یہودی دانشور کا ہٹلر سے موازنہ، میکسیکن صدر تنقید کی زد میں
1 جولائی 2022میکسیکو کے صدر مانوئل لوپیز اوبراڈور نے اپنے ایک ناقد، کالم نویس اور تجزیہ کار کارلوس الازراکی پر نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی سوچ 'ہٹلرکی طرح‘ ہے۔
صدر اوبراڈور نے بدھ کے روز یہ تبصرہ اس وقت کیا تھا، جب حکومت کی جانب سے معمول کی ایک پریس کانفرنس کے دوران ایک ایسی ویڈیو دکھائی گئی، جس میں الازراکی کو ملکی اپوزیشن سیاست دانوں کے ساتھ تبادلہ خیال کرتے ہوئے دیکھا اور یہ کہتے ہوئے سنا بھی جا سکتا تھا کہ میکسیکو وینزویلا کے مہاجرین کو ایک نئے ہوائی اڈے پر کسی بھی طرح کی سفری دستاویزات کے بغیر ہی آنے کی اجازت دے رہا ہے۔ ملکی حکومت ایسے کسی بھی طرز عمل یا فیصلے کی تردید کرتی ہے۔
صدر مانوئل لوپیز اوبراڈور نے کارلوس الازراکی کے اس بیان پر کہا تھا،''وہ ہٹلر کی طرح انتہائی قدامت پسند ہیں۔‘‘
میکسیکو کی یہودی برادری نے اپنے ایک بیان میں صدر اوبراڈور کے اس تبصرے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کسی کے لیے بھی'ہٹلر کی طرح‘ کی اصطلاح کا استعمال قابل قبول نہیں ہے، ''عالمی تاریخ کی بدترین اور خون کی پیاسی حکومت کے ساتھ کسی بھی طرح کا موازنہ افسوس ناک اور ناقابل قبول ہے۔‘‘
میکسیکو کے بعض اپوزیشن رہنماؤں نے بھی ملکی صدر کے اس بیان پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ اپوزیشن رکن پارلیمان سانتیاگو کریل نے ایک ٹویٹ میں لکھا، ''یہودی برادری کی ایک معروف شخصیت کو 'ہٹلر کی طرح‘ قرار دینا انتہائی مضحکہ خیز اور خلاف معمول ہے۔‘‘
صدر اوبراڈور اپنے بیان پر قائم
میکسیکو کے صدر اوبراڈور نے ملکی یہودی کمیونٹی کی جانب سے اس اعتراض کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے 'الازراکی کا ان کی سیاسی ذہنیت کی وجہ سے ہٹلر کے ساتھ درست موازنہ‘ کیا تھا۔
انہوں نے اپنی پریس کانفرنس کے دوران مزید کہا، ''الازراکی ہٹلر کی سوچ کے پیروکار ہیں۔‘‘ انہوں نے اس حوالے سے نازی پروپیگنڈا چیف جوزف گوئبلز اور رائے عامہ کو متاثر کرنے کے لیے ان کی جانب سے دیے جانے والے جھوٹے بیانات کا بھی ذکر کیا۔
اوبراڈور نے اپنے موقف کی تائید میں سن 2021 کا ایک ویڈیو کلپ بھی دکھایا، جس میں الازراکی نے کہا تھا کہ ملکی صدر کی حکمران جماعت نیشنل ری جنریشن موومنٹ (مورینا) کو ہرانے کا اہم طریقہ یہ ہے کہ جھوٹ کا استعمال اور ان کے خلاف پروپیگنڈا کیا جائے۔
میں نے معاف کر دیا، الازراکی
کارلوس الازراکی کا کہنا ہے کہ ویڈیو کلپ میں ان کے حوالے سے دکھایا گیا بیان پس منظر سے الگ کر کے پیش کیا گیا ہے۔ وہ دراصل مورینا سے مقابلہ کرنے کے طریقہ کار کی وضاحت کر رہے تھے اور یہ بتانے کی کوشش کر رہے تھے کہ پروپیگنڈا کو اسی طرح استعمال کیا جا سکتا ہے، جیسا کہ میکسیکو میں حکمران جماعت کرتی ہے۔
الازراکی نے جمعرات کے روز ٹوئٹر پر ایک ویڈیو پوسٹ کر کے صدر مانوئل لوپیز اوبراڈور کے بیان کی مذمت کی۔ اپنے بیان میں انہوں نے تاہم کہا کہ وہ اپنی توہین کے لیے ملکی صدر کو معاف کرتے ہیں، ''کیونکہ آپ نہیں جانتے کہ آپ کیا کر رہے ہیں۔‘‘
دریں اثنا صدر اوبراڈور نے کہا کہ الازراکی کے ساتھ ان کے دیرینہ اختلافات تو ہیں تاہم وہ یہودی برادری کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا، ’’یہودی برادری میں میرے بہت سے اچھے دوست ہیں۔‘‘
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق میکسیکو میں یہودیوں کی آبادی تقریباً 59 ہزار ہے۔ یہودی نسل کی خاتون سیاست دان کلاؤڈیا شائن باؤم میکسیکو سٹی کی میئر ہیں۔ وہ صدر اوبراڈور کی ایک قریبی اتحادی اور ان کی ممکنہ جانشین بھی ہیں۔
کارلوس الازراکی نے اپنی ایک ٹویٹ میں لکھا، ’’میں ہٹلر نہیں ہوں، شائن باؤم کی طرح میں بھی یہودی ہوں۔‘‘
ج ا / ر ب (روئٹرز، اے ایف پی)