میں منعقد ہونے والے جی سیون سربراہ اجلاس کے موقع پر جو بائیڈن نے کہا تھا کہ پانچ ممالک نے یوکرین کو 'نسبتاﹰ جلد‘ اضافی فضائی دفاعی نظام فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے۔

امریکہ، برطانیہ اور پولینڈ کا یوکرین کی حمایت پر زور

اس سے قبل یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی اور پولینڈ کے وزیر اعظم ڈونلڈ ٹسک نے پیر آٹھ جولائی کو پولینڈ کے دارالحکومت وارسا میں دو طرفہ سکیورٹی معاہدے پر دستخط کیے۔

یہ معاہدہ پولینڈ کے جنگی جہازوں کو یوکرین کی فضائی حدود سے گزرتے ہوئے پولینڈ کی سمت میں داغے جانے والے کسی بھی روسی میزائل کو مار گرانے کی اجازت دینے کے منصوبے کی راہ ہموار کرتا ہے۔

اسی دوران روسی حملوں میں یوکرین کے متعدد شہروں کو نشانہ بنائے جانے کے بعد یوکرین کے کچھ مزید اتحادیوں نے بھی کییف کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے ترجمان جان کربی نے کہا ہے کہ نیٹو کا فوجی اتحاد یوکرین کے ساتھ اپنی فوجی اور سیاسی شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے اہم نئے اقدامات کا اعلان کرے گا۔

روس سے متصل یوکرینی علاقوں میں زندگی ممکن ہی نہیں رہی

انہوں نے کہا کہ امریکی صدر جو بائیڈن رواں ہفتے اپنے یوکرینی ہم منصب وولادیمیر زیلنسکی کے ساتھ ایک تقریب کی میزبانی کریں گے جس میں کئی 'بڑے اعلانات‘ ہوں گے۔

برطانیہ کے نئے وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی نے یوکرین کے لیے بھرپور مدد فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

جرمنی کے وزیر صحت کارل لاؤٹرباخ نے کییف کے چلڈرن اسپتال پر روسی حملے سے متاثر ہونے والے یوکرینی بچوں کے لیے مدد کی پیش کش کی ہے۔

یوکرین پر پیر کو روسی حملوں کے دوران کیا ہوا؟

روس نے پیر آٹھ جولائی کو یوکرین کے دارالحکومت کییف سمیت پانچ شہروں کو نشانہ بنایا۔

یوکرین کے صدر وولودیمیر زیلنسکی نے کہا ہے کہ روس نے یوکرینی دارالحکومت کییف کے ساتھ ساتھ ملک کے جنوبی اور مشرقی قصبوں اور شہروں پر درجنوں میزائل داغے۔

زیلنسکی نے کہا کہ تین بچوں سمیت کم از کم 37 افراد ہلاک اور 170 سے زائد زخمی ہوئے۔

یوکرین کے اتحادیوں کی جانب سے ان حملوں کی مذمت کی گئی۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے روس پر ''جان بوجھ کر سویلین انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے‘‘ کا الزام عائد کیا جبکہ یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ جوزیپ بوریل نے روس کی جانب سے یوکرین کے شہریوں کو 'بے رحمی سے نشانہ بنانے‘ کی مذمت کی۔

یوکرین کے لیے اقوام متحدہ کی انسانی امداد کی کوآرڈینیٹر ڈینس براؤن نے زور دے کر کہا کہ بین الاقوامی انسانی قانون کے تحت ہسپتالوں کو خصوصی تحفظ حاصل ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل آج منگل نو جولائی کو روسی حملوں کے تناظر میں ایک خصوصی اجلاس بھی منعقد کر رہی ہے جو برطانیہ، فرانس، ایکواڈور، سلووینیا اور امریکہ کی درخواست پر بلایا گیا ہے۔

یوکرین جنگ: کیا روس کے پاس ٹینکوں کی قلت ہو گئی؟

روس نے ان الزامات کی تردید کی ہے کہ اس نے سویلین انفراسٹرکچر کو نشانہ بنایا اور اصرار کیا کہ اس نے فوجی اہداف کو نشانہ بنایا۔ ماسکو کی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا ہے کہ کیف میں نقصان 'یوکرین کے فضائی دفاعی میزائل‘ کی وجہ سے ہوا ہے۔

 

ا ب ا/ا ا (اے پی، اے ایف پی، روئٹرز، ڈی پی اے)