آپ نے پاکستانی عوام کا دل جیت لیا ہے، عمران خان
21 مارچ 2019پاکستانی وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق عمران خان نے نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسینڈا آرڈن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس ملک کی انتظامیہ کی جانب سے مسلمانوں کو دی جانے والی عزت اور احترام کو دل سے سراہتے ہیں۔ پاکستانی وزیر اعظم نے اپنی ہم منصب سے گفتگو میں مزید کہا کہ انہوں نے اسلامو فوبیا اور عالمی سطح پر بڑھتی شدت پسندی کے باوجود عالمی رہنماؤں کو ایک درست راستہ اپنانے کا سبق دے دیا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ وہ پاکستانی عوام کی جانب سے ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں اور یہ کہ جیسینڈا آرڈن نے اپنے موقف سے کئی پاکستانیوں کا دل جیت لیا ہے۔
نیوزی لینڈ میں چند روز قبل ایک سفید فام دہشت گرد نے دو مساجد پر فائرنگ کر کے قریب پچاس افراد کو ہلاک کر دیا تھا۔ ان میں نو پاکستانی باشندے بھی شامل تھے۔ نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم نے اس حملے میں متاثرہ افراد سے ملاقات کی، انہیں گلے لگایا اور ایک بے مثال انداز میں ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ انہوں نے اس حملے کو دہشت گردانہ حملہ قرار دیا اور اپنی تقاریر میں کہا کہ نیوزی لینڈ میں بسنے والے مسلمان اس ملک کا حصہ ہیں اور ہر صورت میں ان کا تحفظ کیا جائے گا۔
جیسینڈا آرڈن نے پاکستانی وزیر اعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے اس حالیہ واقع کے بعد ان کا ملک سکتے میں ہے۔ انہوں نے پاکستانی نژاد شہری نعیم رشید کی بہادری کو بھی سراہا جو دوسروں کو بچانے کے لیے حملہ آور سے اُس کا اسلحہ چھیننے کی کوشش میں اپنی جان سے گئے۔