1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

یکم اکتوبر کواپنی سیاسی جماعت کا باقاعدہ اعلان: پرویزمشرف

15 ستمبر 2010

پاکستان کے سابق صدر اور چیف آف دی آرمی سٹاف جنرل پرویز مشرف نے کہا ہے کہ وہ بہت جلد اپنی سیاسی جماعت کا اعلان کر دیں گے۔ پرویز مشرف کے بقول انہیں نوجوانوں کی بڑی تعداد میں سپورٹ حاصل ہے۔

https://p.dw.com/p/PD0F
تصویر: AP

ہانگ کانگ میں سرمایہ کاروں کے ایک سالانہ فورم سے خطاب کے بعد ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف نےمیڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ یکم اکتوبر کو ایک نئی سیاسی جماعت کا اعلان کرنے والے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب پاکستان میں ایک نئے سیاسی کلچر کو متعارف کرانا ہوگا۔

67 سالہ ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف سے، جو خودساختہ جلاوطنی اختیار کرتے ہوئے ان دنوں لندن میں رہائش پذیر ہیں، جب یہ پوچھا گیا کہ کیا پاکستان میں 1999ء میں ایک منتخب سیاسی حکومت کو ہٹا کر اقتدار سنبھالنے پر ان کے خلاف ممکنہ قانونی چارہ جوئی ان کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنے گی، تو انہیں نے اسے خارج از امکان قرار دیا۔ پرویز مشرف کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ پاکستان کے بعض سیاسی عناصر ان کے خلاف ہیں اور اس طرح کے غیر حقیقی مقدمات انہی کی طرف سے دائر کئے گئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ انہیں اس بات کا پورا یقین ہے کہ ان کی وطن واپسی پر کچھ بھی نہیں ہوگا۔

Pakistan Ehemaliger Premierminister Nawaz Sharif
سال 1999ء میں جنرل پرویز مشرف نے بطور آرمی چیف اس وقت کے منتخب وزیراعظم نوازشریف کو ہٹا کر اقتدار سنبھال لیا تھا۔تصویر: AP

سابق پاکستانی صدر پرویز مشرف سال 2013ء میں ہونے والے اگلے انتخابات میں شرکت کا ارادہ رکھتے ہیں۔ تاہم انہوں نے اس بات کا کوئی اشارہ نہیں دیا کہ وہ اپنی متوقع سیاسی جماعت، جسے آل پاکستان مسلم لیگ کا نام دیا گیا ہے، قیام کہاں عمل میں لائیں گے۔ تاہم پاکستانی مبصرین کے مطابق اس جماعت کا قیام لندن ہی میں عمل میں لایا جائے گا۔

سال 1999ء میں جنرل پرویز مشرف نے بطور آرمی چیف اس وقت کے منتخب وزیراعظم نوازشریف کو ہٹا کر اقتدار سنبھال لیا تھا۔ وہ سال 2001ء سے ملک کے صدر رہے اور 2008ء میں اپنے عہدے سے استعفےٰ دینے کے بعد سے لندن میں قیام پذیر ہیں۔

پاکستان کے ایک معروف سیاسی مبصر اور کراچی یونیورسٹی کے شعبہ بین الاقوامی تعلقات کے پروفیسر مطاہر احمد کے بقول پرویز مشرف، موجودہ صدرآصف علی زردادی کی غیرمقبول حکومت کے باوجود ان کے لئے کوئی بڑا خطرہ ثابت نہیں ہوں گے۔ پروفیسر مطاہر کے مطابق پاکستان کی تاریخ میں ریٹائرڈ فوجی جرنیل کبھی بھی سیاست کے میدان میں کامیاب نہیں ہو پائے، لہٰذا ان کی سیاسی زندگی جلد ہی اختتام پذیر ہوگئی۔

سوشل نیٹ ورکنگ ویب سائٹ فیس بک پر سابق صدر پرویز مشرف کے پیج کو نوجوانوں کی طرف سے بڑے پیمانے پر پذیرائی ملی ہے۔ پرویز مشرف نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ فیس بک پر ان کے مداحوں کی 80 فیصد تعداد 18 سے 34 برس کے افرادکی ہے اور یہ وہ نوجوان ہیں، جو آنے والے وقتوں میں ملک کی تقدیر بدلیں گے۔

رپورٹ : افسر اعوان

ادارت : امجدعلی